ممبئی پولیس کی جانب سے مسلسل فون کی وجہ سے بینکر کو کیرالا سے ممبئی واپس آنا پڑا ، کنال کامرا کا اظہار ہمدردی ، اپنے خرچ پر دوبارہ ہالی ڈے پر بھیجنے کا وعدہ
EPAPER
Updated: April 02, 2025, 11:15 PM IST | Mumbai
ممبئی پولیس کی جانب سے مسلسل فون کی وجہ سے بینکر کو کیرالا سے ممبئی واپس آنا پڑا ، کنال کامرا کا اظہار ہمدردی ، اپنے خرچ پر دوبارہ ہالی ڈے پر بھیجنے کا وعدہ
جرأت مند اسٹینڈ اپ کامیڈین کنال کامرا کے شو میں شریک ہونے والے ان کے مداحوں سے پوچھ تاچھ کا سلسلہ ممبئی پولیس نے شروع کردیا ہے کیوں کہ وہ اب تک کنال کامرا پر ہاتھ نہیں ڈال سکی ہے۔اسی دوران یہ خبر سامنے آئی ہے کہ ممبئی پولیس کی جانب سے مسلسل فون کرکے ہراساں کرنے کے بعد کامرا کے شو میں شریک ہونے والے ایک بینکر اپنی چھٹیاں مختصر کرکے ممبئی لوٹ آئے تاکہ پولیس کے سوالوں کا جواب دے سکیں۔ کنال کامرا نے یہ بات معلوم ہونے پر نہ صرف اس بینکر سے معذرت کی ہے بلکہ وعدہ بھی کیا ہے کہ وہ اپنے خرچ پر انہیں دوبارہ ہالی ڈے پر بھیجیں گے ۔
نوی ممبئی کے کھار گھر سے تعلق رکھنے والے بینکر (نام ظاہر نہیں کیا گیا ہے) نے بتایا کہ وہ ۲۱؍ مارچ کو ۱۷؍ دنوں کی چھٹیوں پر تمل ناڈو اور کیرالا گئے تھے۔ انہیں ۶؍ اپریل کو ممبئی واپس آنا تھا لیکن انہیں ۲۸؍ مارچ کو ممبئی پولیس کا فون آیا کہ وہ ۳۰؍ مارچ تک پیش ہو جائیں تاکہ ان کا بیان درج کیا جاسکے۔ انہوں نے پولیس کو بتایا کہ وہ چھٹیوں پر ہیں ۶؍ اپریل کو واپس آئیں گے۔ تب وہ اپنا بیان درج کروادیں گےلیکن پولیس نے بات نہیں مانی اور انہیں بار بار فون کرنے لگی جس کے بعد مجبوراً انہیں اپنی چھٹی مختصر کرنی پڑی۔
بینکر نے بتایا کہ کرائم برانچ کے جس افسر نے انہیں فون کیا تھا وہ بار بار دھمکی دے رہا تھا کہ اگر میں جلد از جلد واپس نہیں آیا تو وہ کھارگھر میں میرے گھر پہنچ جائے گا اور وہاں کے سبھی لوگوں کو پولیس اسٹیشن بلائے گا۔ اسی وجہ سے میں فوراً واپس آیا ۔ میں نے اس آفیسر کو بتایا کہ میں نے وہ ٹکٹ آن لائن بک کیا تھا اور اس کا میرے پاس ثبوت بھی ہے لیکن وہ پولیس افسر مجھ پر شبہ کررہا تھا کہ میں تمل ناڈو میں کیوں ہوں؟ اور کیا میں نے ہی کامرا کا وہ ویڈیو ایڈیٹ کیا ہے؟
یہ بات سامنے آنے کے بعد کنال کامرا نے ٹویٹ کیا اور اس بینکر سے اظہار ہمدردی کی ۔ ساتھ ہی وعدہ کیا کہ وہ انہیں اپنے خرچ پر دوبارہ ہالی ڈے پر بھیجیں گے۔ کنال کامرا نے ٹویٹ کیا کہ ’’ مجھے آپ کے بارے میں معلوم کرکے بہت افسوس ہوا۔ مجھے اپنی تمام تفصیلات ای میل کردیں تاکہ میں ہندوستان میں جس کسی بھی جگہ آپ چاہیںوہاں جانے کا پورا خرچ اٹھاسکوں اور آپ کو دوبارہ ہالی ڈے پر بھیج سکوں۔ ‘‘ کنال کامرا نے اس کے ساتھ ہی ممبئی پولیس اور موجودہ برسراقتدار طبقے پر تنقید بھی کی ۔