• Sun, 05 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

زبردست احتجاجی مہم کے بعد بارکلیز نے اسرائیلی اسلحہ ساز کمپنی کے حصص فروخت کردیئے

Updated: November 01, 2024, 7:31 PM IST | Jerusalem

اسرائیلی اسلحہ ساز کمپنی ایلبٹ سسٹمز کو اسرائیلی فوج کو ہتھیار فراہم کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ ایلبٹ سسٹمز، اسرائیلی فوج کے بڑے سپلائرز میں سے ایک ہے جو فوج کو بڑی تعداد میں ڈرونز، مارٹر گولہ بارود، آرٹلری راکٹ فراہم کرتے ہیں۔

Photo: X
تصویر: ایکس

برطانوی بینکنگ کمپنی بارکلیز نے اسرائیلی اسلحہ ساز کمپنی ایلبٹ سسٹمز میں اپنے تمام حصص فروخت کر دیئے۔ فلسطین ایکشن نامی تنظیم کی جانب سے شروع کئے گئے ۵۴ آپریشنز کے بعد بارکلیز کا یہ فیصلہ سامنے آیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، ایلبٹ سسٹمز میں بارکلیز کے ۱۶ ہزار سے زیادہ شیئرز تھے۔ امریکی سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن (ایس ای سی) میں ایک تازہ فائلنگ میں بارکلیز نے انکشاف کیا کہ کمپنی نے ایلبٹ سسٹمز میں ۴ء۳ ملین ڈالر کی مالیت کے حامل ۱۶ ہزار ۳۴۵ حصص کو فروخت کردیا ہے۔ 
واضح رہے کہ اسرائیلی اسلحہ ساز کمپنی ایلبٹ سسٹمز کو اسرائیلی فوج کو ہتھیار فراہم کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ ایلبٹ سسٹمز، ان بڑے سپلائرز میں سے ایک ہے جو اسرائیلی فوج کو بڑی تعداد میں ڈرونز، مارٹر گولہ بارود، آرٹلری راکٹ فراہم کرتے ہیں۔ اسرائیلی فوج، غزہ میں فلسطینیوں کے خلاف ان ہتھیاروں کا استعمال کررہی ہے۔
کیمپین اگینسٹ آرمز ٹریڈ اینڈ وار آن وانٹ کے ذریعے شائع ہوئی ۲۰۲۲ء کی ایک رپورٹ بعنوان "بارکلیز: آرمنگ اپتھائیڈ" نے انکشاف کیا کہ برطانیہ کی بینکنگ کمپنی بارکلیز اسلحہ ساز کمپنیوں میں اربوں پاؤنڈز کی سرمایہ کاری، اور انہیں قرض اور مالیاتی خدمات فراہم کرتی ہے۔ ان اسلحہ ساز کمپنیوں میں ایلبٹ سسٹمز بھی شامل ہے۔ رپورٹ نے بارکلیز کو بھی اسرائیل کے ذریعے فلسطینیوں کے حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں شریک قرار دیا تھا۔
بارکلیز کے ایلبٹ سسٹمز میں حصص کی فروخت کے بعد فلسطین ایکشن نے دعویٰ کیا کہ بارکلیز کے حصص کی فوری فروخت، فلسطینی ایکشن اور مقامی سماجی تنظیموں کی بارکلیز کے خلاف تقریبآ ایک سالہ مہم کا نتیجہ ہے۔ فلسطین ایکشن کے ترجمان نے اپنی ویب سائٹ پر بتایا کہ ایک مؤثر حکمت عملی اور اپنی سرگرمیوں کے ذریعے فلسطین ایکشن نے متعدد کامیابیاں حاصل کی ہیں اور کئی اداروں کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا ہے۔ ہم اس کام کے تئیں پرعزم ہیں۔ اگر بارکلیز مستقبل میں ایلبٹ سسٹمز میں دوبارہ سرمایہ کاری کرتا ہے، تو ہم دوبارہ احتجاج کریں گے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK