• Sun, 06 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ملک کو ترقی یافتہ بنانے کیلئے بنیادی اصلاحات جاری رہیں گی: مودی

Updated: October 06, 2024, 11:53 AM IST | New Delhi

وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو کہا کہ ان کی حکومت نے ملک کو ایک ترقی یافتہ ملک بنانے کیلئے اقتصادی پالیسیوں میں بنیادی اصلاحات کی ہیں اور اس طرح کی اصلاحات مستقبل میں بھی جاری رہیں گی۔

Prime Minister Narendra Modi. Photo: INN
وزیر اعظم نریندر مودی۔ تصویر: آئی این این

وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو کہا کہ ان کی حکومت نے ملک کو ایک ترقی یافتہ ملک بنانے کیلئے  اقتصادی پالیسیوں میں بنیادی اصلاحات کی ہیں اور اس طرح کی اصلاحات مستقبل میں بھی جاری رہیں گی۔
   مودی نے یہاں کوٹیلیہ اکنامک کنکلیو سے خطاب کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ ’’ہندوستان کی اقتصادی ترقی شامل ہے اور ۱۰؍ سال میں غربت میں کمی آئی ہے۔ کانفرنس میں موجود ہندوستان اور بیرون ملک کے سرمایہ کاروں اور ماہرین سے خطاب کرتے ہوئے  وزیر اعظم نے کہاکہ ہمارا عہد یہ ہے کہ ہندوستان کو ترقی یافتہ بنانے کیلئے  مسلسل بنیادی اصلاحات کی جائیں۔‘‘ قابل ذکر ہے کہ مودی حکومت نے آزادی کے۱۰۰؍ سال مکمل ہونے تک (۲۰۴۷ء تک) ہندوستان کو ایک ترقی یافتہ ملک بنانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔
  اسٹیج پر وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن اور انسٹی ٹیوٹ آف اکنامک گروتھ کے صدر این کے سنگھ بھی موجود تھے۔ یہ تیسرا کنکلیو ایڈیشن ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ آج ملک مینوفیکچرنگ کے شعبے میں بھی تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور موبائل فونس، دو پہیہ گاڑیوں کی تیاری اور برآمد میں بڑی حصولیابیاں درج کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس بات کو بھی یقینی بنا رہی ہے کہ معاشی ترقی سب کیلئے  فائدہ مند ہو اور اس کے ثمرات آبادی کے نیچے تک پہنچیں۔
  مودی نے کہاکہ ’’ریفارم، پرفارم اور ٹرانسفارم کے منتر پر عمل کرتے ہوئے، ہم مسلسل فیصلے کر رہے ہیں اور ملک کو تیز رفتاری سے آگے لے جا رہے ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ہندوستان آج دنیا کی سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی بڑی معیشت ہے اور ملک جی ڈی پی کے لحاظ سے پانچویں نمبر پر پہنچ گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ’’ہندوستان میں اقتصادی ترقی کے ساتھ ساتھ شمولیت بھی ہو رہی ہے۔ پچھلے۱۰؍ سال میں۲۵؍ کروڑ لوگ غربت سے باہر آئے ہیں۔
 انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ٹرینی اسکیم کے تحت بنائے گئے پورٹل پر پہلے ہی دن۱۱۱؍ کمپنیوں نے رجسٹریشن کروایا ہے۔ اس اسکیم کے تحت ہم ایک کروڑ نوجوانوں کو بڑی کمپنیوں میں انٹرن شپ حاصل کرنے میں مدد کر رہے ہیں۔
 وزیراعظم نے کہا کہ طریقہ کار کو بہتر بنانا حکومت کا ایک مسلسل جاری رہنے والا کام بنا دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ۴۰؍ ہزار سے زائد فارمیلیٹیز مکمل کرنے کی ضرورت ختم کر دی گئی ہے اور بہت سے  قوانین میں کئی غلطیوں پر جیل کی سزا کے التزام  ختم کر  دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی ہندوستان میں ۵؍ سیمی کنڈکٹر فیکٹریز کام کرنا شروع کر دیں گی اور وہاں سے دنیا کو میڈ  ان انڈیا  پروسیسر چپس ملنا شروع ہو جائیں گی۔ اپنے خطاب کے آغاز میں وزیراعظم نے کہا کہ یہ کانفرنس ایک ایسے وقت میں منعقد ہو رہی ہے جب دنیا کے دو بڑے حصوں میں جنگ کی صورتحال ہے اور یہ دونوں علاقے عالمی معیشت، خاص طور پر توانائی کی حفاظت کے نقطہ نظر سے بہت اہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’اتنی بڑی عالمی غیر یقینی صورتحال کے درمیان، ہم سب یہاں ہندوستان کے دور کی بات کر رہے ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ آج ہندوستان میں اعتماد کچھ مختلف ہی ہے، آج ہندوستان کی خود اعتمادی کچھ خاص ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK