• Thu, 17 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

۸۴؍ سال ہو یا ۹۰؍ سال ، یہ بوڑھا اب مہاراشٹر کو راہ راست پر لانے تک نہیں رکے گا: شرد پوار

Updated: October 15, 2024, 11:05 PM IST | Pune

۸۴؍ سال کا ہو یا ۹۰؍ سال کا یہ بوڑھا اب رکے گا نہیں ، جب تک مہاراشٹر کو راہ راست پر نہیں لے آتا یہ بوڑھا اب نہیں رکے گا۔

NCP founder and former Chief Minister Sharad Pawar
این سی پی کے بانی اور سابق وزیر اعلیٰ شرد پوار

۸۴؍ سال کا ہو یا ۹۰؍ سال کا یہ بوڑھا اب رکے گا نہیں ، جب تک مہاراشٹر کو راہ راست پر نہیں لے آتا یہ بوڑھا اب نہیں رکے گا۔‘‘ یہ جواب ہے این سی پی کے بانی اور مہاراشٹر کے سب سے سینئرلیڈر شرد پوار کا جنہیں کچھ لوگوں نے ان کی عمر کا طعنہ دیا تھا۔ مہاراشٹر کے سب سے معمر لیڈر نے کہا کہ ریاست کی صورتحال کو تبدیل کرنار میرا اخلاقی فریضہ ہے۔  شرد پوار پیر کی رات پونے کے پلٹن علاقے میں ایک جلسے سے خطاب کر رہے تھے جس میں  این سی پی (اجیت ) سے تعلق رکھنے والے  لیڈر سنجیو نائیک نمبالکر نے این سی پی میں شمولیت اختیار کی۔ 
 اطلاع کے مطابق شرد پوار کی مخالفت میں کچھ لوگوں نے انہیں تختیاں دکھائیں۔ ان تختیوں پر ان کی تصویر کے ساتھ ان کی عمر درج کرکے ان پر طنز کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔  شرد پوار اپنی تقریر میں انہی نوجوانوںکو جواب دے رہے تھے۔ 
  شرد پوار نے کہا ’’ آج اقتدار غلط ہاتھوں میں ہے۔ مہاراشٹر میں ظلم ہو رہا ہے۔ اسکول میں معصوم بچیوں کے ساتھ زیادتی ہو رہی ہے۔ کل ایک سابق وزیر کا قتل ہو گیا۔ عام آدمی اور ماں بہنوں کا پُر امن طریقے سے جینا محال ہو گیا ہے۔‘‘ شرد پوار نے یاد دلایا کہ’’ چھترپتی شیواجی کے مجسمے کی نقاب کشائی وزیراعظم نریندر مودی کے ہاتھوں ہوئی تھی۔ وہ مجسمہ ۸؍ مہینوںمیں گر پڑا۔ جبکہ۶۰؍ برس پہلے یشونت رائو چوہان کے ہاتھوں لگایا گیا چھترپتی شیواجی کا مجسمہ جوں کا توں ہے۔ اسے کچھ نہیں ہوا ۔ ‘‘
  معمر لیڈر نے بتایا ’’ میں یہاں آیا تو کچھ نوجوان ایک بورڈ لئے کھڑے تھے جس پر میری تصویر تھی اور لکھا تھا ۸۴؍ سال کا بوڑھا۔ آپ لوگ اس کی فکر نہ کریں کیونکہ ہمیں بہت دور تک جانا ہے۔ ۸۴؍ سال ہو یا ۹۰؍ سال یہ بوڑھا اب نہیں رکے گا۔جب تک مہاراشٹر کو راہ راست پرنہ لے آتا یہ بوڑھا نہیں رکے گا۔‘‘   ۴؍ بار وزیر اعلیٰ رہ چکے شرد پوار نے کہا ’’ بارامتی کے لوگ بہت ہوشیار ہیں۔ وہاں ایک بہن الیکشن میں کھڑی تھی۔ جب انتخابی مہم میں جائو تو لوگ خاموش رہا کرتے تھے۔ ایسا لگتا تھا کہ ان سے اتنے برسوں کے تعلقات تھے یہ کیسے بدل گئے ؟ لیکن جب نتائج آئے تو معلوم ہوا کہ بارامتی والوں نے اپنی بہن ہی کی حمایت کی اور اسی کو جیت دلائی۔‘‘
  انہوں نے کہا’’پچھلے ۶۰؍ سال کے دوران  آپ نے مجھے ایک بھی چھٹی نہیں دی۔ مجھے ۴؍ مرتبہ وزیر اعلیٰ بنایا۔ لہٰذا مہاراشٹر کا چہرہ بدلنا میری اخلاقی ذمہ داری ہے جو کہ میں بدل کر رہوں گا۔‘‘
  سنجیوراجے نمبالکر این سی پی میں شامل
   یاد رہے کہ ان دنوں مہایوتی میں شامل کئی بڑے لیڈر این ی پی شرد میں شامل ہو رہے ہیں۔ سینئر لیڈر رام راجے نمبالکر بھی بہت جلد این سی پی (اجیت) کا ساتھ چھوڑ کر دوبارہ شرد پوار کے خیمے میں آنے والے ہیں۔ اس سے قبل پیر کی رات ان کے بھائی سنجیو راجے نمبالکر اپنے بیٹے انیکیت نمبالکر کے ساتھ شرد پوار کی پارٹی میں شامل ہوئے۔ نمبالکر خاندان کا پونے کے پلٹن علاقے میں خاصا دبدبہ ہے۔  شرد پوار نے یاد دلایا جب یشونت رائو چوہان کو وزیراعلیٰ بنانے کی باری آئی تھی تو اسی پلٹن میں  میٹنگ منعقد ہوئی تھی اور یہیں سے انہیں وزیر اعلیٰ بنانے کی تحریک شروع ہوئی تھی۔ مہاراشٹر کی ترقی میں پلٹن علاقے کا بڑا حصہ ہے۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK