• Fri, 08 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

’ووٹ ضرور دیجئے اور اپنے ووٹوں کا سوچ سمجھ کر صحیح استعمال کیجئے‘

Updated: May 12, 2024, 1:50 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

رضا اکیڈمی کی جانب سے مینارہ مسجد سے ریلی نکالی گئی۔ ایم ڈی ایف کی جانب سے امن کمیٹی کے دفتر میں میٹنگ کی گئی۔

An awareness rally was organized by Raza Academy to encourage voters to vote in the Lok Sabha elections held in the city on May 20. Photo: INN
۲۰ مئی کو شہر میں ہونے والے لوک سبھا انتخابات میں رائے دہندگان کو ووٹ ڈالنے کیلئے رضا اکیڈمی کی جانب سے بیداری ریلی نکالی گئی۔ تصویر : آئی این این

ووٹ ضرور دیجئے اور اپنے ووٹوں کا سوچ سمجھ کرصحیح استعمال کیجئے ۔رضا اکیڈمی کی جانب سے مینارہ مسجد سے مانڈوی پوسٹ آفس تک ووٹ بیداری ریلی نکالی گئی۔ ایم ڈی ایف کی جانب سے امن کمیٹی کے دفتر میں میٹنگ کی گئی۔
۲۰؍مئی کو کھانا ناشتہ بعد میں کیجئے پہلے ووٹ دیجئے 
 رضا اکیڈمی کی جانب سے نکالی گئی ووٹنگ بیداری ریلی کے دوران یہ پیغام دیا گیا کہ ایک ایک ووٹ کا صحیح استعمال کیجئے ، ووٹ ضائع نہ کیجئے ، یہ امتحان کی گھڑی ہے ، ۲۰؍مئی کوناشتہ کھانا بعد میںکھائیے بازار بعد میں جائیے، پہلے ووٹ دیجئے ۔ آج جو ملک میں ماحول ہے جہاں آپ کا کھانا پینا رہائش اورطرززندگی طے کیا جارہا ہے ،اسے بدلنے اوراپنے آئینی حق کیلئے ووٹ ضرور دیجئے اورآئینی حق کاصحیح اوردرست استعمال کرتے ہوئے صحیح امیدوار کا انتخاب کیجئے ۔
بڑی تعداد میں بوتھ سینٹر پر پہنچیں
 محمدسعیدنوری نے کہاکہ ’’ مسلسل کوششیں کی جارہی ہیں،ان کوششوں کوحقیقی معنوں میں اس وقت کامیاب کہا جاسکے گاجب ہم ان اپیلوں پرتوجہ دیں اورحالات کی نزاکت کو محسوس کرتے ہوئے پولنگ بوتھ پرپہنچ کرصحیح امیدوار کے حق میں ای وی ایم کا بٹن دبائیں۔ یاد رکھئے ، ۲۰؍مئی کی بیداری آپ کوکامیابی سے ہمکنارکرے گی ، آئین کے تحفظ کا سبب بنے گی اورتساہل وغفلت خود کے اورملک کے نقصان کا باعث ہوگی۔‘‘ اس ریلی میںبہت سے لوگوں نے شرکت کی۔
ووٹ کا صحیح استعمال ضروری ہے 
 حق رائے دہی کے تعلق سے امن کمیٹی کے دفتر میں ہونے والی میٹنگ میں حاضرین نے ملک کے موجودہ حالات پر تبصرہ کیا کہ ۱۰؍برس سے ملک کے کیا حالات ہیں،کسی سے مخفی نہیں۔ باعزت ،بےخوف اوراپنے تشخص کیساتھ زندگی گزارنے کا آئین نےسبھی ہندوستانیوں کو حق دیا ہے۔ اسی طرح صدیوں سے ملک میںمثالی بھائی چارہ قائم ہے اور وطن عزیز کے حوالے سے کثرت میں وحدت کی دنیا میں مثال دی جاتی ہے مگر فسطائی طاقتیں یہ آئینی حق اوربھائی چارہ ختم کرنے کی مستقل کوشش کررہی ہیں،کمزوروں پر، ایس سی،ایس ٹی، او بی سی اوراقلیتوں پر ظلم ہو رہا ہے،عبادت گاہوں کو توڑا جارہا ہے۔ ایسے میں ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ فسطائی طاقتوںکے خلاف جو بھی سب سے مضبوط اُمیدوار ہو، اس کی عام طور پر حمایت کی جائے۔‘‘
 اس میٹنگ میںیہ بھی کہا گیا کہ ’’انڈیا الائنس کے نام سے جو اتحاد بنا ہے، وہ فسطائی طاقتوں کے خلاف سب سے مضبوط اتحادہےاس لئے اس کی حمایت کی جائے ۔ اسی طرح  ووٹ کاٹنے والے امیدواروں کوووٹ دے کر اپنا  ووٹ ضائع نہ کریں۔ خواتین حق رائے دہی کا بھرپور استعمال کریں ، اس جانب توجہ دی جائے اورہم سب مل کرصد  فیصد ووٹنگ کو یقینی بنائیں۔ میٹنگ میں مولانا محمود خان دریابادی ، مولانا ظہیر عباس رضوی ، فرید شیخ ، ڈاکٹر عظیم الدین، حافظ اقبال چونا والا ، عبد الحسیب بھاٹکر ، شاکر شیخ اور نعیم شیخ وغیرہ موجود تھے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK