ممبئی کوسٹل روڈپروجیکٹ کےچیف انجینئر وجے نیگھوٹ کادعویٰ ۔زیرتعمیر۲؍سرنگوں سے بنیادی سہولتیں بھی متاثر نہیں ہوں گی۔لاک ڈاؤن کے سبب ۱۰؍ فیصد کام متاثر ہونے کی اطلاع دی
EPAPER
Updated: December 08, 2020, 6:36 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
ممبئی کوسٹل روڈپروجیکٹ کےچیف انجینئر وجے نیگھوٹ کادعویٰ ۔زیرتعمیر۲؍سرنگوں سے بنیادی سہولتیں بھی متاثر نہیں ہوں گی۔لاک ڈاؤن کے سبب ۱۰؍ فیصد کام متاثر ہونے کی اطلاع دی
ممبئی کے ساحلی علاقے میں تعمیر کی جانے والی سڑک کے تعلق سے شہریوںکو تشویش تھی کہ اس سے حاجی علی درگاہ اور کوئنس نیکلیس (مرین ڈرائیور) کی خوبصورتی متاثر ہوگی لیکن برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی ) کے ممبئی کوسٹل روڈ ڈپارٹمنٹ کے چیف انجینئر وجے نیگھوٹ نے پیر کو یہ دعویٰ کیا کہ اس پروجیکٹ سے حاجی علی اور کوئنس نیکلیس کی خوبصورتی متاثر نہیں ہوگی بلکہ شہریوں کو مزید قریب سے سمندر کا نظارہ کرنے کا موقع مل سکے گا۔انہوں نے اعتراف کیاکہ لاک ڈاؤن کے سبب کوسٹل رو ڈ کا کام ۸؍ تا ۱۰؍ فیصد متاثر ہوا ہے۔
پیر کو بی ایم سی کی جانب سے کوسٹل روڈ کا ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے ساتھ دورہ منعقد کیا گیا جس میں نمائندۂ انقلاب بھی شامل تھا۔ میڈیا کے نمائندوں کو نیپینسی روڈ پر پریہ درشنی پارک کے قریب زیر تعمیر سرنگ اور اس کے بعد امر سنس گارڈن کے قریب کوسٹل روڈ کے کام سے متعلق معلومات دی گئی۔امر سنس گارڈن سے کوسٹل روڈ کا ایلیوٹیڈ بریج تعمیر کیا جائے گا ۔
نمائندہ ٔ انقلاب کے اس سوال پر کہ حاجی علی میں سمندر میں کتنی بھرنی کی جائے گی اور کوسٹل روڈ سے حاجی علی اور کوئنس نیکلیس کی خوبصورتی متاثر نہیں ہوگی؟ تو ممبئی کوسٹل روڈ محکمہ کے چیف انجینئر وجے نیگھوٹ نے بتایا کہ ’’ حاجی علی کے پاس تقریباً ۳۰۰؍ میٹر سمندر میں بھرنی کی جائے گی اور کوسٹل روڈ کی تعمیر میں نہ ہی حاجی علی اور نہ ہی کوئنس نیکلیس کہیں بھی سمندر اور شہر کی خوبصورتی متاثر نہیں ہو رہی ہےبلکہ جو واٹر فرنٹ ۷ء۷؍ کلو میٹر لمبا اور ۲۰؍ میٹر چوڑا تعمیر کیا جا رہا ہے،اس سے شہریوںکو سمندر کو مزید قریب سے دیکھنےکا موقع مل سکے گاجو کہ فی الحال مرین ڈرائیو اور چند مقامات پر ہی ممکن ہے۔جہاں تک حاجی علی کا تعلق ہے تو وہاں ۸؍بازو والے انٹر چینجر تعمیر ہوں گے۔ یہ انٹر چینجر بھی خوبصورت ہیں اور ان سے حاجی علی کی بھی خوبصورتی بڑھے گی۔‘‘انہوں نے مزید بتایا کہ ’’کوسٹل روڈ کے دوران جو بھی درخت کاٹنے پڑیں گے، ان کی تعداد کے ۳؍ گنا درخت لگائے بھی جائیں گے ۔‘‘
آتھ تا ۱۰؍ فیصد کا م لاک ڈاؤن کی وجہ سے متاثر
پروجیکٹ منیجر (پروجیکٹ۴) سندیپ سنگھ نے بتایا کہ’’لاک ڈاؤن اور کورٹ کے معاملات کے سبب کوسٹل روڈپروجیکٹ کا کام ۸؍ تا ۱۰؍ فیصد متاثر ہوا ہے ۔ ‘‘ جب ان سے یہ پوچھا گیا کہ کیا پروجیکٹ کی لاگت میں بھی اضافہ ہوگا؟تو انہوں نے کہا کہ’’ ابھی ہم اس کا اندازہ لگا رہے ہیں لیکن ابھی کچھ کہنا مشکل ہے۔‘‘
افسران کے مطابق کوسٹل روڈ کی تعمیر کا کام اکتوبر ۲۰۱۸ء میں شروع کیا گیا تھا لیکن کورٹ اور کووڈ ۱۹؍ سے حفاظت کیلئے نافذ کئے گئے لاک ڈاؤن میں یہ کام رک گیا تھا البتہ ابھی کام تیزی سے کیا جارہاہے۔
کہاں کہاں انٹر چینجر ہوں گے
(۱) امر گارڈن کے ۴؍بازو والے انٹر چینجر (ایک روڈ سے دوسرے روڈ پر جانے کا موقع) ۔ (۲) حاجی علی پر ۸؍ بازو والے انٹر چینجر۔(۳) ورلی میں ۶؍ بازو والے انٹر چینجر