متاثرہ گاؤں کے حالات کا جائزہ لینے کےلئے جماعت اسلامی ہند ، مہاراشٹر کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے شیخ عبدالمجیب (سیکریٹری، ملی و ملکی امور، مہاراشٹر) کی قیادت میں دورہ کیا اور وفد نے ایس پی سے بھی ملاقات کی
EPAPER
Updated: April 05, 2025, 10:15 PM IST | Z A khan | Beed
متاثرہ گاؤں کے حالات کا جائزہ لینے کےلئے جماعت اسلامی ہند ، مہاراشٹر کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے شیخ عبدالمجیب (سیکریٹری، ملی و ملکی امور، مہاراشٹر) کی قیادت میں دورہ کیا اور وفد نے ایس پی سے بھی ملاقات کی
بیڑ ضلع کے گیورائی تعلقہ میں واقع اردھ مسلا گاؤں کی مکہ مسجد میں چاند رات کے موقع پر جلیٹن کا دھماکہ کرنے والے ملزمین کےخلاف پولیس نے یو اے پی اے کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے اور معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے ۔اسی دوران متاثرہ گاؤں کے حالات کا جائزہ لینے کےلئے مختلف ملی و سماجی تنظیموں کے ذمہ داران وہاں کادورہ کررہےہیں ۔اسی سلسلے میں جماعت اسلامی ہند ، مہاراشٹر کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے شیخ عبدالمجیب (سیکریٹری، ملی و ملکی امور، مہاراشٹر) کی قیادت میں بیڑ ضلع کے اردھ مسلا گاؤں کا دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد واقعے کی تفصیلات جاننا، متاثرہ مقامی افراد کی دلجوئی کرنا، ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنا اور مجرمین کو انصاف کے کٹہرے تک پہنچانے کے عزم کا اعادہ کرنا تھا۔وفد نے مقامی باشندوں سے ملاقات کی اور انہیں صبر و حوصلے کی تلقین کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ کسی بھی قسم کی مایوسی یا جذباتی ردِعمل سے گریز کرتے ہوئے آئینی و قانونی راستے اختیار کریں، تاکہ خاطیوں کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جا سکے۔
اس موقع پر وفد نے ریاستی وزیر اعلیٰ سے اپیل کی تھی کہ وہ ریاست میں امن و امان کو برقرار رکھنے کے لئے نفرت پھیلانے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائیں اور اس دھماکے میں ملوث سماج اور ملک دشمن عناصر پر سخت ترین دفعات، خصوصاً یو اے پی اے کے تحت مقدمہ درج کریں۔وفد نے مسلمانوں اور برادرانِ وطن دونوں سے ملاقات کی اور ان سے اپیل کی کہ وہ صبر و تحمل سے کام لیتے ہوئے علاقے میں بھائی چارہ اور پرامن ماحول قائم رکھیں۔
اس کے ساتھ ہی، وفد نے بیڑ کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) سے ملاقات کی تاکہ واقعے کی اب تک کی قانونی پیش رفت سے آگاہی حاصل کی جا سکے۔ایس پی نے وفد کو یقین دلایا کہ اس افسوسناک واقعے میں ملوث عناصر کو کسی صورت میں معاف نہیں کیا جائے گا اور پولیس پوری مستعدی سے کارروائی کر رہی ہے۔ اسی کے تحت پولیس نے اپنی کارروائی کو آگے بڑھاتے ہوئے دونوں ملزمین شری رام ساگڑے اور وجئے گنوانے کیخلاف آخر کار یو اے پی اے کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے اور انہیں عدالت سے جلد ضمانت ملنا مشکل ہوگیاہے اور معاملے سے جڑے دیگر ملزمین تک بھی پولیس پہنچنے کی کوشش کررہی ہے ۔