منوج جرنگے کا ریاستی وزیر پر نسل پرستی کو فروغ دینے کا الزام، منڈے بیڑ پہنچے، والمیک کراڈ کے دفتر میں بیٹھ کر لوگوں سے ملاقات کی، اپوزیشن کی تنقیدیں جاری۔
EPAPER
Updated: January 17, 2025, 6:08 PM IST | Beed
منوج جرنگے کا ریاستی وزیر پر نسل پرستی کو فروغ دینے کا الزام، منڈے بیڑ پہنچے، والمیک کراڈ کے دفتر میں بیٹھ کر لوگوں سے ملاقات کی، اپوزیشن کی تنقیدیں جاری۔
سنتوش دیشمکھ قتل معاملے میں مساجوگ گائوں کے باشندوں کا احتجاج رنگ لایا اور قتل میں شامل ایک فرد کو چھوڑ کر تمام کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ریاستی وزیر دھننجے منڈے کا قریبی سمجھا جانے والا والمیک کراڈ بھی جیل میں ہے اور اس پر بھی مکوکا عائد کر دیا گیا ہے۔ اس کی وجہ سے بیڑ میں والمیک کے حامیوں نے احتجاج بھی کیا۔ اب مراٹھا کارکن منوج جرنگے نے مطالبہ کیا ہے کہ بیڑ میں موجود غنڈوں کی ان ٹولیوں کو ختم کیا جائے جنہیں دھننجے منڈے نے قائم کیا ہے اور جو ضلع میں دہشت اور نسل پرستی کو فروغ دے رہی ہیں۔
غنڈوں کی ٹولی ختم کی جائے
یاد رہے کہ ایک روز قبل والمیک کراڈ پر مکوکا عائد ہوتے ہی اس کے گائوں میں احتجاج شروع ہو گیا۔ احتجاج میں خود اس کی بیوی شریک ہوئی۔ والمیک کے حامیوں نے سڑک پر ٹائر جلائے، اور نعرے لگائے۔ اسی پس منظر میں منوج جرنگے کا کہنا ہے کہ ’’ بیر میں نظم ونسق خراب نہ ہو اس بات کو یقینی بنانے کی ذمہ داری وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس اور نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کی ہے۔ دھننجے منڈے نے یہاں غنڈوں کی ٹولیاں قائم کر رکھی ہیں۔ یہ لوگ اب پولیس کو دھمکیاں دے رہے ہیں۔ ‘‘ انہوں نے کہا ’’ دھننجے منڈے غالباً اسی لئے بیڑ آئے ہوئے ہیں۔ انہیں یہاں فساد پھیلانا ہے اور معاملے کو ذات پات کا رنگ دینا ہے۔ وزیر اعلیٰ کو چاہئے کہ وہ انہیں روکیں۔ ‘‘ منوج جرنگے نے کہا ’’ دھننجے منڈے کو نظم ونسق برقرار نہیں رکھنا ہے۔ عدالت کے سامنے یہ سب کچھ ہو رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ کی عائد کر دہ حکم امتناعی اب کہاں ہے؟ اس پورے معاملے میں دھننجے منڈے نے پردے کے پیچھے رہ کر پورا کھیل رچایا ہے۔ انہیں ضلع میں ذات پات کی تفریق پھیلانی ہے۔
پنکجا منڈے کو کوئی لینا دینا نہیں ؟
اس دوران دھننجے منڈے کی (چچا زاد) بہن اور ریاستی وزیر پنکجا منڈے نے اس بات سے لا علمی ظاہر کی ہے کہ بیڑ میں کیا کچھ ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے ’’ بیڑ میں کیا ہو رہا ہے اس تعلق سے مجھے کچھ نہیں معلوم ہے۔ میں روزانہ اپنے معمول کے مطابق کام کرتی ہوں۔ اس لئے مجھے ان ساری باتوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ ‘‘ جب میڈیا نے پنکجا کی توجہ اس جانب مبذول کروائی کہ بیڑ میں احتجاج ہو رہا ہے اور حالات بگڑنے کا بھی خدشہ ہے تو انہوں نے جواب دیا ’’ میں اس تعلق سے وزیر داخلہ سے مل کر گفتگو کروں گی۔ حالات کو بگڑنے سے روکنے کیلئے کیا راستہ اختیار کیا جائے اس تعلق سے غوروخوض کیا جائے گا۔
دھننجے منڈے، والمیک کراڈ کے دفتر پہنچے
ریاستی وزیر دھننجے منڈے جمعرات کو بیڑ پہنچے جہاں انہوں نے اپنے حلقہ انتخاب پرلی میں والمیک کراڈ کے دفتر میں بیٹھ کر لوگوں سے ملاقات کی۔ جی ہاں، والمیک کراڈ کو جو دفتر ہے وہ دراصل دھننجے منڈے کا اپنا دفتر ہے۔ ان کی جگہ یہاں والمیک کراڈ بیٹھا کرتا تھا اور منڈے کی طرف سے حلقے کے سارے کام کاج دیکھا کرتا تھا۔ والمیک کراڈ کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ منڈے نے اس کے جیل میں جانے پر اپنے دفتر میں کراڈ کی جگہ کسی اور کو بٹھانے کے بجائے خود بیٹھنا مناسب سمجھا۔ خود ہی سارا کام کاج سنبھالا۔ انہوں نے خود اسکی اطلاع اپنے سوشل میڈیا اکائونٹ پر تصاوریر شیئر کرکے دی۔ اطلاع تھی کہ دھننجے منڈے بیڑ خاص طور پر والمیک کراڈ کے اہل خانہ سے ملاقات کی غرض سے آئے تھے۔ وہ والمیک کے گھر جاکر اس کی بیوی او ر گھر کے دیگر افراد سے ملاقات کرنے والے تھے لیکن خبر لکھے جانے تک اس طرح کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ البتہ بیڑ سے این سی پی (شرد) کے رکن پارلیمان بجرنگ سونائونے نے اس تعلق سے دھننجے منڈے اور پنکجا منڈے دونوں ہی کو نشانہ بنایا ہے۔
سنتوش دیشمکھ کے اہل خانہ سے ملنے کیوں نہیں گئے؟
این سی پی (شرد) کے رکن پارلیمان بجرنگ سونائونے کا کہنا ہے کہ ’’ لوگ کہہ رہے ہیں کہ دھننجے منڈے والمیک کراڈ کے اہل خانہ سے ملنے گئے تھے۔ اب اس میں کتنی سچائی ہے یہ مجھے نہیں معلوم۔ وہ گئے تھے یا نہیں گئے تھے لیکن میرا سوال یہ ہے کہ کیا دھننجے منڈے اور پنکجا منڈے سنتوش دیشمکھ کے اہل خانہ سے ملنے گئے تھے؟ انہوں نے کہا ’’ دھننجے منڈے اور پنکجا منڈے دونوں ہی کا فرض تھا کہ وہ سنتوش دیشمکھ کے گھر جاتے اور ان کے اہل خانہ سے مل کر انہیں تسلی دیتے۔ ‘‘