بیڑ سے پربھنی جانے والی تیز رفتار ایس ٹی بس نے پولیس بھرتی ٹریننگ کی تیاری کرنے والے نوجوانوں کو روندا، ۳؍ نوجوانوں نے جائے حادثہ پر ہی دم توڑدیا جبکہ ۲؍نوجوانوں کی جان بچ گئی، حادثہ گھوڑکا راجوری گاؤں میں پیش آیا ہے۔
EPAPER
Updated: January 20, 2025, 11:04 AM IST | Iqbal Ansari | Beed
بیڑ سے پربھنی جانے والی تیز رفتار ایس ٹی بس نے پولیس بھرتی ٹریننگ کی تیاری کرنے والے نوجوانوں کو روندا، ۳؍ نوجوانوں نے جائے حادثہ پر ہی دم توڑدیا جبکہ ۲؍نوجوانوں کی جان بچ گئی، حادثہ گھوڑکا راجوری گاؤں میں پیش آیا ہے۔
ضلع کے گھوڑکا راجوری گاؤں کے پاس ایک دلخراش سڑک حادثے میں ۳؍ نوجوانوں کی موت ہوگئی ہے۔ یہ حادثہ اتوار کی علی الصباح اس وقت پیش آیا ہے جب یہ نوجوان پولیس بھرتی ٹریننگ کی مشق کررہے تھے۔ دریں اثناء یہاں سے تیزرفتاری سے گزرنے والی ایس ٹی بس نے سڑک کنارے ورزش کرنے والے نوجوانوں کو کچل دیا۔ اس دوران دیگر دو نوجوانوں کی عین وقت پر بس پر نظر پڑگئی اور وہ خود کو بچانے میں کامیاب رہے۔ لیکن حادثے میں انہیں معمولی زخم آئے ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ بس ٹرائیور کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور ا سکے خلاف کیس بھی درج کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مہاراشٹر اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ(ایم ایس آر ٹی سی ) کی مذکورہ بس بیڑ سے پربھنی جارہی تھی۔ پانچ نوجوانوں کا یہ گروپ روزانہ صبح میں پولیس بھرتی کی فزیکل ٹریننگ کرتا تھا۔ اتوار کو بھی حسب معمول وہ سڑک کنارے دوڑلگارہے تھے کہ یہ حادثہ پیش آیا۔ مہلوک نوجوانوں کی شناخت سبودھ مورے، وراٹ گھوڑکے اور اوم گھوڑکے کے طور پر ہوئی ہے۔ یہ تینوں بس کی زد میں آنے سے شدید زخمی ہوئے۔ زیادہ خون بہہ جانےاور گہری چوٹوں کے سبب انہوں نے جائے حادثہ پر ہی دم توڑدیا۔ مہلوک نوجوان گھوڑکا راجوری گاؤں کے رہنے والے تھے۔ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے بیڑ کے ضلع اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔ اس حادثے پر مقامی افراد مشتعل ہوگئے اور انہوں نےایس ٹی بس میں توڑ پھوڑ کی۔ مظاہرین نے راستہ جام کیا اور مہلوک نوجوانوں کے اہل خانہ کو سرکاری محکمے میں ملازمت دینے کا مطالبہ کیا۔
بیڑ حادثہ میں مہلوکین کے ورثا کو ۱۰؍ لاکھ کی امداد
بیڑ۔ پربھنی روٹ پر ایس ٹی کی بس سے گھوڑکا راجوری علاقے میں سوراج ہوٹل کے قریب حادثہ میں ۳؍ نوجوانوں کی موت ہو گئی ہے۔ اس حادثے پر وزیر ٹرانسپورٹ پرتاپ سرنائک نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مہلوکین کے ورثا کو ۱۰۔ ۱۰؍ لاکھ روپے معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔ یہ تینوں نوجوان پولیس بھرتی کی تیاری کر رہے تھے اوراسی دوران بس کی زد میں آکر ان کی موت ہو گئی۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ ’’یہ واقعہ انتہائی دردناک ہے اور ہم ہلاک ہونے والے نوجوانوں کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ بدقسمتی سے ہم حادثے میں جان گنوانے نوجوانوں کی زندگی واپس نہیں لاسکتے لیکن ان کے اہل خانہ پر جو غم کا پہاڑ ٹوٹ گرا ہے اس کو دیکھتے ہوئے ایس ٹی وزیر ٹرانسپورٹ کی حیثیت سے میں نے ایس ٹی انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ کارپوریشن سے ان کے اہل خانہ کو۱۰۔ ۱۰؍لاکھ روپے کی امداد فراہم کی جائے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ یہ نوجوان پولیس میں بھرتی کی تیاری کر رہے اور صبح ۶؍ بجے کے قریب بیڑ۔ پربھنی روٹ پر ایس ٹی بس سے ٹکرا گئے۔ ڈرائیور کا کہنا ہے کہ صبح کی دھند کے باعث ڈرائیور نے لڑکوں کو دوڑنے کی پریکٹس کرتے ہوئے نہیں دیکھا۔ بدقسمتی سے حادثے میں تینوں لڑکوں کی موت ہو گئی۔ اس واقعہ سے بیڑ اور آس پاس کے علاقوں میں سوگ پھیل گیا ہے۔