اس اہم پل پر ریلوے اسٹیشن کے باہر کھدائی بھی شروع، دونوں سروں پر بیریکیڈ لگادیئے گئے۔
EPAPER
Updated: June 28, 2024, 10:28 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai
اس اہم پل پر ریلوے اسٹیشن کے باہر کھدائی بھی شروع، دونوں سروں پر بیریکیڈ لگادیئے گئے۔
سینٹرل ریلوے اسٹیشن سے متصل اور ناگپاڑہ اور تاڑدیو کو جوڑنے والا بیلاسس بریج بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب سے گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے بند کردیا گیا۔یاد رہے کہ اس بریج کو بند کرنے کے فیصلہ کو کئی مرتبہ ملتوی کرنے کے بعد ٹریفک محکمہ نے اسے پیر ۲۴؍ جون سے حتمی طور پر بند کرنے کا اعلان کیا تھا، اس کے باوجود اسے مقررہ تاریخ پر بند نہیں کیا جاسکا۔ بہر حال بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب سے اس پر سے گاڑیوں کا داخلہ بند کردیا گیا ہے اور اسی روز دوپہر سے بریج کے اوپر سے ریلوے اسٹیشن کے داخلی دروازے کے باہر مخصوص گاڑی کی مدد سے سڑک کی کھدائی شروع کردی گئی۔
اس بریج پر پہلے ہی فٹ پاتھ کے کناروں پر جالیاں لگی ہوئی ہیں اور ریلوے اسٹیشن کے گیٹ کے سامنے لوہے کے پترے لگا دیئے گئے ہیں جس کی وجہ سے سڑک پار کرنا بھی ممکن نہیں ہے۔ فی الحال راہگیروں کو بریج کا فٹ پاتھ استعمال کرنے کی اجازت دی گئی ہے لیکن پیدل چلنے والوں کا داخلہ بند کئے جانے سے اسٹیشن کے سامنے فٹ پاتھ پر واقع نونیت کالج اور بی ایم سی اسکول کے طلبہ کوکافی لمبا چکر کاٹنا پڑے گا۔ اسی طرح اب گاڑیوں کو بھی تاڑدیو، گرانٹ روڈ اور حاجی علی کی طرف جانے کیلئے لمباچکر کاٹنا پڑے گا۔اس بریج کو کم از کم ۱۸؍ مہینوں کیلئے گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے بند کیا گیا ہے۔ تاہم اس اہم پل کی از سر نو تعمیر میں تاخیر ہونے پر یہ وقفہ مزید طویل بھی ہوسکتا ہے۔
یاد رہے کہ بیلاسس بریج ۱۸۹۳ء میں تعمیر کیا گیا تھا۔ بی ایم سی کے مطابق اس بریج کی تعمیر کے حساب سے اسے ۱۰۰؍ سال تک استعمال کیا جانا محفوظ تھالیکن اس مدت سے کافی زیادہ عرصہ سے اسے استعمال کیا جارہا ہے۔