• Mon, 03 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

’’کرناٹک کی بہترین بس خدمات کا تجربہ مہاراشٹر میں بھی کیا جاسکتا ہے‘‘

Updated: February 03, 2025, 1:18 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

کرناٹک دورے کے دوران مہاراشٹر کے وزیر ٹرانسپورٹ پرتاپ سرنائیک کا اعلان۔

Karnataka counterpart and other officers can be seen welcoming Pratap Saranaik. Photo: INN
پرتاپ سرنائیک کا استقبال کرتے ہوئے کرناٹک کے ان کے ہم منصب اور دیگر افسران دیکھے جاسکتے ہیں۔ تصویر: آئی این این

اقبال انصاری
iqbalansari@mid-day.com
منترالیہ : کرناٹک اسٹیٹ ٹرانسپورٹ سروس کی لمبی دوری کی بس خدمات اپنی خوبیوں کے حوالے سے  بہت مشہور ہے۔ان خدمات کے نظم کا جائزہ لینے کیلئے مہاراشٹر کے وزیر ٹرانسپورٹ پرتاپ سرنائک کرناٹک پہنچے ۔ وہاں کی طویل بس خدمات کے انتظامات کا  جائزہ لینے کے بعد انہوںنے اس کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مہاراشٹر میں بھی ایسا ہی تجربہ ممکن ہے۔ 
 پرتاپ سرنائیک کرناٹک کے دورے کے دوران بنگلورو میں کرناٹک اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا۔ اس وقت ان کے ساتھ کرناٹک کے ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ ڈاکٹر راملنگا ریڈی،ریاستی ٹرانسپورٹ سیکریٹری ڈاکٹر این وی پرساد اور دیگر افسران اور عہدیدار موجود تھے۔ 
 اس دورے کے تعلق سے وزارت ٹرانسپورٹ سے جاری کردہ اعلامیہ میں بتایاگیا ہے کہ اس موقع پر وزیر پرتاپ سرنائیک نے امباری، ایراوت، راج ہنس جیسی پریمیم بس خدمات اور کرناٹک اسٹیٹ ٹرانسپورٹ سروس کے ذریعے چلائی جانے والی دیگر بسوں کا بھی جائزہ لیا۔  پرتاپ سرنائیک نے کہاکہ انہوں نے یہ بھی دیکھا ہے کہ یہ بسیں کیسے چلائی جاتی ہیں۔یہ بس سروس  مسافروں کی جانب سے بہت پسند کی جاتی ہے۔ یہ بس سروس نجی بسوں کے مقابلے میں محفوظ اور بروقت خدمات فراہم کرنے کے لئے بہت مشہور ہے۔‘‘
 وزیر ٹرانسپورٹ کے مطابق اس موقع پر کرناٹک ٹرانسپورٹ سروس کے عہدیداروں نے اپنی ریاست میں اس وقت چلنے والی تمام قسم کی بسیںپرتاپ سرنائیک کو دکھائیں۔ اس میں۹؍ میٹر سے۱۵؍ میٹر تک مختلف قسم کی بسیں شامل تھیں۔ انہیں بتایا گیا کہ کس طرح مختلف انجنوں اور بیٹھنے کی گنجائش والی بسیں جو پہاڑی علاقوں سے ہائی ویز تک چل سکتی ہیں اور مختلف سہولیات کے ساتھ مسافروں کو ان کی ضروریات کے مطابق کس طرح دستیاب کرائی جاتی ہیں۔ نیز لمبی دوری کی خدمات فراہم کرنے والی بسوں میں مسافروں کو ’’وائی فائی‘‘ سے لے کر ’’یورینلز‘‘ تک کی سہولیات کیسے فراہم کی جاتی ہیں؟ مسافروں کے لئے ای ٹکٹ اور آن لائن ٹکٹ بکنگ کی خدمات بھی دستیاب کرائی گئی ہیں، جس کی اطلاع متعلقہ افسران نے پرتاپ سرنائیک کو دی۔
 پرتاپ سرنائیک نے بتایا کہ ٹرانسپورٹ سروس کے پریزنٹیشن میں معلومات دیتے ہوئے، پوری ریاست کے انتظام کو چار مختلف علاقائی محکموں میں تقسیم کیا گیا ہے اور اس کے لیے ہر محکمہ میں ایک آئی اے ایس عہدہ کا افسر مقرر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ریاستی سطح پر اس سب کا انتظام کرنے کے لئے ایک سینئر آئی اے ایس افسر کا تقرر کیا جائے گا۔
  وزیر نے یہ بھی بتایا کہ انتظامی ڈھانچے میں کی گئی مثبت تبدیلیاں پوری ریاست کی ٹرانسپورٹ خدمات میں ہم آہنگی لانے اور مسافروں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے میں اہم رول ادا کرتی ہیں۔
 انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ہمیں دوسری ریاستوں کا دورہ کرنا چاہئےاور جو اچھی چیزیں ہیں، انہیں اپنے یہاں شروع کرنا چاہئے تاکہ شہریوں کو بہتر خدمات مہیا کرائی جاسکے ۔ اس کے ایک حصے کے طور پر، اس دورے کا منصوبہ کرناٹک اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ سروس کے ذریعے چلائی جانے والی طویل فاصلاتی خدمات جیسے ایروت، امباری، راج ہنس کے بارے میں جاننے کے ساتھ ساتھ ان کے علاقائی ٹرانسپورٹ مینجمنٹ کا مطالعہ کرنے اور ان کی ترغیبی اسکیموں کے بارے میں جاننے کے لئے کیا گیا تھا۔اس موقع پر بنگلورو میں کرناٹک اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے ہیڈ کوارٹر میں کرناٹک ٹرانسپورٹ سروس کا ایک پریزنٹیشن بھی دیا  گیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK