• Tue, 25 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

پاکستان زندہ باد کے نعرہ لگانے پر بھنگار کی دکان منہدم کر دی گئی

Updated: February 25, 2025, 12:04 PM IST | Agency | Sindhudurg

مالون میں بھیڑ کی ایما پر پولیس نے مبینہ طور پر نعرے لگانے کے الزام میں۲؍ لوگوں کو پہلے ہی گرفتار کر لیا تھا۔

The bulldozer of Zilla Parishad destroyed the shop. Photo: INN
ضلع پریشد کے بلڈوزر نے دکان کو تہس نہس کرکے رکھ دیا۔ تصویر: آئی این این

 اتوار کو ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ہوئے کرکٹ میچ کے دوران سندھو درگ کے مالون علاقے میں مبینہ طور پر کسی نے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے جسکے بعد حالات کشیدہ ہو گئے۔ اس معاملے میں ۲؍ لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ پیر کے روز بعض لوگوں نے بائیک ریلی نکالی اور انتظامیہ نے ان ۲؍ افراد کی بھنگار کی دکان منہدم کر دی۔ 
  یاد رہے کہ اس وقت دبئی میں چمپئن ٹرافی جاری ہے جس میں اتوار کے روز ہندوستان اور پاکستان کے درمیان میچ کھیلا گیا۔ میچ میں جب ہندوستان کے کپتان روہت شرما آئوٹ ہوئے تو مبینہ طور پر سندھو درگ ضلع کے مالون تعلقے میں واقع آڑ گائوں علاقے میں ۲؍ لڑکوں نے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔ اس پر وہاں موجود لوگ مشتعل ہو گئے اور انہوں نے ان دونوں لڑکوں کو پولیس کے حوالے کیا۔ اس بات کی تصدیق نہیں ہو سکی کہ دونوں کے نام کیا تھا لیکن نلیش رانے کے ٹویٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ دونوں مسلمان تھے۔ اتنا ہی نہیں مقامی باشندوں نے اس معاملے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے پیر کے روز ایک بائیک ریلی نکالی۔ کہا جا رہا ہے کہ اس ریلی میں تمام پارٹیوں کے کارکنان شامل تھے۔ 
 ان ’ آل پارٹی کارکنان‘ کا غصہ یہیں نہیں رکا بلکہ انہوں نے انتظامیہ سے شکایت کرکے ان لڑکوں کی بھنگار کی دکان منہدم کر دی۔ اس تعلق سے رکن اسمبلی نلیش رانے نے ٹویٹ کیا ہے کہ ’’مالون میں ایک اتر بھارتیہ مسلمان بھنگار والے نے کل ہندوستان پاکستان میچ کے دوران ’پاکستان زندہ باد ‘ کا نعرہ بلند کیا تھا۔ کارروائی کے طور پر ہم ان حرام خوروں کو ضلع سے نکال باہر کریں گے ہی لیکن فی الحال انتظامیہ نے ان کے بھنگار کے کاروبار کو تہس نہس کر دیا اس کیلئے ہم ضلع پریشد اور پولیس انتظامیہ کے شکر گزار ہیں۔ ‘‘
  یاد رہے کہ اس تعلق سے اب تک کوئی مصدقہ رپورٹ موصول نہیں ہوئی ہے کہ نوجوانوں نے درحقیقت کیا نعرے لگائے تھے اور اصل معاملہ کیا تھا۔ صرف اتنا معلوم ہوا ہے کہ پولیس نے ۲؍ لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس کا اب تک اس پر کوئی بیان نہیں آیا ہے۔ البتہ نلیش رانے نے ٹویٹ کرکے خود ہی خبر دی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK