• Thu, 26 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

آج سےراہل گاندھی کی’ نیائے یاترا‘ مہاراشٹر میں

Updated: March 12, 2024, 4:55 PM IST | Mumbai

ریاست کے نندور بار سے شروع ہونے والی یاترا ۱۷؍ مارچ کو ممبئی کے شیواجی پارک پر تکمیل کو پہنچے گی، کانگریس کی طرف سے ادھو ٹھاکرے کو بھی شرکت کی دعوت۔

On Monday, Rahul Gandhi held a rally in the last phase of Gujarat in Surat. Photo: PTI
پیر کو راہل گاندھی نے گجرات کے آخری مرحلے کی ریلی سورت میں منعقد کی۔ تصویر:پی ٹی آئی

کانگریس لیڈر راہل گاندھی کی قیادت میں ’بھارت جوڑو، نیائے یاترا‘ آج دوپہر مہاراشٹر میں داخل ہو گی۔ پیر کو یاترا نے اپنا گجرات دورہ مکمل کیا جہاں راہل گاندھی نے ۴؍ دنوں کے دوران ۷؍ اضلاع میں گھوم گھوم کر لوگوں سے ملاقات کی۔ مہاراشٹر راہل گاندھی کی اس یاترا کا آخری مقام ہوگا جہاں وہ ۵؍ دنوں کے اندر مختلف مقامات کا دورہ کریں گے۔ 
اطلاع کے مطابق راہل گاندھی نے پیر کو گجرات میں سردار ولبھ بھائی پٹیل کی یادگار پر انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد ریاست میں نیائے یاترا کے پروگرام کا اختتام کیا۔ اب آج دوپہر تقریباً ۲؍ بجے کے وقت نندور بارضلع سے یہ یاترا مہاراشٹر میں داخل ہو گی جہاں نیائے یاترا کی مشعل ریاستی کانگریس کے صدر نانا پٹولے کے حوالے کی جائے گی۔ یہاں کانگریسی کارکنان جوش وخروش کے ساتھ اپنے لیڈر کے استقبال کیلئے پہلے ہی موجود ہیں۔ یاد رہے کہ مہاراشٹر میں ۱۲ ؍ تا ۱۷؍ مارچ تک چلنے والی اس یاترا کے پہلے دن نندور بار میں راہل گاندھی طے شدہ پروگرام کے تحت آدیواسیوں کے ایک اجلاس سے خطاب کریں گے۔ 
راہل گاندھی دھولیہ اور مالیگائوں میں 
دوپہر میں نندوربار کے سی وی پمپ گرائونڈ پر منعقد آدیواسیوں جلسے سے خطاب کرنے کے بعد راہل گاندھی کی یہ یاترا اگلے ضلع یعنی دھولیہ میں داخل ہو گی۔ جہاں رات میں دونڈائچا نامی علاقے میں واقع واکھر (بھائوسار) گرائونڈ پر وہ لوگوں سے ملاقات کریں گے اور رات میں وہیں قیام کریں گے۔ اگلے دن یعنی بدھ ۱۳؍ مارچ کو راہل گاندھی دھولیہ شہر پہنچیں گے جہا ں ساڑھے ۱۱؍ بجے وہ منوہر ٹاکیز چوک پر عوام الناس سے خطاب کریں گے اور مقامی کارکنان اور دیگر لوگوں سے ملاقات کرکے مالیگائوں کیلئے روانہ ہوں گے۔ جبکہ ۱۲؍ بجے وہ شہر کے ہوٹل پونم گارڈن میں خواتین کے ایک پروگرام میں شریک ہوں گے۔ دوپہر کا کھانا کھانے کے بعد راہل گاندھی مالیگائوں کیلئے روانہ ہوں گے۔ مالیگائوں میں اولڈ آگرہ روڈ پر واقع سپر مارکیٹ میں ایک جلسے سے خطاب کریں گے۔ جبکہ رات وہ مالیگائوں کے ہوٹل فائونٹن میں قیام کریں گے۔ 
بھیونڈی میں جلسۂ عام سے خطاب 
۱۴؍ مارچ کو راہل گاندھی ناسک کے پمبل گائوں ، چاندوڑ، اور دیگر مقامات پر جلسوں اور میٹنگوں میں شرکت کرنے کے بعد پال گھر کیلئے روانہ ہوں گے۔ ۱۵؍ مارچ کو راہل گاندھی پال گھر کے مختلف مقامات پر لوگوں سے ملاقاتیں کریں گے۔ وہ موکھاڑا، وجے استمبھ، وکرم گڑھ اور دیگر علاقوں سے ہوتے ہوئے تھانے میں داخل ہوں گے۔ تھانے شہر میں وہ امباڑی، مہاپولی، علاقوں میں راہل گاندھی کا استقبال کیا جائے گا۔ جبکہ بھیونڈی شہر کے آنند دیگھے چوک پر وہ ایک جلسۂ عام سے خطاب کریں گے۔ ۱۵؍ کی رات وہ تھانے کے سونالے گرائونڈ پر قیام کریں گے اور اگلے دن یعنی ۱۶؍ مارچ کو ممبئی کیلئے روانہ ہوں گے۔ یوں تو ۱۶؍ مارچ کو راہل گاندھی کا ارادہ ممبئی کے مختلف علاقوں میں روڈ شو کرنے کا ہے۔ لیکن فی الحال اس تعلق سے یہ طے نہیں کیا گیا ہے کہ وہ کن علاقوں میں روڈ شو کریں گے۔ فی الحال اس کیلئے انتظامیہ کی جانب سے اجازت ملنے کا بھی انتظار ہے۔ ۱۷؍ مارچ کو شیواجی پارک کے تاریخی میدان پر راہل گاندھی جلسۂ عام سے خطاب کریں گے جس کے بعداس یاتراکا اختتام ہوگا۔ 
ادھو ٹھاکرے کو دعوت 
اس دوران مہاراشٹر کانگریس کی جانب سے مہا وکاس اگھاڑی کی اہم اتحادی شیوسینا( ادھو) کے سربراہ ادھو ٹھاکرے کو بھی ’نیائے یاترا‘ میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ منگل کو ادھو کو مدعو کرنے کیلئے کانگریس کے کئی اہم لیڈران باندرہ میں واقع ان کی رہائش گاہ ماتوشری پہنچے۔ سینئر لیڈر بالا صاحب تھورات، اپوزیشن لیڈر وجے وڈیٹیوار، ممبئی کانگریس کی صدر ورشا گائیکواڑ اور سابق وزیر اسلم شیخ پر مشتمل ایک وفد نے ادھو ٹھاکرے سے ملاقات کی اور انہیں گلدستہ پیش کیا۔ ساتھ ہی ان سے نیائے یاترا میں شرکت کی گزارش کی۔ توقع کی جا رہی ہے کہ ادھو ٹھاکرے ۱۷؍ مارچ کو شیواجی پارک کی ریلی میں شرکت کریں گے۔ یاد رہے کہ الیکشن سے قبل راہل گاندھی کی اس ریلی کو سیاسی طور پر انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ اس کی وجہ سے کانگریس کے مقامی کارکنان میں جوش وخروش نظر آ رہا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK