• Fri, 18 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

مہاگٹھ بندھن بہار میں انصاف کی جنگ لڑے گا، نتیش کمار کی کوئی ضرورت نہیں: راہل گاندھی

Updated: January 30, 2024, 6:44 PM IST | Patna

راہل گاندھی نے بہار میں بھارت جوڑونیائے یاترا کے دوران عوامی ریلی سے خطاب کے دوران کہا کہ بہار میں مہاگٹھ بندھن انصاف کیلئے اپنی جنگ جاری رکھے گا اور ہمیں اس مقصد کیلئے نتیش کمار کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔راہل نے ذات پر مبنی مردم شماری کا مطالبہ بھی دہرایا۔

Rahul meeting people during Yatra. Photo: PTI
یاترا کے دوران راہل عوام سے ملاقات کرتے ہوئے۔ تصویر: پی ٹی آئی

کانگریس کے لیڈر راہل گاندھی نے بہار میں بھارت جوڑو نیائے یاترا کے دوران ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بہار میں مہاگٹھ بندھن انصاف کیلئے اپنی جنگ جاری رکھے گااور اس اتحاد کو اب بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمارکی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ راہل گاندھی نے بہار کے پرنیا ضلع میں خطاب کے دوران مزید کہا کہ ملک میں دلتوں اور پسماندہ طبقات کے لوگوں کو ہر سیکٹر میں مناسب نمائندگی نہیں ملتی ہے۔ یاد رہے کہ بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے اتوار کو انڈیا اتحاد سے علیحدگی اور بی جے پی کی قیادت والی این ڈے اے میں شامل ہونے کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے بی جے پی کے ساتھ نئی حکومت تشکیل دی ہے اور ۹؍ ویںمرتبہ وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا ہے۔ 
کانگریسی لیڈر نے مزید کہا کہ مہاگٹھ بندھن بہار میں سماجی انصاف کیلئے اپنی جنگ جاری رکھے گا۔ہمیں اس مقصد کیلئے نتیش کمار کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔خیال رہے کہ اس مہاگٹھ بندھن میں کانگریس کے ساتھ آر جے ڈی اور دیگر پارٹیاں بھی شامل ہیں۔ 
راہل نے ریلی کے دوران مزید کہا کہ ہمارے ملک کو ذات پر مبنی مردم شماری کی ضرورت ہےتا کہ ہم ملک میں دلتوں، او بی سی اور قبائیلیوں کی تعداد کا پتا لگا سکیں۔ منی پورتشددکے حوالے سے گاندھی نے کہا کہ منی پور میں خانہ جنگی کے حالات پیدا ہو گئے ہیںپھر بھی وزیر اعظم نریندر مودی نے وہاں کا دورہ نہیں کیا۔
کانگریس کے صدر ملکار جن کھرگے بھی ریلی سے خطاب کرنے والے تھے لیکن ریاستی کانگریسی صدر اکھلیش پرساد کے مطابق ان کی فلائٹ کہرے کی وجہ سے بہار میں لینڈ نہیں کر سکی تھی اس لئے وہ نہیں پہنچ سکے۔البتہ کھرگے نے عوامی میٹنگ میں ورچوئل خطاب کیا ہے۔ 
واضح رہے کہ راہل گاندھی کی قیادت میں بھارت جوڑو نیائے یاترا منی پور سے شروع ہوئی ہے جو ۲۰؍ مارچ کو ممبئی میں ختم ہو گی۔ یاترا ۱۰؍ اضلاع سے ہو کر گزرے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK