شندے گروپ کو نظر انداز کرنے کے الزام کے بعد اجیت پوار کے دفتر نے وضاحت پیش کی، گوگائولے نے بھی اس کی تصدیق کی۔
EPAPER
Updated: February 13, 2025, 11:25 AM IST | Agency
شندے گروپ کو نظر انداز کرنے کے الزام کے بعد اجیت پوار کے دفتر نے وضاحت پیش کی، گوگائولے نے بھی اس کی تصدیق کی۔
ایک روز قبل خبر آئی تھی کہ وزیر مالیات اجیت پوار نے ایکناتھ شندے کی پارٹی کو نظر انداز کرتے ہوئے رائے گڑھ ڈسٹرکٹ پلاننگ کمیٹی کی میٹنگ منعقد کر لی۔ اس میٹنگ میں ریاستی وزیر ادیتی تٹکرے تو شریک تھیں لیکن شیوسینا (شندے) سے تعلق رکھنے والے ضلع کے اراکین اسمبلی کو اس میٹنگ میں نہیں بلایا گیا۔ اس پر شیوسینا (شندے) کے رکن اسمبلی مہندر دلوی اور مہندر تھوروے نے ناراضگی بھی ظاہر کی تھی اور ایکناتھ شندے سے شکایت کرنے کی بات کہی تھی۔ اب اجیت پوار کے دفتر نے اس معاملے کی وضاحت کی ہے۔
اجیت پوار کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق چونکہ ناسک اور رائے گڑھ ان دو اضلاع کا کوئی نگراں وزیر فی الحال نہیں ہے۔ اسلئے رائے گڑھ کی ڈسٹرکٹ پلاننگ کمیٹی کی میٹنگ میں اراکین اسمبلی کو نہیں بلایا گیا تھا بلکہ ضلع سے جو اراکین وزیر ہیں انہی کو مدعو کیا گیا تھا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس میٹنگ ادیتی تٹکرے کے علاوہ بھرت گوگائولے کو بھی مدعو کیا گیا تھا جو کہ وزیر ہیں لیکن وہ میٹنگ میں شریک نہیں ہوئے۔ ا سلئے یہ کہنا غلط ہے کہ میٹنگ میں شندے گروپ کو نظر انداز کیا گیا ہے۔ اس تعلق سے جب بھرت گوگائولے سے استفسار کیا گیا تو انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ انہیں میٹنگ میں مدعو کیا گیا تھا اور یہ بات بھی سچ ہے کہ وہ اس میٹنگ میں شرکت کرنے نہیں گئے۔ ا س کی وجہ انہوں نے یہ بتائی کہ انہیں ایک جلسے سے خطاب کرنے جانا تھا۔ بھرت گوگائولے کے مطابق ’’ میں نے انہیں مطلع کر دیا تھا کہ ۴۰؍ تا ۵۰؍ ہزار میرا انتظار کر رہے ہیں، مجھے ان سے خطاب کرنے جانا ہے اس لئے میں میٹنگ میں شریک نہیں ہو سکوں گا۔ ‘‘
یاد رہے اس خبر پر میڈیا میں خوب تبصرے ہو رہے تھے کہ مہایوتی حکومت میں ایکناتھ شندے اور ان کی پارٹی کو مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ اسی سلسلے کی ایک کڑی کے طور پر اس واقعے کو بھی دیکھا جا رہا تھا کہ اجیت پوار نے بلا کسی کو اطلاع دیئے ہیں رائے گڑھ ڈسٹرکٹ پلاننگ کمیٹی کی میٹنگ بلالی۔ اس میں انہوں نے ادیتی تٹکرے اور دیگر اراکین اسمبلی کو تو مدعو کیا لیکن شیوسینا (شندے) کے ۳؍ اراکین اسمبلی کو اس کی خبر تک نہیں دی۔