غیر قانونی دکانوں اور فٹپاتھ سے قبضہ ہٹانے کی شہری انتظامیہ کی مہم میں تیزی۔
EPAPER
Updated: April 09, 2025, 12:33 PM IST | Khan Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
غیر قانونی دکانوں اور فٹپاتھ سے قبضہ ہٹانے کی شہری انتظامیہ کی مہم میں تیزی۔
بھیونڈی۔ نظام پور شہر میونسپل کارپوریشن نے غیر قانونی قبضہ جات کے خلاف اپنی مہم میں تیزی لاتے ہوئے شہر کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی دکانوں اور فٹ پاتھ پر قائم تجاوزات کو ہٹانے کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔واضح رہےکہ میونسپل کمشنر و ایڈمنسٹریٹر انمول ساگر کی زیر صدارت ۲۶؍مارچ ۲۰۲۵ء کو منعقدہ میٹنگ میں شہر کے تمام پانچوں پربھاگ میں مرکزی سڑکوں، بازاروں، اور اندرونی گلیوں سے ہر قسم کے غیر قانونی ہاتھ گاڑی ، ٹھیلوں، باکڑے ، اسٹال، ہوڈنگز، بینرز اور پوسٹرز کے خلاف کارروائی کا حکم دیا گیا تھا۔اسی کے پیش نظر میونسپل افسران نے پیر سے پربھاگ سمیتی ایک سے لے کر پربھاگ سمیتی ۴؍ تک مختلف مقامات پر تجاوزات کے خلاف خصوصی مہم چلائی ۔ پربھاگ سمیتی ایک میں باغ فردوس کے سامنے پٹرول پمپ سے لے کر کھنڈوپاڑہ روڈ اور طیب مسجد تک، پربھاگ سمیتی۲؍میں سائی بابا ناکہ، اریہنت سٹی، ایس کے این بھٹّی، رنجیت نائیک گھر تا سائی بابا مندر، پربھاگ سمیتی ۳؍میں دھامنکر ناکہ، بی این این کالج روڈ سے پدما نگر واٹر سپلائی روڈ، کامت گھر شیو سینا دفتر، گنیش نگر، انجور پھاٹا اور شبھ شانتی ریلوے اسٹیشن روڈ تک جبکہ زون ۴؍ میں ساریکا ہوٹل، تھانے روڈ سے دھامنکر ناکہ، رتن ٹاکیز روڈ اور فلائی اوور کے نیچے کے علاقوں میں کارروائی عمل میں آئی۔ ان کارروائیوں کے دوران تقریباً ۱۷۰؍غیر قانونی اسٹالز، ہاتھ گاڑی اور دیگر سامان ضبط کرکے میونسپل گودام میں جمع کرایا گیا۔اسی تسلسل میں مرغی بازار کے قریب واقع ہندوستانی مسجد کے اطراف کی دکانوں پر بھی توجہ دی گئی، جہاں میونسپل افسران نے قبل از وقت نوٹس جاری کرکے دکانداروں کو خبردار کیا تھا کہ وہ خود ہی اپنی دکانوں کے غیر قانونی اور اضافی حصے کو منہدم کردیں۔
منگل کے روز دیکھا گیا کہ بیشتر دکانداروں نے اپنی دکانوں کو نشان کے مطابق خود ہی توڑ کر سامان نکال لیا۔ لبرٹی ٹی کمپنی کے مالک نے بتایا کہ افسران کی جانب سے پہلے ہی نوٹس دیا جا چکا تھا، اسی لئے ہم خود ہی دکان کا اضافی حصہ ہٹا رہے ہیں۔ معاون میونسپل کمشنر وکرم داراڈے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ تجاوزات از خود ہٹا کر انتظامیہ کا تعاون کریں، بصورت دیگر باقاعدہ کارروائی جاری رکھی جائے گی۔میونسپل انتظامیہ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ بھیونڈی شہر کو صاف، منظم اور تجاوزات سے پاک بنانے کیلئے یہ مہم مسلسل جاری رہے گی۔