نائیلون مانجھے کی، جو انسانوں اور جانوروں کیلئے جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے، پابندی کے باوجود فروخت جاری ہے۔
EPAPER
Updated: January 12, 2025, 11:43 AM IST | khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
نائیلون مانجھے کی، جو انسانوں اور جانوروں کیلئے جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے، پابندی کے باوجود فروخت جاری ہے۔
یہاں میونسپل کارپوریشن نے ماحولیاتی تحفظ کیلئے ناقابل تحلیل پلاسٹک اور نائلون مانجے کے فروخت پر پابندی کیلئے مہم کا آغاز کیا ہے۔ اس مہم کے دوران افسران نے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر دکانداروں پر ۳۵؍ہزار جرمانہ عائدکیا اور ۵۰۰؍کلوگرام ناقابل تحلیل پلاسٹک اور نائلون مانجے کا بڑا ذخیرہ ضبط کیاہے۔
واضح رہےکہ نائیلون مانجھے کی، جو انسانوں اور جانوروں کیلئے جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے، پابندی کے باوجود فروخت جاری ہے۔ میونسپل کارپوریشن کے محکمہ ماحولیات نے۲۹؍ نومبر ۲۰۲۴ء کو عوام کو نائلون کے مانجھے کے استعمال کے خطرات سے آگاہ کرنے کیلئے ایک خصوصی آگاہی مہم شروع کی تھی۔ اخبارات میں اشتہارات شائع کئے گئے اور۲؍ جنوری ۲۰۲۵ء کو متعلقہ افسران کو نائلون مانجھے کی فروخت پر پابندی کیلئے کارروائی کے احکامات جاری کئے گئے۔ اس پر عمل کرتے ہوئے افسران نے ۱۰؍ جنوری تک کارروائی کرتے ہوئے متعدد دکانوں سے نائلون کے مانجھے اور پلاسٹک پتنگوں کے علاوہ ممنوعہ پلاسٹک سے بنی اشیاءکا ذخیرہ ضبط کیا۔ اس کارروائی کے دوران افسران نے ۳۵؍ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔ نیز ضبط شدہ سامان کو کارپوریشن کے گودام میں منتقل کر دیا گیا۔
میونسپل کارپوریشن کے عوامی رابطہ افسر سری کانت پردیسی نے بتایا کہ ماحولیاتی تحفظ کیلئے کارپوریشن نے ۱۰؍ نئے ملازمین کی تقرری کی ہے تاکہ مہم کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔ کارپوریشن کے افسران نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ماحول دوست اقدامات میں تعاون کریں اور پلاسٹک کے استعمال سے گریز کریں۔ میونسپل کارپورریشن کے محکمہ ماحولیات کے انچارج سدام جادھونے بتایاکہ ’’یہ مہم صرف ایک آغاز ہے۔ ہم ماحولیاتی نقصان کو کم کرنے اور شہریوں کیلئے ایک صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کیلئے پُرعزم ہیں۔ ‘‘
نائیلون مانجھا فروخت کرنے والوں کے خلاف شکایت درج
شہر پولیس اسٹیشن کے اہلکار سمادھان بھوسلے رات ۱۱؍ بجے نہرو نگر نئی بستی کے علاقے میں گشت پر تھے۔ اس دوران ہنومان مندر کے قریب موئس شاہ کو پتنگ اڑانے کیلئے نائیلون مانجھا فروخت کرتے ہوئے پکڑا لیا۔ تفتیش میں اس کے پاس مونو کمپنی کا ممنوعہ نائیلون مانجھا برآمد ہوا، جسے وہ فروخت کے ارادے سے لایا تھا۔ پولیس نے نائیلون کا مانجھا ضبط کر کے موئس شاہ کے خلاف مختلف دفعات کے تحت شکایت درج کی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ نائیلون مانجھے کے فروخت پر مکمل پابندی کے باوجود اس کا غیر قانونی استعمال خطرناک حادثات کا باعث بن رہا ہے۔