• Thu, 06 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھیونڈی: گرمی کے موسم کے پیش نظرٹورینٹ پاور کی صارفین کیلئے ایڈوائزری

Updated: February 06, 2025, 12:08 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

حادثات سے بچنے کیلئے منظور شدہ بجلی لوڈ اپ گریڈ کروانے کا مشورہ دیا، کہا: پرانے برقی آلات کی جانچ بھی کریں۔

Torrent Power office at Bhiwandi. Photo: INN
بھیونڈی میں ٹورینٹ پاور کا دفتر۔ تصویر: آئی این این

 گرمیوں سے قبل ہی شہر میں فرنچائزی طرز پر بجلی سپلائی کرنے والی ٹورینٹ پاور کمپنی نے حادثات سے محفوظ رہنے کیلئے اقدامات شروع کردیئے ہیںجس کے تحت اس نے گرمیوں کے دوران حادثات کی روک تھام کیلئے صارفین کیلئے ایک ایڈوائزری جاری کی ہے جس میں احتیاطی تدابیر اپنانے پر زور دیا گیا ہے۔
 ٹورینٹ پاور کے عوامی رابطہ افسر چیتن بادیانی کے مطابق بجلی صارفین کو چاہئے کہ وہ سب سے پہلے اپنے منظور شدہ لوڈ کا جائزہ لیں اور اگر بجلی کا استعمال زیادہ ہو گیا ہے تو اسے فوری طور پر اپ گریڈ کروائیں۔ اگر منظور شدہ لوڈ کم ہوگا تو اوورلوڈنگ کے باعث میٹر اور تاروں کے حد سے زیادہ گرم ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، جو کسی بھی وقت آگ لگنے یا دیگر حادثات کا سبب بن سکتا ہے۔
 صارفین کے لئے اہم ہدایات :
منظور شدہ بجلی لوڈ اپ گریڈ کروائیں۔ اگر بجلی کا استعمال بڑھ گیا ہے تو وقتاً فوقتاً ٹورینٹ پاور یا متعلقہ بجلی فراہم کنندہ سے رابطہ کر کے لوڈ کی اپ ڈیٹ کروائیںتاکہ اوورلوڈنگ سے بچا جا سکے۔ پرانے برقی آلات اور وائرنگ کی جانچ کریں۔ گھروں اور دفاتر میں پرانے یا خراب برقی آلات اور وائرنگ کی فوری جانچ کروائیں کیونکہ ناکارہ وائرنگ آگ لگنے یا شارٹ سرکٹ کا باعث بن سکتی ہے۔ معیاری حفاظتی آلات کا استعمال کریں۔ سرکٹ بریکر، فیوز اور دیگر حفاظتی آلات صرف معیاری اور مستند کمپنیوں کے لگوائیں تاکہ کسی بھی برقی خرابی کی صورت میں فوری تحفظ مل سکے۔غیر ضروری آلات بند رکھیں۔ بجلی کی بچت اور حفاظت کیلئے غیر ضروری برقی آلات بند کریں اور انہیں ساکٹ سے نکال دیں، خاص طور پر رات کے وقت یا بارش و طوفان کے دوران۔
 ٹورینٹ پاور نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی برقی خرابی، چنگاری یا دیگر خطرناک مسئلے کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ محکمے سے رابطہ کریں تاکہ بروقت مدد حاصل کی جا سکے اور بڑے حادثات سے بچا جا سکے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK