• Sat, 19 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

بھیونڈی: ایمانداری کی مثال، اے ٹی ایم سے زائد رقم نکلنے پر روپے بینک کو واپس کردیئے

Updated: October 19, 2024, 2:07 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai

کہتے ہیں کہ  پیسوں کا لالچ انسان  کو بدحواس اور بے ایمان بنا دیتا ہے، لیکن کچھ ایسے لوگ بھی ہیں، جو اس مفروضے کو اپنے عملی اقدام سے غلط ثابت کردیتے ہیں۔

Mishkut Sheikh who reported the malfunction in the ATM and also returned the excess amount. Photo: INN
مشکوٰۃ شیخ جنہوںنے اے ٹی ایم میں خرابی کی اطلاع دی اور زائد رقم بھی لوٹا دی۔ تصویر : آئی این این

کہتے ہیں کہ  پیسوں کا لالچ انسان  کو بدحواس اور بے ایمان بنا دیتا ہے، لیکن کچھ ایسے لوگ بھی ہیں، جو اس مفروضے کو اپنے عملی اقدام سے غلط ثابت کردیتے ہیں۔ اسی طرح ایمانداری کی ایک مثال اس وقت دیکھنے کو ملی جب اسلام پورہ میں رہنے والے مشکوٰۃ شیخ نام کے نوجوان نے اے ٹی ایم سے زائد پیسے ملنے کے بعد بھی نہ صرف بینک کو واپس کردیا بلکہ اے ٹی ایم ہیلپ نمبر پر فون کرکے اے ٹی ایم کے خراب ہونے کی اطلاع بھی دی۔
اطلاع کے مطابق اسلام پورہ کے رہنے والے مشکوٰۃ شیخ کا بینک اکاؤنٹ زکات ناکہ پر واقع بینک آف بڑودہ میں ہے۔ گزشتہ روز پیسوں کی ضرورت کے تحت شام ساڑھے۷؍بجے وہ زکات ناکہ پر کونارک آرکیڈ میں واقع بینک آف بڑودہ کے اے ٹی ایم پہنچے۔ وہ اس وقت حیران رہ گئے جب اے ٹی ایم میں اپنی ضرورت کے ۶۰۰؍روپے کی انٹری کے بعد مشین سے ۱۵۰۰؍روپے باہر نکلے۔ دلچسپ بات یہ کہ بینک سے آئے میسیج کے مطابق ان کے کھاتے سے ۶۰۰؍ روپے ہی کم ہوئے تھے۔ اس کے بعد دوبارہ انہوں نے ۶۰۰؍ روپے کی انٹری کی تو ایک بار پھر ۱۵۰۰؍ روپے باہر آئے۔ 
حیران ہوکر انہوں نے اسلام پورہ میں ہی رہنے والے اپنے ایک دوست کو بلایا۔ اس نے بھی ۶۰۰؍روپے کی انٹری کی تو اسے بھی ۱۵۰۰؍روپے باہر نکلے۔ جس کے بعد مشکوٰۃ شیخ نے اے ٹی ایم ہیلپ نمبر پر فون کرکے اس کی شکایت کی۔ کچھ  دیر بعد بینک کے اہلکار وہاں پہنچ کر مذکورہ اے ٹی ایم کو بند کردیا۔ مشکوٰۃ شیخ نے اے ٹی ایم سے نکلے زائد روپے بینک اہلکاروں کو واپس کردیئے۔ مشکوٰۃ کی ایمانداری کی پورے شہر میں پذیرائی ہورہی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اے ٹی ایم  پربھی لاڈلی بہن اسکیم کا اثر ہوگیا ہے؟ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK