Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھیونڈی :امبیڈکر جینتی پر تلواریں لہرا کر دہشت پھیلانے کی کوشش

Updated: April 15, 2025, 10:18 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai

سڑک بند کئے جانے سے ناراض نوجوان نے ذات پات پر مبنی گالیاں دیں،شکایت درج۔

Davidas Patil carrying a sword. Picture: INN
دیویداس پاٹل تلوار لئےہوئے۔ تصویر: آئی این این

شہر سے ملحق کھونی گرام پنچایت علاقے میں ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کی جینتی کے موقع پر سدھارتھ نگر علاقے میں اس وقت افرا تفری مچ گئی جب ایک نوجوان نے سڑک بند ہونے سے ناراض ہو کر گالی گلوج اور تلواریں لہرا کر لوگوں کو خوف زدہ کرنے کی کوشش کی۔ پولیس نے شکایت درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔
 تفصیلات کے مطابق بھیونڈی شہر اور اس کے مضافاتی علاقوں میں بابا صاحب امبیڈکر کی جینتی روایتی جوش و خروش سے منائی جا رہی تھی۔اتوار اور پیر کی درمیانی شب کھونی گرام پنچایت کے سدھارتھ نگر میں بھی عوامی سطح پر جشن منانےکیلئے زبردست سجاوٹ کی گئی تھی اور خواتین و مرد حضرات موسیقی (آرکسٹرا) سے لطف اندوز ہو رہے تھے۔اسی دوران دیویداس پاٹل نام کا ایک نوجوان اپنی موٹر سائیکل پر وہاں پہنچا۔ سڑک بند ہونے پر اس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مبینہ طور پر ذات پات پر مبنی گالیاں دینی شروع کر دیں۔ بات یہیں ختم نہیں ہوئی، دیویداس نے اپنے گھر جا کر دونوں ہاتھوں میں تلواریں اٹھائیں اور واپس آ کر لوگوں پر حملہ کرنے کی کوشش کی۔اس کی حرکت سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ لیکن ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقامی نوجوان ساگر پاٹل نے دیویداس کو قابو میں کیا اور اس کے ہاتھوں سے دونوں تلواریں چھین کر ماحول کو مزید خراب ہونے سے بچایا۔ 
 اس واقعے پر مقامی شہری بالارام جادھو کی شکایت پر دیویداس پاٹل کے خلاف تعزیرات ہند کے تحت دہشت پھیلانے، ذات پات کی بنیاد پر بدسلوکی اور ظلم و زیادتی مخالف قانون ایس سی/ ایس ٹی ایٹروسٹی ایکٹ کے تحت نظام پورہ پولیس اسٹیشن میں شکایتدرج کر لی گئی ہے۔ فی الحال ملزم دیویداس پاٹل فرار ہے اور پولیس اس کی تلاش میں مصروف ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK