• Thu, 06 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھیونڈی: بی جے پی پر شمالی ہندوستان کے باشندوں کو نظرانداز کرنے کا الزام

Updated: January 28, 2025, 11:39 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

اتر پردیش کے یوم تاسیس کے موقع پر بی جے پی کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے اہم لیڈر غائب، میونسپل انتخاب میں مناسب نمائندگی دینے پر زور۔

A scene from the program of BJP Uttar Bharati Morcha. Photo: INN
بی جے پی اتر بھارتی مورچہ کےپروگرام کا ایک منظر۔ تصویر: آئی این این

یہاں ’بی جے پی اتر بھارتی مورچہ‘ کی جانب سے اتر پردیش کے یومِ تاسیس کے موقع پر منعقدہ تقریب سے بی جے پی کے اہم لیڈروں کی غیرموجودگی نے اتر بھارتیوں میں ناراضگی پیدا کردی ہے۔ تقریب میں موجود شرکاء میں سے بیشتر کی رائے تھی کہ بی جے پی انہیں صرف ووٹ بینک کے طور پر استعمال کرتی ہے۔ 
  تقریب میں شمالی ہندوستان کے باشندوں کو میونسپل کارپوریشن انتخابات میں مناسب نمائندگی دینے کا مطالبہ بھی زور و شور سے اٹھایا گیا۔ اس موقع پربی جے پی کی حلیف این سی پی (اجیت پوار) کے مقامی صدر پروین پاٹل نے تقریب میں موجودبی جے پی کے مقامی صدر ایڈوکیٹ ہرشل پاٹل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اتر بھارتیوں کی سیاسی حمایت ہر الیکشن میں لی جاتی ہے، شمالی ہندوستان سے تعلق رکھنے والے لوگ اپنا ووٹ ہمیں دیتے ہیں لیکن انہیں بلدیاتی انتخابات میں نمائندگی سے ہمیشہ محروم رکھا جاتا ہے۔ مہایوتی اتحاد میں شامل سبھی پارٹیوں کومیونسپل انتخاب میں اتر بھارتیوں کی بے لوث حمایت کا احترام کرتے ہوئے انہیں کم از کم ۴؍سیٹیں ضرور دینی چاہئیں۔ تقریب میں شامل ایک کارکن نے کہا کہ بلدیاتی انتخاب میں ۹۰؍ سیٹوں میں کم از کم۱۰؍ سیٹیں اتر بھارتیوں کیلئے مختص کی جانی چاہئیں تاکہ ان کے حقوق کا تحفظ ہوسکے۔ 
اہم لیڈروں کی غیرحاضری سے نیت پر سوال
 بی جے پی کے زیرِ اہتمام اس پروگرام میں اہم لیڈروں کی غیرحاضری نے شرکاء کو مایوس کیا۔ بی جے پی کے مقامی صدر ایڈوکیٹ ہرشل پاٹل کےسوا بی جے پی کا کوئی بھی اہم لیڈر تقریب میں موجود نہیں تھا۔ سابق مرکزی وزیر کپل پاٹل اور مغربی حلقہ کے رکن اسمبلی مہیش چوگھلے کی غیر حاضری پورے تقریب میں موضوع بحث رہی، منتظمین کے مطابق کپل پاٹل دبئی جانے کی وجہ سے غیرحاضر تھے تو مہیش چوگھلے کی غیر حاضری کی وجہ ان کی آنکھ کا آپریشن بتایا گیا۔ ان دونوں لیڈروں کی غیرحاضری نے شرکاء کے ذہنوں میں یہ سوال پیدا کیا کہ بی جے پی شمالی ہندوستان کے باشندوں  سے متعلق سنجیدہ ہے یا نہیں؟
 اتر بھارتی بی جے پی کے رویے سےناراض
 اس موقع پر بی جے پی نے ثقافتی پروگرام اور اعزازات کے ذریعے اتر بھارتیوں کو خوش کرنے کی کوشش کی لیکن تقریب میں موجود شمالی ہندوستان کے کارکنوں نے اسے محض دکھاوا قرار دیا۔ ایک کارکن نے کہا کہ یہ سب صرف نمائشی ہے اور بی جے پی شمالی ہندوستان کے باشندوں کو صرف ووٹ بینک کے طور پر استعمال کرتی ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ بی جے پی آنے والے میونسپل انتخابات میں شمالی ہندوستان کے باشندوں کو ان کا حق دیتی ہے یا یہ معاملہ ہمیشہ کی طرح دعوؤں اور وعدوں ہی تک محدود رہے گا؟

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK