• Sat, 21 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

بھیونڈی: آلودگی کی بڑھتی سطح سے شہریوں میں تشویش لیکن پولیوشن کنٹرول بورڈ لاپروا

Updated: October 15, 2024, 10:43 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai

شہر اور مضافات میں فضائی اورماحولیاتی آلودگی کے بڑھتے اثرات سے شہری پریشان ہیں۔ وہ آلودگی اور اس سے مرتب ہونے والے امراض سے متعلق سخت فکرمند ہیں۔

Smoke can be seen billowing from the chimney of a company in Bhiwandi. Photo: INN
بھیونڈی میں ایک کمپنی کی چمنی سے نکلنے والے دھوئیں کو دیکھا جا سکتا ہے۔ تصویر : آئی این این

شہر اور مضافات میں فضائی اورماحولیاتی آلودگی کے بڑھتے اثرات سے شہری پریشان ہیں۔وہ آلودگی اور اس سے مرتب ہونے والے امراض  سے متعلق سخت فکرمند ہیں۔اس کے باوجود محکمہ صحت اور مہاراشٹرپولیوشن کنٹرول بورڈ اس جانب کوئی توجہ نہیں دے رہا ہے۔
واضح ہوکہ پاور لوم نگری میں ڈائنگ،موتی کارخانوں،جینس واشنگ کے کارخانوںاور خستہ حال ۲؍۳؍اور۴؍پہیوں والی گاڑیوں کے ساتھ پاور لوم صنعت سے جڑی سائزنگ ودیگر اکائیوں کی چمنیوں سے نکلنے والے دھوئیں نے ماحول کو پوری طرح آلودہ کردیا ہے۔ اسی کے ساتھ ہی موٹر گاڑیوں سےنکلنے والے زہریلے دھویں اور سڑکوں کی خستہ حالی کے سبب اُڑنے والی دھول مٹی نے شہر کی فضا کو زہریلا بنادیا ہےجو شہریوں کی صحت کیلئے انتہائی مضر ہیں۔بتایا جاتا ہے کہ ڈائنگ اور سائزنگ سے نکلنے والے مہلک دھوئیں سے شہر اورمضافات کے مکینوں کو سانس سے  متعلق بیماریوں  میں مبتلا ہونے کی تعداد میں خاصا اضافہ ہوا ہے۔ شہریوں کا الزام ہے کہ پولیوشن کنٹرول بورڈ شہر میں آلودگی کی سطح کو کم کرنے میں کوئی سنجیدہ کوشش نہیں کررہا ہے۔
 مشرقی حلقہ کے رکن اسمبلی  رئیس شیخ نے بتایا کہ شہر میں آلودگی کی سطح کا مسئلہ ایوان اسمبلی میں اُٹھاچکے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ شہر میں آلودگی کی سطح معلوم کرنے کیلئے کنٹرول بورڈ کے ذریعہ  ایک وین لاکر ۲؍ دن تک کھڑی رکھی جاتی ہے۔ اس ۲؍دن کی رپورٹ کی بنیاد پر کنٹرول بورڈ دعویٰ کرتا ہے کہ شہر میں آلودگی کی سطح کم ہے۔ آلودگی پر قابو پانے کے لئے شہر میں مستقل طور پر مشینیں لگانے کی ضرورت ہےجن کا انہوں نے وزیر اعلیٰ سے مطالبہ کیا ہے۔
سماجی کارکن ایڈوکیٹ کرن چننے نے اس تعلق سے بتایا کہ وہ شہر میں گزشتہ۵؍ سے ۶؍ برسوں  سے وہ ڈائنگ اور سائزنگ کمپنیوں کے زہریلے دھویں اور اس سے ہونے والی آلودگی کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں۔ وہ  راستہ روکو تحریک کے ساتھ ساتھ پولیوشن کنٹرول بورڈ اور حکومت کو کئی بار شکایات اور میمورنڈم بھی دے چکے ہیں لیکن آج بھی شہر کے مکین ڈائینگ اور سائزنگ سے ہونے والی آلودگی سے پریشان ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ دو تین سال قبل ان کی شکایت کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے پرانت آفیسر نے سائزنگ اور رنگنے والی کمپنیوں کو نوٹس دیا تھالیکن پرانت افسر کی جانب سے نوٹس دئیے جانے کے بعد کمپنیوں نے کیا اقدامات کئے اس کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ اگر پولیوشن کنٹرول بورڈ کی جانب سے کوئی کارروائی نہیں کی گئی تو جلد ہی احتجاج کریں گے۔
 اس ضمن میں میونسپل کارپوریشن کے آلودگی کنٹرول کے افسرانل اوہاڑنے بتایا کہ شہر میں آلودگی کے بارے میں شکایت موصول ہونے پر اس کی جانچ کرکے رپورٹ کلیان کے پولیوشن کنٹرول بورڈ بھیج دی جاتی ہے۔حتمی کارروائی پولیوشن کنٹرول بورڈ کلیان کو کرنی ہوتی ہے لیکن کوئی کارروائی نہ ہونے کی وجہ سے شہر کے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK