• Sun, 22 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

بھیونڈی: فضائی آلودگی کے سبب نزلہ، کھانسی اور گلے کی بیماریوں سے شہری پریشان

Updated: December 04, 2024, 1:37 PM IST | Agency | Mumbai

نجی دواخانوں اور اسپتالوں میں مریضوں کی بھیڑ،شہری انتظامیہ نے فضائی آلودگی پر قابو پانے کےلئے سڑکوں پر پانی کاچھڑکاؤ شروع کیا۔

Air pollution is increasing in the city. Photo: INN
شہر میں فضائی آلودگی بڑھتی جا رہی ہے۔ تصویر: آئی این این

یہاں شہر اور آس پاس کے دیہی علاقوں میں آلودگی کی سطح بڑھنے اورسردی کی شدت میں اضافہ نے شہریوں کو مختلف امراض میں مبتلا کردیا ہے۔ شہر میں بڑھتی آلودگی کے باعث شہری نزلہ،زکام،  سردی،کھانسی،بخار اور گلے کی بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔اس کی وجہ سے دواخانوں میں مریضوں کی بھیڑ دیکھی جارہی ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق، پاور لوم نگری میں موجودہ پی ایم کی سطح ڈبلیو ایچ او کے رہنما خطوط سے بہت گنا زیادہ ہےجس سے  باعث خطرناک بیماریوں میں مبتلا حساس افراد کو محتاط رہنے کامشورہ دیا گیا ہے۔
معلوم ہوکہ  پاور لوم نگری میں ڈائنگ ،موتی کارخانوں،جینس واشنگ کے کارخانوں اورپاور لوم صنعت سے جڑی سائزنگ و دیگر اکائیوں کی چمنیوں سے زہریلے دھوئیں کااخراج ہورہا ہے۔ ۲؍،۳؍ اور ۴؍پہیوں والی پرانی گاڑیوں سے نکلنے والے دھوئیں کے ساتھ ہی  سڑکوں کی خستہ حالی کے سبب اُڑنے والی دھول مٹی نے شہر کی فضاء کو زہریلا بنایا ہے، جو شہریوں کی صحت کیلئے انتہائی مضر ہے۔اس پر مزید ستم یہ کہ کئی ڈائنگ اور سائزنگ کمپنیاں مبینہ طور پرآلودگی کنٹرول بورڈ کے قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے  مہنگے کوئلے اور لکڑی کی عدم دستیابی کا بہانہ کرکے پلاسٹک، تھرماکول اورکوڑے کرکٹ  جلا رہے ہیں جس کی وجہ سے شہر میں آلودگی کی سطح میں  دن بدن اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔  بڑھتی ہوئی آلودگی اور سردموسم کے باعث  صبح کے وقت دھند اور سڑکوں سے اڑنے والی گرد نے شہریوں کوپریشان کردیا ہے۔ شہریوں کا الزام ہے کہ پولیوشن کنٹرول بورڈ آلودگی کی سطح کو نظر انداز کررہا ہے۔
اس ضمن میں معروف معالج ڈاکٹر شفیق احمد صدیقی نے انقلاب کو بتایا کہ سردی اور آلودگی کی سطح میں اضافے کے سبب شہر میں نزلہ، کھانسی، بخار اور گلے کی بیماریوں میں مبتلا مریضوں کی تعداد میں خاسا اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مرض کی شدت کا یہ عالم ہے کہ مریض کو مکمل صحت یاب ہونے میں ۲؍ ہفتے یا اس سے زائد کاوقت لگ رہا ہے۔انہوں نے مشورہ دیا کہ شہری محتاط رہیں اور صحت کے تعلق سے کسی بھی طرح کی لاپروائی اور معمولی مرض کوکم تر سمجھ کر اسے  نظر انداز کرنے کی غلطی بالکل بھی نہ کریں۔میونسپل کارپوریشن کے چیف سینی ٹیشن آفیسرجے ایم سوناونے  نے بتایا کہ سڑک سے اڑنے والی دھول سے ہونے والی آلودگی کو روکنے کیلئے میونسپل کارپوریشن انتظامیہ نے جمعہ سے شہر کے فلائی اوورز پر پانی چھڑک کر صفائی کا کام شروع کر دیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK