میونسپل کمشنر کی سرکاری رہائش گاہ کے قریب سڑک پر کئی ماہ سے گندہ پانی بہہ رہا ہے، انتظامیہ بے حس۔
EPAPER
Updated: November 04, 2024, 11:45 AM IST | khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
میونسپل کمشنر کی سرکاری رہائش گاہ کے قریب سڑک پر کئی ماہ سے گندہ پانی بہہ رہا ہے، انتظامیہ بے حس۔
یہاں شہر کےپاش علاقے مانسرووراورمیونسپل کمشنر کے سرکاری بنگلے کے قریب کی سڑک بھی خستہ حالی کا شکار ہے۔ اسپر گزشتہ کئی ماہ سے نالے کا گندہ پانی بہہ رہا ہےجو سڑک کے گڑھوں میں جمع ہوکر شہریوں کی پریشانیوں کا سبب بنا ہوا ہے۔ مقامی شہریوں کی شکایت کے باوجود نہ تو سڑک پر پڑے گڑھے بھرے جا رہے ہیں اور نہ ہی نالیوں کی صفائی کی جا رہی ہے۔
معلوم ہوکہ ورلا تالاب سے متصل مانسرور شہر کا پاش علاقہ کہلاتا ہے۔ یہاں پر میونسپل کمشنر کی سرکاری رہائش گاہ بھی ہے۔ اس کے باوجود یہاں کی سڑکیں بدحال ہیں۔ مقامی شہریوں کے مطابق سڑک کی مرمت نہ ہونے کے باعث یہاں کی سڑکیں خستہ حالی کا شکار ہیں ۔ سڑک کے ان گڑھوں میں نالیوں اور عوامی بیت الخلاء کا گندہ پانی بہہ کرگڑھوں میں جمع ہوجاتا ہے جس کی وجہ سے سڑک پر ہمیشہ کیچڑ بنارہتا ہے۔ یہ کیچڑ، ہواخوری کیلئے آنے والے شہریوں، جن میں خواتین اور معمر افراد کی اکثریت ہوتی ہے، شدیددشواری کا سبب بن رہا ہے۔
یہاں رہنے والے ایک ٹیچر پرمود پانڈے نے بتایا کہ مانسروور کے نالے کی صفائی نہ ہونے کی وجہ سے نالہ مکمل طور پر بند ہوگیا ہے جس کی وجہ سے گزشتہ کئی ماہ سے نالے کا گندا پانی سڑک پر بہہ رہا ہے۔ سڑک کی مرمت کیلئے سماجی کارکن رتن لال پروہت کے ساتھ یہاں کی متعددسوسائٹیوں کے ذریعہ میونسپل کارپوریشن کو کئی خط لکھے جا چکے ہیں۔ رتن لال پروہت کے مطابق سڑک کی مرمت اور ڈرینیج کی صفائی کے لئے وہ کئی مرتبہ پربھاگ سمیتی ۳؍کے معاون میونسپل کمشنر سے بھی ملاقات کر چکے ہیں لیکن نہ تو سڑک کی مرمت کی گئی اور نہ ہی نالے کی صفائی کی گئی۔
مقامی سابق کارپوریٹر شیام اگروال نے بتایا کہ اس سڑک پر ڈرینیج لائن بچھاتے وقت ٹھیکیدار کے ذریعہ لائن ٹوٹ گئی تھی جس کی مرمت نہیں کی گئی۔ اس وجہ سے اس کا گندہ پانی سڑک پر بہتا رہتا ہے۔ انہوں نے کئی بار میونسپل کارپوریشن انتظامیہ سے اس کی شکایت کی ہے لیکن اس کی مرمت نہیں جارہی ہے۔ ایگزیکٹیو سٹی انجینئرسچن نائک سے جب اس مسئلے پراستفسار کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ ابھی ۲؍ روزقبل ہی وہ مانسروور روڈ پر گئے تھے۔ مانسروور کے نالے جام ہو گئے ہیں جس کی وجہ سے یہاں رہنے والے کچھ لوگوں کے گھروں کا پانی سڑک پر بہہ رہا ہے۔ سڑک کی حالت بلاشبہ خراب ہے۔ جلد ہی اس کی مرمت کی جائے گی اور نالے کی صفائی کے لئے محکمہ صفائی کے سربراہ جے ایم سوناؤنے سے خاص توجہ دینے کی ہدایات دی گئی ہے۔