• Sun, 22 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

بھیونڈی: پراپرٹی ٹیکس کی وصولی کیلئےشہری انتظامیہ کی مہم تیز

Updated: December 22, 2024, 11:17 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

شادی کے ۵۴؍ہال اور ۱۰۰؍سے زائد اسپتال میونسپل افسران کے نشانے پر۔

Bhiwandi Municipal Corporation. Photo: INN
بھیونڈی میونسپل کارپوریشن۔ تصویر: آئی این این

یہاں شہری انتظامیہ نے پراپرٹی ٹیکس کی وصولی کو یقینی بنانے کی اپنی مہم تیز کرتے ہوئے شادی کے۵۴؍ہال اور متعدد نجی اسپتالوںکیخلاف کارروائی کا آغاز کیا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق کچھ ڈاکٹرس رہائشی کمپلیکس میں غیر قانونی طور پر اسپتال قائم کرکے میونسپل کارپوریشن کے ٹیکس قوانین سے بچنے کی کوشش کر رہے ہیںجبکہ کچھ لوگ شادی ہال اور کھلی جگہوں پر شامیانہ اور پتروں کی مدد سے بغیر کسی اجازت کے عارضی شادی ہال بناکر کارپوریشن کو مالی نقصان پہنچارہے ہیں۔انتظامیہ نے ان پر ٹیکس ادائیگی میں کوتاہی کاالزام عائد کرتے ہوئے نوٹس جاری کر دیئے  ہیں۔
رہائشی کمپلیکس میں قائم اسپتال زیرِ تفتیش
 اطلاع کے مطابق  رہائشی عمارتوں میں قائم ۱۰۰؍ سے زائد نجی اسپتال میونسپل کارپوریشن کے رڈار پر ہیں۔ قانون کے مطابق ان اسپتالوں کو کمرشل نرخوں پر پراپرٹی ٹیکس ادا کرنا ہوگا لیکن اسپتال انتظامیہ رہائشی شرح پر ٹیکس ادا کرکے قوانین کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔ میونسپل کمشنر اجے ویدیہ نے ان اسپتالوں کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے تمام مشتبہ جائیدادوں کے معائنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
شادی ہال  اور کھلی جگہوں پر غیر قانونی سرگرمیاں
 شہر میں کھلی جگہوں پر شادی ہال اور شامیانہ بنا کر انہیں کرائے پر دیا جا رہا ہے، جو نہ صرف غیر قانونی ہے بلکہ حفاظتی اصولوں کی بھی خلاف ورزی ہے۔شہری انتظامیہ نے  ۵۴؍ ایسے مقامات کی نشاندہی کی ہے جہاں شادی کے منڈپ کارپوریشن کی اجازت کے بغیر بنائے گئے ہیں۔ ان تمام مقامات پر منڈپ لگانے والوں کو نوٹس جاری کئے جا چکے ہیں ۔میونسپل انتظامیہ ان سے ٹیکس کی وصولی جلد از جلد کرےگی۔
جی آئی میپنگ کے ذریعے سروے کا آغاز
 میونسپل انتظامیہ شہر بھر میں جی آئی میپنگ کی مدد سے جائیدادوں کا سروے کر رہی ہے، جس سے یہ معلوم کیا جا سکے گا کہ کون سی جائیدادیں ٹیکس نیٹ میں شامل نہیں ہیں۔
انتظامیہ کا سخت پیغام
 میونسپل کمشنر اجے ویدیہ نے واضح کیا کہ ٹیکس چوروں کے خلاف کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اور تمام بقایا رقم کی وصولی کو یقینی بنایا جائے گا۔ پراپرٹی ٹیکس کی ادائیگی سے بچنے والے اسپتال اور شادی منڈپ مالکان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK