مختلف کلبوں نے پریس کانفرنس منعقد کرکے اسٹیڈیم کوایک مرتبہ پھر کھیل کود کا مرکز بنانے کاعزم کیا۔ میونسپل کارپوریشن سے اس کی مرمت کا مطالبہ۔
EPAPER
Updated: January 17, 2025, 12:11 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
مختلف کلبوں نے پریس کانفرنس منعقد کرکے اسٹیڈیم کوایک مرتبہ پھر کھیل کود کا مرکز بنانے کاعزم کیا۔ میونسپل کارپوریشن سے اس کی مرمت کا مطالبہ۔
پرشورام ٹاورے اسٹیڈیم ان دنوں خستہ حالی کاشکار ہے۔ میونسپل کارپوریشن کی لاپروائی اور عدم توجہی کے باعث یہ اسٹیڈیم کھیلوں کے بجائے میلے، فوڈ فیسٹیول، سیاسی جلسے اور نشے کے عادی افراد کااڈہ بن چکا ہے۔ اسی لئے کرکٹ شائقین اور کھلاڑیوں نے اس پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اسٹیڈیم کی پرانی حیثیت بحال کی جائے۔اس سلسلے میں کرکٹ کے مختلف کلبوں کے ذمہ داروں نے آگے آکر اسٹیڈیم کو بچانے کیلئے کوششیں شروع کردی ہیں۔اس ضمن میں یونِک اسپورٹس کلب نے مختلف کلبوں کے ساتھ اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس منعقد کرکے اسٹیڈیم کوایک مرتبہ پھر کھیل کود کا مرکز بنانے کے عزم کیا۔
ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے یونِک اسپورٹس کلب کے سیکریٹری ابوزر خان نے میونسپل کارپوریشن سے اپیل کی کہ اگر وہ اسٹیڈیم کی دیکھ ریکھ نہیں کرسکتی تو اسے اسپورٹس کلب کے حوالے کر دے۔ انہوں نے یہ بھی کہاکہ ’’ہم اسٹیڈیم کی بہتر نگرانی کریں گے اور شہر سے ایسے کھلاڑی تیار کریں گے جو ضلعی، صوبائی ، قومی اور بین الاقوامی سطح پر شہراور ملک کا نام روشن کریں گے۔‘‘پریس کانفرنس میں مختلف کرکٹ کلبوں کے عہدیداروں اور کھلاڑیوں نے شرکت کی جن میں بھیونڈی تعلقہ کرکٹ اسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری حسین سرگروہ ، ریئل اسپورٹس کے وسیم انصاری، مومن اسپورٹس کے شہیر مومن، وی چیلنجرز کے راشد رفیق، اسٹار وار کلب کے ذاکر مرزا اور دیگرافراد شامل تھے۔
ابوزر خان ،حسین سرگروہ اور دیگر کھلاڑیوں نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن اسٹیڈیم کی مرمت کے بجائے اسے کرایے پر دے کر آمدنی کا ذریعہ بنارہی ہے۔ مینا بازار اور فوڈ فیسٹیول جیسے پروگراموں نے اسٹیڈیم کو تباہ کر دیا ہے۔ جگہ جگہ گڑھے پڑ گئے ہیں، میدان ملبے سے بھرا ہوا ہے، چولہوں کی راکھ اور شراب کی خالی بوتلوں، سگریٹ کے ٹکڑوں اور گٹکھے کے پیکٹوں نے اسے خراب کردیا ہے۔میونسپل کارپوریشن نے اسٹیڈیم کو بازار میں تبدیل کر دیا ہے۔ اس کی موجودہ حالت دیکھ کر دکھ ہوتا ہے۔ کرکٹ کلب کے نمائندوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ اسٹیڈیم کی فوری مرمت کرے اور اسے دوبارہ کھیلوں کیلئے وقف کرے۔