• Thu, 17 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

بھیونڈی:آوارہ کتوں کی نس بندی کیلئے آپریشن تھیٹر کا قیام

Updated: October 15, 2024, 10:48 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai

عید گاہ روڈ پر تعمیر ہونے والے آپریشن تھیٹرمیں یومیہ ۱۲۰؍کتوں کی نس بندی کی جائے گی

Operation Theater is being constructed on Eidgah Road
عید گاہ روڈ پر آپریشن تھیٹر تعمیر کیا جارہاہے

شہری انتظامیہ آوارہ کتوں کی نس بندی کرکے ان کی افزائش نسل روکنے جارہا ہے ۔کتوں کی افزائش نسل روکنے کیلئے ان کے تولیدی نظام کی سرجری کیلئے عید گاہ روڈ پر ایک آپریشن تھیٹر تعمیر کیا جا رہاہے۔یہ آپریشن تھیٹراس ماہ کے آخر تک شروع ہونے کی توقع ہے۔
 کتوں کی دہشت کو کم کرنے کی کارپوریشن کی اس کوشش کو شہریوں نے ناکافی قرار دیا ہے۔ ان کے مطابق کتوں کو نس بندی کے بعد چھوڑ دینے سے وہ ایک مرتبہ پھر شہریوں کواپنا شکار بنائیں گے۔ اس لئےکتوں کو شیلٹر ہوم یا پھر انہیں جنگل میں چھوڑنے کی ضرورت ہے۔میونسپل کارپوریشن کے ایگزیکٹیو انجینئر سچن نائک نے بتایا کہ آوارہ کتوں کی نس بندی کا ٹھیکہ بنگلور کی ایک پرائیویٹ کمپنی کو دیا گیا ہے۔کتوں کی نس بندی کیلئے آپریشن تھیٹرکی تعمیر کیلئے میونسپل کمشنر نے تقریباً ۵۰؍لاکھ روپے کا فنڈ منظور کیا تھا لیکن بعد میں اسے کم کر کے ۲۵؍ لاکھ روپے کر دیا گیا۔
  آپریشن تھیٹر کی تعمیرکا کام تقریباً مکمل ہو  چکا تھا لیکن جب آوارہ کتوں کا آپریشن کرنے والے ڈاکٹر مرلی نے اس کا معائنہ کیا توانہوں نے آپریشن تھیٹرکو بہت چھوٹابتایا۔اس کے بعد  کارپوریشن کی جانب سے مزید ۱۰؍لاکھ روپے کا فنڈز دستیاب کرایا گیا۔۳۵؍لاکھ روپے کے فنڈ سے آپریشن تھیٹر کی تعمیر کا کام جاری ہے۔ سچن نائک نے بتایا کہ تعمیراتی کام جلد مکمل کرکے تقریباً  ۱۵؍ دنوں میں کتوں کی نس بندی کا آپریشن شروع کر  دیا جائیگا۔ 
 میونسپل کارپوریشن کے چیف سینی ٹیشن انسپکٹر جے ایم  سوناونے نے بتایا کہ آوارہ کتوں کو رکھنے کیلئے ۵۰؍ پنجرے بنائے گئے ہیں۔ ایک پنجرے میں ۸؍ سے ۱۰؍ کتے رکھے جائیں گے۔  کتوں کی نس بندی شروع ہونے کے بعد، ایک دن میں ۱۲۰؍ کتوں کی نس بندی کی جائے گی۔ نس بندی کے بعد انہیں انجکشن لگائے جائیں گے اورانہیں تقریباً ایک ہفتے تک وہاں رکھا جائے گا۔اس  کے بعد انہیں دوبارہ وہیں چھوڑ دیا جائے گا جہاں سے انہیں لایا گیاتھا۔
 آپریشن تھیٹر کا دورہ کرنے والے سابق کارپوریٹر فراز بہاؤالدین نے بتایا کہ جب آوارہ کتوں کو نس بندی کے بعد چھوڑ دیا جائے گا تو ان کی تعداد کم کیسے ہوگی؟کتوں کویوں ہی چھوڑدینے سے  نہ تو ان کی تعداد کم ہوگی اور نہ ہی شہر میں ان کی دہشت کم ہوگی۔ میونسپل انتظامیہ کتوں کیلئے  شیلٹر ہوم بنائے۔ جب تک شیلٹر ہوم نہیں بن جاتے کتوں کی تعداد کم نہیں ہوگی۔ایک دیگر شہری نے بتایا کہ انتظامیہ نس بندی کے بعد کتوں کو جنگل میں چھوڑ دے تو بھی ان کی تعداد کم ہوسکتی ہے۔

bhiwandi Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK