Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

بھیونڈی : سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کیلئے نئی سڑکوں کی کھدائی

Updated: March 06, 2025, 10:36 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

کنکریٹ کی یہ سڑکیں حال ہی میں تعمیرکی گئیں تھیں جنہیں اب ۱۲۰۰؍ سی سی ٹی وی کیمروں کے کیبل بچھانے کیلئے کھوداجارہا ہے، اس پر شہریوں میں شدید ناراضگی کا اظہار کیا جارہاہے۔

In the picture, a road excavation is being done by a machine. Photo: INN
تصویر میں ایک سڑک کی کھدائی کا کام مشین کے ذریعے کیا جارہا ہے۔ تصویر: آئی این این

 شہر میں بڑھتے ہوئے جرائم پر قابو پانے کیلئے مختلف علاقوں میں ۱۲۰۰؍ سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جا رہے ہیں۔ اس مقصد کے تحت سڑکوں کے نیچے کیبل بچھانے کا کام تیزی سے جاری ہے۔ حال ہی میں کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر کی گئی کنکریٹ کی سڑکوں کی کھدائی کی جا رہی ہے۔ 
میونسپل کارپوریشن نے اس کام کی اجازت دے دی ہے، تاہم شہریوں میں اس فیصلے پر شدید ناراضگی پائی جا رہی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر پہلے سے سی سی ٹی وی کا منصوبہ بنایا گیا ہوتا تو نئی سڑکوں کو یوں ضائع نہ کیا جاتا۔ پولیس ذرائع کے مطابق، پورے تھانے پولیس کمشنریٹ کے دائرہ کار میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جا رہے ہیں، جن میں بھیونڈی بھی شامل ہے۔ اس منصوبے کے تحت شہر کے مختلف مقامات پر کیمرے لگائے جائیں گے تاکہ جرائم پر قابو پایا جا سکے۔ مانسون سے پہلے یہ کام مکمل کرنا ضروری ہے، اسلئے ٹھیکیدار انتہائی تیزی سے کام کر رہے ہیں۔ ریاستی حکومت نے ایم ایم آر ڈی اے کے ذریعے کروڑوں روپے کی لاگت سے شہر کی سڑکوں کو کنکریٹ کرنے کا منصوبہ شروع کیا تھا، اور اب تک تقریباً ۵۰؍کلومیٹر سڑکیں مکمل ہو چکی ہیں۔ لیکن اب انہی سڑکوں کو سی سی ٹی وی کیبل ڈالنے کے لیے کھودا جا رہا ہے، جس سے شہریوں کی امیدوں پر پانی پھر گیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ایک طرف حکومت لاکھوں روپے خرچ کر کے پکی سڑکیں بنا رہی ہے، اور دوسری طرف انہی سڑکوں کو دوبارہ کھود کر برباد کیا جا رہا ہے۔ کچھ علاقوں میں تو چند ماہ قبل ہی نئی سڑکیں بنی تھیں، جنہیں اب مشینوں سے توڑا جا رہا ہے۔ شہر میں مجموعی طور پر۱۸۲؍کلومیٹر سڑکیں ہیں، جن میں سے۱۳۷؍ کلومیٹر سڑکوں کی کھدائی کی جائے گی۔ اس کے نتیجے میں سڑکوں کی مرمت پر۴۰؍کروڑ روپے کا اضافی خرچ متوقع ہے۔ عام طور پر، سڑک کی کھدائی کیلئے فیس ادا کرنی پڑتی ہے، لیکن اس منصوبے کیلئے حکومت نے مفت کھدائی کی اجازت دی ہے، جس سے مرمت کے اخراجات میں مزید اضافہ ہوگا۔ میونسپل کارپوریشن کے سٹی انجینئر جمیل پٹیل نے کہا کہ اس مسئلے کے حل کیلئے جلد ہی اقدامات کیے جائیں گے۔ تاہم شہریوں کا مطالبہ ہے کہ پہلے سے بہتر منصوبہ بندی کی جائے تاکہ عوام کے ٹیکس کا پیسہ ضائع ہونے سے بچایا جا سکے اور کاموں میں ہم آہنگی پیدا کی جا سکے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK