پولیس ہال میں میٹنگ منعقد کی گئی۔ کمیٹی کا بنیادی مقصد شہریوں کی تجاویز کو شامل کر کے ٹریفک نظام کو بہتر بنانا اور سڑکوں کو لوگوں کیلئے محفوظ بنانا ہے۔
EPAPER
Updated: December 16, 2024, 2:15 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai
پولیس ہال میں میٹنگ منعقد کی گئی۔ کمیٹی کا بنیادی مقصد شہریوں کی تجاویز کو شامل کر کے ٹریفک نظام کو بہتر بنانا اور سڑکوں کو لوگوں کیلئے محفوظ بنانا ہے۔
شہر میں بڑھتے ٹریفک مسائل کے پیش نظر محکمہ ٹریفک نے شہریوں کی مشورے سے ایک ایڈوائزری کمیٹی تشکیل دی ہےجس کا مقصد ٹریفک نظام کو موثر بنانے کیلئے قابلِ عمل تجاویز پیش کرنا اور ٹریفک مسائل کے حل کیلئے حکمت عملی تیار کرنا ہے۔ حال ہی میں کمیٹی کی میٹنگ پولیس ہال میں منعقد کی گئی جس کی صدارت بھیونڈی ٹریفک پولیس کے اسسٹنٹ کمشنر شرد اوول نے کی۔ میٹنگ میں بھیونڈی شہر ٹریفک ڈپارٹمنٹ کے سینئر پولیس انسپکٹر سدھاکر کھوت، کونگاؤں ٹریفک برانچ کے سینئر پولیس انسپکٹر سدھاکر یادو، نارپولی ٹریفک برانچ کے سینئر پولیس انسپکٹر مہیش پاٹل اورٹریفک ڈپارٹمنٹ کے افسران، ایڈوائزری کمیٹی کے اراکین، رکشا ڈرائیور اسوسی ایشن، ٹرانسپورٹ یونین کے اراکین، اور دیگر متعلقہ تنظیموں کے نمائندے شریک ہوئے۔ میٹنگ کے دوران شہر میں بڑھتے ٹریفک جام، غیر قانونی پارکنگ اور حادثات میں اضافے پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
اسسٹنٹ کمشنر شرد اوول نے اپنے خطاب میں کہا کہ’’ شہر کے ٹریفک مسائل کی سنگینی کو کم کرنے کیلئے ڈرائیوروں کو خودنظم وضبط کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ ‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’’قوانین کی پابندی اور ذمہ دارانہ رویہ ہی ٹریفک نظام کو بہتر بنا سکتا ہے۔ ‘‘سائی سیوا سنستھا کی صدر ڈاکٹر سواتی سنگھ نے شہر میں بھاری گاڑیوں کے داخلے پر پابندی کا مطالبہ کیا تاکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جا سکے۔ اس کے ساتھ ہی صحافی سنجے بھوئیر نے کہا کہ ٹریفک مسائل کا حل بلدیاتی اداروں کے ساتھ تعاون سے ممکن ہے، اس لئے میونسپل کارپوریشن کے نمائندے بھی کمیٹی کا حصہ ہونے چاہئیں۔ انہوں نے شہریوں کیلئے پارکنگ کے مسائل کم کرنے کیلئے جفت و طاق تاریخوں کا نظام متعارف کرانے کی تجویز پیش کی۔ اس کے ساتھ ہی گاڑیوں کو اُٹھانے والی ٹوئنگ وین کے عملے کو قانونی تقاضوں پر عمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا تاکہ شہریوں کو غیر ضروری مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ علاوہ ازیں سڑکوں پر کھڑے ہونے والی بڑی گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی اور پیدل چلنے والوں کی سہولت اور تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے سخت اقدامات پر زوردیا گیا۔
میٹنگ میں متعددلوگوں کے ذریعہ پیش کردہ مختلف تجاویز اور مسائل پر بھی غور کیا گیا تاکہ شہر کے ٹریفک مسائل کو موثر طریقے سے حل کیا جا سکے۔ میٹنگ میں فیصلہ کیا گیاہے کہ آئندہ بھی کمیٹی کے اجلاس باقاعدگی سے منعقد ہوں گے اور عوام کی شکایات اور تجاویز کو سنجیدگی سے لیا جائے گا۔
اجلاس کے اختتام پر اسسٹنٹ کمشنر شرد اوول نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے توقع ظاہرکی کہ کمیٹی کی سفارشات پر عمل درآمد سے شہر کے ٹریفک مسائل کے حل میں نمایاں بہتری آئے گی۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ٹریفک کے مسائل کے سدباب کیلئے صرف انتظامیہ کے اقدامات کافی نہیں ہے بلکہ شہریوں کو بھی اپنی جانب سے ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔