بھیونڈی نظامپور میونسپل کارپوریشن کے کمشنر اجے ویدیہ نے مشورہ دیا کہ مشتبہ مریض خوفزدہ ہونے کے بجائے فوری طور پر ڈاکٹروں سے رجوع کریں۔
EPAPER
Updated: February 01, 2025, 11:41 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
بھیونڈی نظامپور میونسپل کارپوریشن کے کمشنر اجے ویدیہ نے مشورہ دیا کہ مشتبہ مریض خوفزدہ ہونے کے بجائے فوری طور پر ڈاکٹروں سے رجوع کریں۔
ریاست کے مختلف حصوں میں گیلین بیری سنڈروم (جی بی ایس)سے متاثر مریضوں کی بڑھتی تعداد کومدنظر رکھتے ہوئے میونسپل کمشنر اجے ویدیہ نے شہریوں کو خوفزہ ہونے کے بجائے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کواس مرض سے متاثر ہونے کا شبہ ہونے پرخوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں، انہیں چاہئے کہ فوری طور پر ڈاکٹر سے رابط کرنا چاہئے۔ انتظامیہ مریضوں کے بہترعلاج کیلئے تیار ہے۔
واضح ہوکہ پونے میں گیلین بیری سنڈروم سے متاثر ۱۰۰؍سے زائد مریضوں کے سامنے آنے کے بعد اس مرض کے تئیں شہریوں میں تشویش دیکھی جارہی ہے۔ جس کو محسوس کرتے ہوئے میونسپل کمشنر اجے ویدیہ نے پریس ریلیز جاری کرکے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ خوفزدہ ہونے کے بجائے احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کسی بھی مشتبہ مریض کو فوری طور پر قریبی سرکاری اسپتال یا میونسپل ہیلتھ سینٹر میں داخل کرائیں تاکہ بروقت اور مؤثر علاج ممکن ہو سکے۔
احتیاطی تدابیر اور عوام کے لئے ہدایات
میونسپل کمشنر اجے ویدیہ نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ پینے کے پانی کی صفائی کا خاص خیال رکھیں اور آلودہ پانی کے استعمال سے گریز کریں، صحت عامہ کا محکمہ اس حوالے سے ضروری اقدامات کر رہا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ افواہوں پر یقین نہ کریں اور بلاوجہ خوف و ہراس نہ پھیلائیں۔
بروقت علاج ضروری
جاری کردہ پریس ریلیز میں واضح کیا گیا ہے کہ اگر کسی کوجی بی ایس سے متعلق کوئی علامت نظر آئے، جیسے مسلسل کمزوری، ہاتھوں یا پیروں میں سن ہونا، یا چلنے میں دشواری، تو فوری طور پر سرکاری اسپتال یا پرائمری ہیلتھ سینٹر سے رجوع کریں تاکہ جلد از جلد علاج ممکن ہو سکے۔
گیلین بیری سنڈروم کیا ہے؟
یہ ایک نایاب مگر سنگین اعصابی بیماری ہے جو انسانی مدافعتی نظام کے اعصاب پر حملہ آور ہو کر انہیں نقصان پہنچاتی ہے۔ یہ بیماری کسی بھی عمر کے افراد کو متاثر کر سکتی ہے، لیکن زیادہ تر مریضوں میں اس کے شدید اثرات ظاہر نہیں ہوتے۔ تاہم، یہ بھی ممکن ہے کہ کچھ کیسز میں عضلاتی کمزوری، جسم میں جھنجھناہٹ، یا یہاں تک کہ فالج جیسی پیچیدگیاں بھی پیدا ہو سکتی ہیں۔