• Sun, 02 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

دوروزہ جشن تعلیم میںعلم و فن کا شاندار مظاہرہ دیکھنے کوملا

Updated: February 02, 2025, 3:16 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

پروگرام کو یوٹیوب پر آن لائن بھی نشر کیا گیا جسے۱۸؍ہزار سے زائد لوگوں نے لائیو دیکھا۔

Senior Police Inspector Vinayak Gaikwad, DCP Mohan Dehikar, Raees Shaikh and Amit Sanap during the programme. Photo: INN
سینئر پولیس انسپکٹر ونائک گائیکواڑ، ڈی سی پی موہن دہیکر ،رئیس شیخ اور امیت سانپ دورانِ پروگرام۔ تصویر: آئی این این

یہاں جمعرات کی شام انصاری میریج ہال میں جشن تعلیم کاانعقاد علم و ہنر کی قدردانی اور تعلیم کے فروغ کے جذبے کیساتھ کیا گیا۔ ۲؍ روزہ اس تعلیمی و ثقافتی میلے کا اختتام ایک یادگار اور پرجوش تقریب کے ساتھ ہوا، جہاں طلبہ، اساتذہ، ادیبوں، معززین اور بڑی تعداد میں شہریوں نے بھرپور شرکت کی۔ جشن کے دوسرے روز ’گرانڈ فنالے‘ میں کامیاب طلبہ کو انعامات سے نوازنے کے ساتھ ہی شہر کے مختلف اسکولوں نے رنگا رنگ ثقافتی پروگرام پیش کیے جن میں حب الوطنی اور سماجی موضوعات پر مبنی خاکے، ملی و تہذیبی گیت اور گروپ ڈانس شامل تھے۔ جسے شرکاء نے بھرپور لطف لیا۔ اس جشن کے تعلق سے شہریوں میں گزشتہ کئی روز سے جوش اور تجسس کا ماحول تھا۔ 
جشن تعلیم کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ پروگرام کو یوٹیوب پر آن لائن بھی نشر کیا گیا تھا جسے ۱۸؍ ہزار سے زائد لوگوں نے لائیو دیکھا۔ تعلیم کے فروغ کے مقصد سے منعقدہ اس تقریب میں پرانت آفیسر امیت سانپ، ڈی سی پی موہن دہیکر، میونسپل کارپوریشن کے متعدد اعلیٰ افسران کے ساتھ ہی تعلیمی، ادبی، سیاسی، سماجی، دینی طبی، محکمہ پولیس اور دوسرے شعبے سے منسلک سرکردہ اور معزز شخصیات نے پروگرام میں شرکت کی۔ جشن کے پہلے دن بدھ کودن بھر جاری رہنے والے مختلف مقابلوں کے انعامات انہیں معزز شخصیات کے ہاتھوں دیئے گئے۔ جشن تعلیم کا افتتاح کرتے ہوئے رکن اسمبلی رئیس شیخ نے کہا کہ شہر میں تعلیم کو عام کرنے کیلئے ہم ’مشن میرٹ‘ لانچ کرنے جارہے ہیں جس کے تحت مشرقی حلقہ کے سبھی اسکولوں کے ۸؍ویں سے دسویں اور بارہوں جماعت کے بچوں کیلئے اسپیشل کوچنگ شروع کررہے ہیں اور بارہویں کے بعد جو بچے نیٹ اور جے ای ای کرنا چاہتے ہیں ان کیلئے عنقریب ہی کوچنگ انصاری پلے گراؤنڈ میں موجود شاندار اسٹڈی سینٹر میں شروع کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کو عام کرنے کی اس کوشش میں میں تنہا نہیں ہوں، ایک ٹیم ہے جو میرے پیچھے کھڑی ہے۔ اس کی محنت کی بدولت ہم شہر میں تعلیم کے فروغ کیلئے کام کرتے رہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ صرف مقابلے نہیں بلکہ ہمارے بچوں کے روشن مستقبل کی بنیاد ہیں۔ تعلیم اور فنونِ لطیفہ کے ذریعے ہم اپنی آئندہ نسل کو خوداعتمادی اور کامیابی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں۔ بھیونڈی کا یہ جشن تعلیم علم، ادب اور ثقافت کی پہچان بن چکا ہے اور ہر سال اسے مزید بہتر بنانے کا عزم ہے۔ ڈی سی پی موہن دہیکر نے اپنے خطاب میں رئیش شیخ کی کوشش کی تعریف کرتے ہوئے کہا ’’ اب تک ہم نے کئی جشن دیکھے ہیں جو مختلف مقاصد کے تحت منعقد کئے جاتے ہیں لیکن تعلیم کے نام پر کوئی جشن ہم نے پہلی مرتبہ دیکھا ہے۔ یہ جشن بھیونڈی کے تابناک مستقبل کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں نے اپنے پر فارمنس سے تعلیم کی اہمیت کو بہتر انداز میں واضح کیا اور ان کی ہر پرفارمنس میں کوئی مقصد اور مثبت پیغام پوشیدہ تھا۔ ڈی سی پی نے طالبات کی تعلیم پرزور دیتے ہوئے کہا کہ جب ایک لڑکا علم حاصل کرتا ہے تو وہ آگے بڑھتا ہے لیکن جب ایک لڑکی پڑھتی ہے تو وہ پورے خاندان کو آگے لے جاتی ہے۔ اے سی پی سچن سانگلے نے خواتین کے تحفظ کیلئے قوانین کو بتاتے ہوئے کہا کہ طالبات کو کسی بھی قسم کی دشواری ہو تو وہ پولیس سے رابطہ کریں۔ بھیونڈی پولیس خواتین کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے۲۴؍گھنٹے حاضر ہے۔ پرانت آفیسر امیت سانپ نے بھی حاضرین سے خطاب کیا۔ واضح رہے کہ جشن تعلیم کاآغاز بدھ کو شروع ہوا۔ اس میں مختلف نوعیت کے رنگا رنگ پروگرام اور کوئز مقابلے منعقد کئے گئےجن کی نگرانی ۳۰۰؍ سے زائد اساتذہ نے کی۔ خواتین میں ہنر مندی اور تجارت کوفروغ دینے کیلئے اس پروگرام میں ’ویمن اچیورس ایوارڈ ۲۰۲۵ء‘ بھی رکھا گیا تھا۔ جس کے تحت کامیاب بزنس ویمن کو۵۰؍ہزار روپے نقد انعام اورمیمنٹو دیا گیا۔ اس مقابلے میں ۶۹؍ خواتین نے شرکت کی۔ ان میں مختلف مراحل کے بعد ۶؍خواتین کو فائنل کیلئے منتخب کیا۔ جیوری کے مارکس اور آن لائن ووٹنگ کے ذریعہ حمیرہ مرزا کو اس ایوارڈ کیلئے منتخب کیا گیا۔ گرانڈ فنالے کی نظامت سیماب انور اور ابور ذراختر نے انجام دی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK