Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھیونڈی: نیا ڈیولپمنٹ پلان رد کرنے کا مقامی سماجی تنظیم کا مطالبہ، احتجاج کا انتباہ بھی دیا

Updated: December 08, 2023, 9:30 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai

یہاں سماجی اور سیاسی جماعتوں نے مجوزہ ڈیولپمنٹ پلان کو رد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

Members of the delegation talking to the Municipal Commissioner. Photo: Inquilab
وفد میں شامل افراد میونسپل کمشنر سے گفتگو کرتے ہوئے۔ تصویر: انقلاب

یہاں سماجی اور سیاسی جماعتوں نے مجوزہ ڈیولپمنٹ پلان کو رد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔’ہم بھیونڈیکر سماجی سنگھٹن‘نامی تنظیم کے بینر تلے متعدد لیڈران اور سماجی کارکنان پرمشتمل وفد نے  میونسپل کمشنر سے ملاقات کرکے نئےڈی پی کو رد کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے انتباہ دیا کہ اگر مطالبہ منظورنہیں کیا گیا تو ۱۵؍دسمبر کو میونسپل کارپوریشن کے صدر دفتر کے سامنے زبردست احتجاج کیا جائے گا۔  واضح ہوکہ میونسپل کمشنر اجے ویدیہ نے ۱۲؍اکتوبر کو شہر کا نیا  ترقیاتی منصوبہ پیش کرکے اسے میونسپل کارپوریشن کے صدر دفتر کے گراؤنڈ فلور پر لگا دیا تھا۔شہری انتظامیہ نے اس منصوبے پر اپنے اعتراضات، تجاویز اور مشورے دینے کیلئے۳۰؍دن کی مہلت دی تھی جو ۱۰؍  نومبر کو ختم ہوگئی۔ ایک ماہ کے اندر عام شہریوں ، سیاسی ، سماجی  اور فلاحی تنظیموں نے ڈیولپمنٹ پلان کے خلاف ۸؍ ہزار ۶۳۴؍ تجاویز ،اعتراضات اور مشوروں کاانبار لگادیا۔
ڈیولپمنٹ پلان پر شہریوں کی اتنی بڑی تعدادکی مخالفت کو بنیاد بناکر’ہم بھیونڈیکر سماجی سنگھٹن‘ نے میونسپل کمشنر سے منگل کو ان کے چیمبر میں ملاقات کی تھی اورترقیاتی منصوبے پرتفصیلی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ڈی پی شہرکے حق میں قطعی نہیں ہے۔وفد نے مزید کہا کہ ۱۰؍نومبر کو میونسپل کارپوریشن میں سبھی سیاسی جماعتوں نے ڈیولپمنٹ پلان کو مسترد کرتے ہوئے ایک آواز میں اس منصوبے کو رد کرکے نیا پلان تیار کرنے کا مطالبہ کیاتھا۔وفد نے میونسپل کمشنر سے گزارش کی کہ  سیاسی،سماجی تنظیم اور شہریوں کی شدید مخالفت کے پیش نظر وہ وزیر اعلیٰ اور شہری ترقیات کی  وزارت سے درخواست کریں کہ عوام کے حق کیلئے مجوزہ ڈیولپمنٹ پلان رد کرکے نئے  پلان  تیار کروایا جائے نیز اس کیلئے ٹاؤن پلاننگ کی نئی ٹیم تشکیل دے جو زمینی سطح پر شہر کاجائزہ لے کر ترقیاتی منصوبہ بنائے جو شہر کے حق میں ہو۔
 وفد نے انتباہ دیا کہ اگرمطالبات پر غور نہیں کیا گیا تو سبھی سیاسی اورسماجی تنظیمیں ۱۵؍ دسمبر کو میونسپل کارپوریشن کے صدر دفتر کا گھیراؤ کریں گی۔ وفد نے میونسپل کمشنر کو ایک میمورنڈم بھی دیاجس پر سماجی کارکن کامریڈ وجے کامبلے، ایم آئی ایم کے مقامی کارگزار صدرشاداب عثمانی، شیوسینا (ادھو گروپ)پرساد پاٹل،ایم این ایس کے صدر منوج گلوی،بی ایس پی کے نسیم شیخ،آر ایس پی کے حاجی جمال انصاری،بھارتیہ شیتکری سنگھٹنا کے شیو شری پاٹل،بیوپاری رہیواسی سنگھرش سمیتی کے راکیش پال،رام لہارے اور دیگر لیڈران کے دستخط ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK