شہر کے اہم بازارتین بتی میں گلزار کولڈڈرنکس کے قریب ٹھیکیدار کی لاپروائی کے باعث ایک نوجوان اپنی موٹرسائیکل کے ساتھ ہی زیر تعمیر کھلے نالے میں گر گیا۔
EPAPER
Updated: December 31, 2024, 3:52 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
شہر کے اہم بازارتین بتی میں گلزار کولڈڈرنکس کے قریب ٹھیکیدار کی لاپروائی کے باعث ایک نوجوان اپنی موٹرسائیکل کے ساتھ ہی زیر تعمیر کھلے نالے میں گر گیا۔
شہر کے اہم بازارتین بتی میں گلزار کولڈڈرنکس کے قریب ٹھیکیدار کی لاپروائی کے باعث ایک نوجوان اپنی موٹرسائیکل کے ساتھ ہی زیر تعمیر کھلے نالے میں گر گیا۔ خوش قسمتی سے وہاں موجود افراد نے فوراً نوجوان اور بائیک کو نالے سے نکال لیا۔ واقعے میں نوجوان معمولی زخمی ہوا جبکہ بائیک کو نقصان پہنچا۔
اطلاع کے مطابق کھڑک روڈ پر گلزار کولڈرنگ کے پاس نالا بنایا جارہا ہے۔نجی ٹھیکیدار کے ذریعہ اس زیر تعمیر نالے کی کھدائی کرکے اسے یوں ہی چھوڑ دیا گیا ہے۔جس کی وجہ سے موٹر سائیکل پر جارہا ایک نوجوان اس نالے میں بائک سمیت گرگیا۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ٹھیکیدار نے نالے کی تعمیر کے دوران شہریوں کی حفاظت کے لئے کسی قسم کے حفاظتی اقدامات نہیں کئے۔ شہر میں اس طرح کے حادثے کا یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے، اس سے قبل بھی نالے ، سڑک و دیگرکی تعمیر کے دوران کئی لوگ حادثات کا شکار ہو چکے ہیں۔حال ہی میں ڈرینج لائن ڈالنے اور نالے کی تعمیر کے دوران شہریوں کی حفاظت کے لئے انتظامات نہ ہونے پرنائیگاؤں کے قریب ساگر پلازہ ہوٹل کے پاس بھی ایک نوجوان بائیک سمیت نالے میں گر کر شدید زخمی ہوا تھا جسے علاج کے لئے اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔
سٹی انجینئر جمیل پٹیل کا کہنا ہے کہ ٹھیکیداروں کو شہریوں کی حفاظت کے لئے اقدامات کرنے کی ہدایت دی گئی تھی، اگر ٹھیکیدار حفاظتی اقدامات میں ناکام رہتے ہیں تو ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انجینئر جمیل پٹیل نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اس معاملے کی تحقیقات کی جائے گی اور حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا۔