اساتذہ میں خوشی کی لہر ، میونسپل کمشنر نے کہا کہ یہ اسکیم تدریسی اور غیر تدریسی عملے کیلئے فائدہ مندہے۔
EPAPER
Updated: December 30, 2024, 4:04 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
اساتذہ میں خوشی کی لہر ، میونسپل کمشنر نے کہا کہ یہ اسکیم تدریسی اور غیر تدریسی عملے کیلئے فائدہ مندہے۔
مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی ہدایات کے مطابق یکم نومبر ۲۰۰۵ء کے بعد ملازمت پر آنے والے تمام ملازمین کیلئے مستقل ریٹائرمنٹ اکاؤنٹ نمبر (پران ) کارڈ کا حصول لازمی قرار دیا گیا ہے۔ میونسپل کمشنر اور ایڈمنسٹریٹر اجے ویدیہ نے اس اسکیم کو نافذ کرنے کااعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ اسکیم تدریسی عملے کو مالی طور پر کئی طرح سے فائدہ مند ہے نیزیہ نہایت آسان اور سہولت بخش ثابت ہوگی۔قومی پنشن اسکیم (این پی ایس) کے تحت یکم نومبر ۲۰۰۵ء کے بعد ملازمت پر آنے والے تمام اساتذہ اور غیر تدریسی عملے کو شامل کرنے کا عمل عنقریب شروع کردیا جائے گاجس کیلئے اسکولوں میں کیمپ لگائے جائیں گے۔
میونسپل کمشنر نے تمام اساتذہ سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے متعلقہ اسکول جا کر رجسٹریشن کرائیں اور اس اسکیم کے فوائد حاصل کریں۔ انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ مہاراشٹر میں اس اسکیم کو سب سے پہلے نافذ کرنے کااعزاز بھیونڈی میونسپل کارپوریشن کو حاصل ہے۔شہری انتظامیہ کے ذریعہ اسے نافذ کرنے کے فیصلے سے اساتذہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ان کے مطابق یہ اسکیم تدریسی اور غیر تدریسی عملے کیلئے مالی تحفظ کا ایک اہم ذریعہ بنے گی۔ انتظامیہ کے مطابق میونسپل کارپوریشن کے پرائمری ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ میں کل ۷۳۴؍ اساتذہ کام کر رہے ہیں، جن میں سے۴۸۵؍ اساتذہ یکم نومبر ۲۰۰۵ء کے بعد ملازمت پر آئے ہیں۔ ان تمام اساتذہ کیلئے این پی ایس اسکیم کے تحت ’پی آر اے این‘ کارڈ جاری کئےجائیں گے۔ اس سلسلے میں تمام ضروری انتظامی منظوری پہلے ہی حاصل کی جا چکی ہے۔
میونسپل کارپوریشن کے عوامی رابطہ افسر سری کانت پردیشی نے بتایا کہ میونسپل کارپوریشن جلد ہی اسکولوں میں آن لائن رجسٹریشن کیمپ منعقد کرے گی جہاں اساتذہ اپنے ’پی آر اے این‘ (پران) کارڈ کیلئے رجسٹریشن مکمل کر سکیں گے۔ این پی ایس اسکیم کے نفاذپر اساتذہ اور بھیونڈی ٹیچرس اسوسی ایشن نے میونسپل کمشنر اجے ویدیہ اورمعاون میونسپل کمشنر(تعلیم) پرکاش راٹھوڑ کا شکریہ اداکیا جنہوں نے تعلیم کے شعبے کا چارج سنبھالنے کے صرف دو مہینوں میں کئی برسوں سے زیر التواء اس اسکیم کے عمل کو مکمل کیا۔ اساتذہ نے بتایا کہ بھیونڈی میونسپل کارپوریشن نے این پی ایس اسکیم نافذ کر کے دیگر میونسپل کارپوریشن کیلئے ایک مثال قائم کی ہے۔