Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

نوجوانوں کو کھیلوں کی جانب راغب کرنےکیلئے ’بھیونڈی اولمپکس‘ کا اعلان

Updated: March 16, 2025, 10:20 AM IST | khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

مغربی حلقہ کے رکن ا سمبلی نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ۱۰؍ سے۲۱؍اپریل کے دوران شہر میں ۲۵؍کھیلوں کے مقابلے منعقد کئے جائیں گے۔

Mahesh Chogle addressing the media. Photo: INN.
مہیش چوگلے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این۔

مغربی حلقہ کے رکن اسمبلی مہیش چوگلے نے شہر میں کھیلوں کو فروغ اور نوجوانوں کو کھیلوں کی جانب راغب کرنے کیلئے ’بھیونڈی اولمپکس ‘کے انعقاد کااعلان کیا ہے۔ کھیلوں کایہ عظیم الشان میلہ ۱۲؍ دنوں تک شہر کے مختلف میدان اور اسٹیڈیم میں منعقد ہوگا۔ اس میں کرکٹ، فٹ بال، کبڈی، ایتھلیٹکس، بیڈمنٹن، والی بال، کھو کھو، کراٹے، باکسنگ، تیراکی سمیت ۲۵؍مختلف کھیلوں کے مقابلے شامل ہوں گے۔ ’بھیونڈی اولمپکس ‘میں ٹینس کرکٹ کے مقابلے قومی سطح پر کرائے جائیں گےجبکہ دیگرکھیلوں میں تعلقہ اور ضلعی سطح کے کھلاڑی اپنی صلاحیتیوں کا مظاہرہ کریں گے۔ مذکورہ مقابلے ۱۰؍اپریل سے ۲۱؍اپریل کے درمیان منعقد ہونگے۔ 
امتحانات کے دوران انعقاد پر تشویش
اسپورٹس فیسٹول کے اعلان کے بعد شہر میں جوش و خروش کی لہر دوڑ گئی ہے، تاہم تعلیمی حلقوں اور والدین میں اس پر تشویش بھی پائی جارہی ہے۔ کیونکہ یہ مقابلے اسکولوں کے سالانہ امتحانات کے دوران ہوں گے جس کے باعث کئی طلبہ شرکت سے محروم رہ سکتے ہیں۔ نیزطلبہ کے امتحان کی تیاری اور پرچے متاثر ہوسکتے ہیں۔ والدین کا کہنا ہے کہ اگر یہ مقابلے امتحانات کے بعد ہوتے تو طلبہ بھرپور طریقے سے ان سے لطف اندوز ہوسکتے تھے۔ 
’’نوجوانوں کو کھیلوں کی جانب لانامقصد‘‘
رکن اسمبلی مہیش چوگلے نے پریس کانفرنس میں کہا کہ’ہماری کوشش ہے کہ نوجوانوں کو موبائل کی لت سے نکال کر کھیلوں کی طرف راغب کیا جائے۔ بھیونڈی اولمپکس نہ صرف کھلاڑیوں کیلئے بلکہ پورے شہر کیلئے فخر کا باعث ہوگا۔ اس سے مقامی کھلاڑیوں کو ایک پلیٹ فارم ملے گا جہاں وہ اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکیں گے۔ ‘انہوں نے مزید کہا کہ ’اس میگا اسپورٹس ایونٹ کے انعقاد میں مختلف سماجی تنظیمیں، مقامی کھیلوں کی تنظیمیں اور کلب تعاون کر رہے ہیں اور یہ مقابلے بھیونڈی کے مختلف میدانوں اور اسپورٹس کمپلیکس میں منعقد کئے جائیں گے۔ رکن اسمبلی کا کہنا تھا کہ ’یہ ایونٹ بھیونڈی کو کھیلوں کی دنیا میں منفرد شناخت دلانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ اس سے نہ صرف نوجوانوں میں کھیلوں کی دلچسپی بڑھے گی بلکہ وہ ایک صحت مند اور منظم طرزِ زندگی بھی اختیار کریں گے۔ ‘پریس کانفرنس میں کھونی گرام پنچایت کے سرپنچ الطاف بالی بھی موجود تھے جنہوں نے اس ایونٹ کے انعقاد کو شہر کیلئے ایک مثبت قدم قرار دیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK