یہاں میونسپل انتظامیہ شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی کیلئے ۲؍ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ لگائے گی۔ دونوں پلانٹ’ امرت مشن۔ ۲‘کے تحت بنائے جائیں گے۔
EPAPER
Updated: August 11, 2024, 10:49 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai
یہاں میونسپل انتظامیہ شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی کیلئے ۲؍ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ لگائے گی۔ دونوں پلانٹ’ امرت مشن۔ ۲‘کے تحت بنائے جائیں گے۔
یہاں میونسپل انتظامیہ شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی کیلئے ۲؍ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ لگائے گی۔ دونوں پلانٹ’ امرت مشن۔ ۲‘کے تحت بنائے جائیں گے۔ ان میں بھاتسا ڈیم سے آنے والے۱۰۰؍ ایم ایل ڈی پانی کو سونالے گاؤں میں جبکہ ۵۳؍ ایم ایل ڈی پانی کا پیور یفکیشن پلانٹ ٹیم گھر علاقے میںبنایا جائے گا۔ انتظامیہ کے مطابق اس کام کے مکمل ہونے کی میعاد ۲؍برس ہے۔
۴۲۶؍کروڑ روپے سے زائد فنڈ کی منظوری
میونسپل کارپوریشن کے محکمہ آب رسانی کے ایگزیکٹیو انجینئر(انچارج) سندیپ پٹناور نے بتایا کہ میونسپل کارپوریشن کو اضافی ۱۰۰؍ ایم ایل ڈی پانی کی فراہمی کیلئے’ `امرت مشن۔۲؍واٹر سپلائی اسکیم`‘کے تحت۴۲۶ء۰۴؍کروڑ روپے کی منظوری ۷؍ دسمبر ۲۰۲۲ء کو ریاستی حکومت نے دی تھی۔ اس پروجیکٹ کو مکمل کرنے کے لئے لاگت کا ۳۳ء۳۳؍ فیصد یعنی ۱۴۲؍ کروڑ روپے مرکزی حکومت، ۱۵۶ء۲۶؍کروڑ روپے ریاستی حکومت اوربھیونڈی میونسپل کارپوریشن ۱۲۷ء۸۱؍کروڑ روپے خرچ کرے گی۔
حیدرآباد کی کمپنی کو ٹھیکہ
سندیپ پٹناور نے بتایا کہ دونوں پلانٹس کی تعمیر کا کام جلد شروع کر دیا جائے گا جن میں پائپ لائن کیلئے ۱۷؍ کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔ اس پروجیکٹ کو مکمل کرنے کی ذمہ داری حیدرآباد کی ایک کمپنی کو ۹؍ نومبر ۲۰۲۳ء کو دی گئی ہے۔اس کام کیلئے ۱۷؍جنوری ۲۰۲۴ء کو کمپنی کو ۳۷۱ء۴۳؍کروڑ روپے سے زیادہ کا ورک آرڈر دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس اسکیم کی رقم دو قسطوں میں ادا کی جائے گی۔ ۶؍ ماہ کی آزمائش کے بعد باقی کے ۲۶؍ کروڑ روپے کا ٹینڈر جاری کیا جائے گا۔ اس کے ذریعے بھاتسا ڈیم سے سونالے ٹریٹمنٹ پلانٹ تک پانی پہنچانے کے لئے ۱۶؍ کلومیٹر طویل پائپ لائن بچھائی جائے گی۔
ٹیم گھر علاقے میں۲۰؍ کروڑ روپے کی لاگت سے دوسرا ٹریٹمنٹ پلانٹ تعمیر کیا جائے گا۔ اس کا ٹھیکہ بھی حیدرآباد کی ایک کمپنی کو دیا گیا ہے۔ ان کے سروے کا کام بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔ سندیپ پٹناور نے بتایا کہ یہاں ۵۳؍ایم ایل ڈی پانی کو صاف کیا جائے گا۔ پلانٹ تک پانی لانے کیلئے۷ء۵؍ کلومیٹر طویل پائپ لائن بھی تبدیل کی جائے گی۔ اسے تبدیل کرنے کیلئے۱۷؍ کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔ دونوں منصوبوں کو مکمل ہونے میں کم از کم ۲؍ سال کا وقت لگے گا۔
شہریوں کو۴۲؍ ایم ایل ڈی پانی کم مل رہا ہے
میونسپل کارپوریشن انتظامیہ کے مطابق بھیونڈی شہر کی آبادی تقریباً ۱۲؍ لاکھ ہے۔ اس وقت روزانہ۱۲۰؍ ایم ایل ڈی پانی فراہم کیا جارہا ہے، جس میں سے ۷۳؍ ایم ایل ڈی اسٹیم واٹر اتھارٹی، ۴۲؍ ایم ایل ڈی ممبئی میونسپل کارپوریشن اور ۵؍ ایم ایل ڈی پانی ورلا تالاب سے فراہم کیا جاتا ہے۔ پانی کی یہ سپلائی آبادی کے تناسب سے ۴۲؍ ایم ایل ڈی کم ہے۔اس کے ساتھ شہر یوں کو پانی سپلائی کرنے والی پائپ لائن پرانی ہونے کے سبب وہ خستہ حال ہوگئی ہے۔اس کے سبب ۳۰؍ فیصد پانی پرانی پائپ لائنوں سے ضائع ہو جاتا ہےجس کے سبب شہرکے بیشتر حصوں میں پانی کی قلت ہے۔ میونسپل کارپوریشن ذرائع کے مطابق ۲؍ سال میں اس منصوبے کی تکمیل کے بعد شہر کومزید ۱۲۳؍ایم ایل ڈی پانی ملے گا جس سے شہریوں کو دوگنا ۲۴۳؍ایم ایل ڈی پانی ملنا شروع ہوجائے گاجس سے شہر میں پانی کی قلت دور ہوجائےگی۔