• Sat, 28 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

بھیونڈی : سیاسی جماعتوں نے ریلیاں نکال کر طاقت کا مظاہرہ کیا

Updated: October 30, 2024, 11:27 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai

مہاراشٹر اسمبلی انتخاب کیلئے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے آخری دن منگل کو پورے شہر میں انتخابی گہماگہمی عروج پر رہی۔ سیاسی جماعتوں نے کاغذات نامزدگی داخل کرنے کے دوران بڑی بڑی ریلیاں نکال کراپنی طاقت کا مظاہرہ کیا

Raees Sheikh, O Dhesh Par Saad and Abu Asim Azmi at a Samajwadi Party rally
سماجوادی پارٹی کی ریلی میں رئیس شیخ ، او دھیش پر ساد اور ابو عاصم اعظمی

مہاراشٹر اسمبلی انتخاب کیلئے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے آخری دن منگل کو پورے شہر میں انتخابی گہماگہمی عروج پر رہی۔ سیاسی جماعتوں نے کاغذات نامزدگی داخل کرنے کے دوران بڑی بڑی ریلیاں نکال کراپنی طاقت کا مظاہرہ کیا۔سماجوادی پارٹی، کانگریس، شیوسینا ،  بی جے پی، ایم آئی ایم،ایم این ایس،پیس پارٹی اورونچت بہوجن اگھاڑی کے ساتھ تقریباً سبھی چھوٹی بڑی سیاسی جماعتوں اوردرجنوں آزاد امیدواروں   نے اسمبلی انتخاب میں قسمت آزمائی کیلئے پرچہ نامزدگی داخل کیا۔سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کے ذریعہ کاغذات نامزدگی داخل کرنے کے دوران ریلیوں کے سبب پورے شہر میں ٹریفک کابرا حال تھا۔ اس دوران عوام کو دشواریاں ہوئیں۔ 
 کاغذات نامزدگی کے آخری دن بھیڑ بھاڑ  کے پیش نظر محکمہ ٹریفک نے شاہراہوں پر زائد پولیس فورس اور ٹریفک وارڈن کے اضافی دستے مامور کئے تھے۔اس کے باوجود ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر نظر آیا۔سیاسی جماعتوں کی ریلیوں کے راستے اور سبھی اہم مقامات پر پولیس کا سخت بندوبست کیا گیا تھا۔
 بھیونڈی مشرق،مغرب اور دیہی علاقوں کے اُمیدواروں کیلئے بالترتیب پرانت آفس،منگل بھون اور فرحان خان ہال میں کاغذات نامزدگی داخل کرنے کا مرکز بنایا گیا  تھا۔ان مراکز پر پولیس نے سخت حفاظتی بندوبست کے ساتھ ہی کئی مرحلوں میں بیریکیڈ لگائے تھے۔پولیس نے سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کو روکنے کیلئے مخصوص مقام کی نشاندہی کردی تھی۔اُس کے آگے کسی کو بھی جانے کی سخت ممانعت تھی۔ آگے صرف اُمیدوار اور الیکشن کمیشن کے ذریعہ جاری کردہ گائیڈ لائن کے مطابق چند افراد ہی کو جانے کی اجازت تھی۔پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے دوران سماج وادی پارٹی نے دونوں اسمبلی حلقوں میں اپنی طاقت کا بھرپور مظاہرہ کیا۔رکن اسمبلی رئیس شیخ اور ریاض اعظمی کے حامیوں کی بھیڑ کے آگے بی جے پی کے مہیش چوگھلے اور شیوسینا(شندے)کے سنتوش شیٹی کی کاغذات نامزدگی داخل کرنے والی ریلیاں بھی مختصر نظر آئیں۔ کانگریس کے اُمیدواردیانند چورگھے کی ریلی میں بھی بھیڑ دیکھی گئی۔مشرقی حلقہ سے ’مہایوتی‘ اورسماج وادی پارٹی کے اُمیدواررکن اسمبلی رئیس قاسم شیخ نے شانتی نگرکے جی این چوک سے پرانت آفس تک زبردست ریلی نکالی جس میں ہزاروں کی تعداد میں شہری شامل تھے۔کاغذات نامزدگی داخل کرنے کی اس ریلی میں ایودھیا کے رکن پارلیمنٹ اودھیش پرساد،صوبائی صدر ابو عاصم اعظمی، رکن پارلیمنٹ سریش مہاترے،این سی پی صدر شعیب خان گڈو، شیوسینا کے صدر پرساد پاٹل اور مہایوتی کے دیگر لیڈر شامل تھے۔رئیس شیخ نے اپنی کامیابی کی امید ظاہر کی۔
 مغربی حلقہ سے ریاض اعظمی نے درگاہ دیوان شاہ سے منگل بھون تک ریلی نکالی۔اس ریلی میں بھی بڑی تعداد میں مرد اور خواتین شامل تھے۔کاغذات نامزدگی داخل کرتے وقت ابو عاصم اعظمی،سماج وادی پارٹی کے سینئر لیڈر عمیر جلال اور دیگر لیڈر شامل تھے۔ریاض اعظمی نے کہا کہ وہ بھیونڈی کی تعمیر وترقی اور بدلاؤ لانے کیلئے الیکشن لڑرہے ہیں۔مغربی حلقہ  ہی سے کانگریس کے اُمیدوار دیانند چورگھے نے حافظ جی بابااور درگاہ دیوان شاہ پرچادر چڑھائی۔ شیواجی مہاراج  اور ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کے مجسمے پر پھول پیش کرکے’ زکات ناکہ‘ سے’ منگل بھون‘ تک ریلی نکالی۔اس ریلی میں بھی کافی تعداد میں لوگ شامل تھے۔کاغذات نامزدگی داخل کرنے کے دوران ان کے ساتھ طارق فاروقی،انس انصاری، سریش ٹاوے  اور دیگر لیڈر شامل تھے۔دیانند چورگھے نے بھی شہر کی تعمیر و ترقی کا وعدہ کیا۔ اس کے ساتھ ہی بی جے پی کے مہیش چوگھلے،شیوسینا کے سنتوش شیٹی ،ایم آئی ایم کے وارث پٹھان،محمد خالد گڈو  اور دیگر لیڈروں نے اپنے حامیوں کے ساتھ پرچہ نامزدگی داخل کیا ۔   

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK