• Thu, 26 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

بھیونڈی: بارش کا موسم ختم ہونے کے ۳؍ ماہ بعد بھی سڑکیں خستہ حال

Updated: December 14, 2024, 4:05 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai

جگہ جگہ گڑھوں اور پانی کی نکاسی کے ناقص نظام کی وجہ سےشہریوں کو شدید دشواریوں کا سامنا

Citizens face difficulties in transportation due to dilapidated roads. Photo: INN
خستہ حال سڑکوں کی وجہ سے شہریوں کو آمد و رفت میں دشواری پیش آتی ہے۔ تصویر: آئی این این

بارش کا موسم ختم ہوئے ۳؍ ماہ کا عرصہ گزر چکا ہے، تاہم سڑکوں کی مرمت اب تک شروع نہیں کی گئی ہے جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ جگہ جگہ گڑھے، ٹوٹی ہوئی سڑکیں اور پانی کی نکاسی کا ناقص نظام ٹریفک حادثات اور دیگر مسائل کو جنم دے رہا ہے۔شہر یوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سڑکوں کی مرمت کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں ۔ سوشل میڈیا پر بھی شہری اس معاملے کو اٹھا رہے ہیں اور حکام کو جوابدہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ شہر کے مختلف علاقوں کے مکینوں نے شکایت کی ہے کہ بارش کے ۳؍مہینے بعد بھی سڑکوں کی مرمت کاآغازنہیں کیاگیاہےجس کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں شدید دشواریاں پیش آرہی ہیں ۔درگاہ روڈ پر رہنے والے سماجی کارکن محمد صدیق فقیہ نے انقلاب کوبتایا کہ’’سڑکیں اس قدر خراب ہیں کہ روزانہ کی آمد و رفت میں مشکلات پیش آتی ہیں ۔ خستہ حال سڑکوں کی وجہ سے موٹر سائیکل اور کاروں کے مالکان کو مرمت کے اضافی اخراجات برداشت کرنے پڑ رہے ہیں ۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’بیشتر علاقوں میں کنکریٹ کی سڑکیں بنائی  جارہی ہیں جس کی رفتار  بہت ہی سست ہے۔ میونسپل کارپوریشن کے نگراں انجینئرکام کو رفتار دینے کے بجائے اپنے فرض سے کوتاہی کرکے سیاسی آقاؤں کی جی حضوری میں لگے ہیں ۔‘‘ ونجار پٹی ناکہ پر رہنے والے ایک دیگر شہری شہزاد شیخ  نے کہا کہ بارش کے ایام میں ہم گڑھوں اور خستہ حال سڑکوں پر چلنے کا عذاب جھیل چکے ہیں ۔اس وقت شہری انتظامیہ اپنی نااہلی کو چھپانے کے لئے بارش کا سہارا لیتی تھی۔انتظامیہ کا دعویٰ تھا کہ بارش رکتے ہی سڑکوں کی فوری مرمت کی جائے گی۔ لیکن بارش کے ۳؍ماہ گزرنے کے بعد بھی انتظامیہ جمود کی کیفیت سے باہر نکلنے کو تیار نہیں ہے  جس سے حادثات میں اضافہ ہورہا ہے۔ ‘‘ راؤ جی نگر میں رہائش پذیربی این این کالج میں بی ایس سی کے سال اول میں زیر تعلیم محمد اسماعیل نے بتایا کہ کلیان ناکہ سے دھامنکر ناکہ تک  سڑکیں اس قدر خستہ ہیں کہ کالج جاتے وقت ہم طلبہ پریشان ہوجاتے ہیں ۔اس  اہم شاہراہ  کی مرمت نہ ہونے سے طلبہ بالخصوص آٹورکشا میں اسکول جانے والے چھوٹے بچوں کو بہت دشواری پیش آتی ہے۔ ‘‘میونسپل کمشنر کا بیان اس معاملے پر میونسپل کمشنر اجے ویدیہ کا کہنا ہےکہ ’’شہری انتظامیہ کے ذریعے بارش کے دوران اور بعد میں بھی گڑھے بھرے گئے ہیں ۔پانچوں پربھاگ سمیتیوں میں واقع سڑکوں پر ہوئے گڑھوں کی درستی کیلئے فی پربھاگ ۵۰؍لاکھ روپے کا ورک آرڈر دیا گیا ہے۔سڑکیں جلد ہی درست ہو جائیں گی۔‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK