وزیر اعلیٰ،نائب وزرائے اعلیٰ اور میونسپل کمشنر سے شکایت، اجے ویدیہ کے تمام فیصلوں کی تحقیقات کرکے ان کیخلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ۔
EPAPER
Updated: February 19, 2025, 4:13 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
وزیر اعلیٰ،نائب وزرائے اعلیٰ اور میونسپل کمشنر سے شکایت، اجے ویدیہ کے تمام فیصلوں کی تحقیقات کرکے ان کیخلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ۔
سابق ایڈمنسٹریٹر اور میونسپل کمشنر اجے ویدیہ کے تمام فیصلوں، دی گئی اجازتوں اور کئے گئے کاموں کی تحقیقات کرکے ان کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ یہ مطالبہ سماجی کارکن شنکر مٹکری نے کیا ہے جنہوں نے حال ہی میں تعینات میونسپل کمشنر انمول ساگر کے علاوہ نائب وزرائے اعلیٰ ایکناتھ شندے اور اجیت پوار نیز وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس کو ایک خط بھیجا ہے۔ خط میں اجے ویدیہ پر بڑے پیمانے پر کرپشن کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔شنکر مٹکری نے اپنے عرضداشت میں دعویٰ کیا ہے کہ اجے ویدیہ نے میونسپل کارپوریشن کے کچھ سینئر افسران اور ٹھیکیداروں کے ساتھ ملی بھگت کرکے بھاری بدعنوانی کی ہے۔ ان کے مطابق اجے ویدیہ کے دور میں بھیونڈی کےعوام اور میونسپل کارپوریشن کو لوٹا گیا۔ اس وقت بی ایم سی کے دائرہ اختیار میں پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ، ایم ایم آر ڈی اے اور میونسپل کنسٹرکشن ڈپارٹمنٹ کے ذریعے کروڑوں روپے کے ترقیاتی منصوبے، بشمول سڑکوں اور نالوں کی تعمیر جاری ہیں۔ چونکہ عوامی نمائندوں کی مدت پوری ہو چکی ہے اور فی الحال انتظامی حکومت قائم ہے، اس لئے میونسپل افسران اور ملازمین کو جوابدہ ٹھہرانے والا کوئی نہیں ہے جس کی وجہ سے بی ایم سی میں بدعنوانی عروج پر ہے۔
شنکر مٹکری نے مزید الزام لگایا کہ سابق کمشنر اجے ویدیہ نے غیر قانونی اور غیر ضروری کاموں کے احکامات جاری کئے اور جان بوجھ کر کرپشن کے ارادے سے اصل لاگت سے زیادہ قیمت پر ٹھیکے دیئے۔ انہوں نے کچھ غیر قانونی تعمیراتی اجازت نامے بھی جاری کئے اور اپنے پسندیدہ ملازمین کو غیر قانونی طریقے سے ترقی دی۔ الزام ہے کہ اجے ویدیہ سیاسی اثر و رسوخ کے ذریعے من مانی کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر کرپشن میں ملوث رہے۔
سماجی کارکن نے مطالبہ کیا ہے کہ اجے ویدیہ کے تمام فیصلوں، احکامات اور دی گئی اجازتوں کی فوری طور پر جانچ کی جائے، انہیں منسوخ کیا جائے اور ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ ساتھ ہی ان کی جائیدادوں کی بھی تحقیقات کروا کر کرپشن سے حاصل کی گئی رقم کی وصول کی جائے۔ان الزامات کی روشنی میں جب نمائندۂ انقلاب نے سابق میونسپل کمشنر اجے ویدیہ سے گفتگو کیلئے ان کے موبائل پر رابطہ کیا تو انہوں نے فون ریسیو نہیں کیا۔