• Tue, 07 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

بھیونڈی: دھیریندر شاستری کے پروگرام میں بھگدڑ، کوئی زخمی نہیں

Updated: January 06, 2025, 10:57 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

پولیس اور منتظمین کی بروقت کارروائی سے بڑا حادثہ ٹل گیا، افراتفری کے سبب شاستری جی پروگرام چھوڑ کر چلے گئے۔

A large number of people participated in the program. Photo: INN
پروگرام میں بڑی تعداد میں لوگ شریک تھے۔ تصویر: آئی این این

باگیشور دھام مہاراج دھیریندر کرشن شاستری کا پروگرام سنیچر کی شام شہر سے ملحق مانکولی ناکہ، دیوے انجور کے پاس انڈین کارپوریشن کے گودام کے احاطے میں منعقد ہوا تھا۔ اس پروگرام میں زبردست بھیڑ ہونے کے سبب بھگدڑ مچ گئی۔ عقیدت مند’وِبھوتی‘ (مقدس راکھ) حاصل کرنے کی کوشش میں بے قابو ہو گئے جس سے اسٹیج کی سیڑھی ٹوٹ گئی اور کئی لوگ نیچے گر گئے۔ حالات بے قابو ہوتے دیکھ کر دھیریندر شاستری پروگرام کو درمیان میں ہی چھوڑ کر چلے گئے۔ 
 اطلاع کے مطابق اس ’ستسنگ‘ پروگرام میں دھیریندر شاستری نے عقیدتمندوں کو وِبھوتی لینے کے لئے قطار بندی کرنے کی ہدایت دی تھی۔ پہلے خواتین اور بعد میں مردوں کی قطار لگانے کی ہدایت دی۔ لیکن جیسے ہی وِبھوتی کی تقسیم کا عمل شروع ہوا، بھیڑ بے قابو ہوگئی اور دھکا مکی شروع ہوگئی۔ مرد و خواتین وبھوتی حاصل کرنے کیلئے ایک ساتھ اسٹیج کی جانب دوڑ پڑے۔ بڑھتی بھیڑ کی وجہ سے اسٹیج کی سیڑھی کی ریلنگ ٹوٹ گئی اور کئی خواتین نیچے گر گئیں۔ خوش قسمتی سے کسی کو سنگین چوٹ نہیں پہنچی۔ حالات قابو سے باہر ہوتے دیکھ پولیس کو مداخلت کرنی پڑی۔ اس واقعے کے بعد دھیرندر شاستری اسٹیج چھوڑ کر لوٹ گئے۔ پولیس اور منتظمین کی بروقت کارروائی سے بڑا حادثہ ٹل گیا۔ 
  بھگدڑ کے دوران کئی خواتین کو سانس لینے میں دقت ہوئی، جنہیں محفوظ مقام پر لے جایا گیا۔ پولیس نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ واقعے میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے اور بھیڑ کو قابو میں رکھنےکیلئے ضروری اقدامات کئے گئے ہیں۔ پروگرام کے منتظم بلڈر رودرپرتاپ ترپاٹھی نے بتایا کہ اس پروگرام میں کوئی بھی زخمی نہیں ہوا ہے۔ وبھوتی لینے کیلئے بھیڑ بڑھ گئی تھی جس کی وجہ سے افرا تفری پھیل گئی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK