Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھیونڈی: مولانا ابوالکلام آزاد گارڈن میں تعمیرات کی شدید مخالفت

Updated: April 24, 2025, 5:51 PM IST | khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

مقامی افراد اور لوک ہند پارٹی نے کام بند کرنے کا مطالبہ کیا۔ میونسپل کمشنر کو مکتوب بھی دیا گیا۔ گارڈن ڈپارٹمنٹ کے مطابق پانی کی ٹنکی بنائی جارہی ہے۔

Construction work is underway at Maulana Abul Kalam Azad Garden. Children are playing nearby. Photo: INN.
مولانا ابوالکلام آزاد گارڈن میں تعمیراتی کام کیا جارہا ہے۔ قریب ہی بچے کھیل رہے ہیں۔ تصویر:آئی این این۔

یہاں کوٹر گیٹ مسجد کے سامنے واقع مولانا ابوالکلام آزاد گارڈن میں جاری تعمیراتی سرگرمیوں کے خلاف مقامی افراد اور لوک ہند پارٹی نے اعتراض کرتے ہوئے فوری طور پرکام بند کرنے کا مطالبہ کیا ۔ مذکورہ پارٹی کے یوتھ صدر مسعود مومن نے بھیونڈی نظام پور میونسپل کارپوریشن کے کمشنر کو ا تحریری مکتوب ارسال کیا ہے جس میں متعدد نکات پر فوری کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ لوک ہند پارٹی کا کہنا ہے کہ یہ باغیچہ گزشتہ کئی دہائیوں سے عوامی تفریح کا ایک اہم مرکز رہا ہے جہاں بچے، بزرگ اور دیگر شہری روزانہ کھیلتے اورپرسکون وقت گزارتے ہیں۔ تاہم حالیہ دنوں میں یہاں جو تعمیراتی سرگرمیاں جاری ہیں، وہ عوامی مفاد کے خلاف اور شہریوں کے بنیادی حقوق کی صریح خلاف ورزی ہیں۔ 
مذکورہ پارٹی کی جانب سے دیئے گئے میمورنڈم میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ گارڈن میں جاری تمام تعمیراتی سرگرمیاں فوری طور پر بند کی جائیں اور اس مقام کو صرف عوامی پارک اور بچوں کے کھیلنے کے میدان کے طور پر برقرار رکھا جائے۔ مزید یہ کہ یہاں بچوں کیلئے جھولے اور دیگر تفریحی سہولیات فراہم کی جائیں، نئے پودے اور پھول لگائے جائیں اور مجموعی طور پر پارک کی خوبصورتی میں اضافہ کیا جائے۔ یہ بھی مطالبہ کیا کہ مقامی شہریوں اور لوک ہند پارٹی کو گارڈن کی دیکھ بھال، شجرکاری اور معلوماتی بورڈ لگانے کی اجازت دی جائے۔ 
لوک ہند پارٹی نے شہری انتظامیہ کو۴۸؍ گھنٹے کی مہلت دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر مقررہ وقت میں تعمیراتی کام بند نہ ہوا تو پارٹی سڑک پر اتر کر پرامن احتجاج شروع کرے گی جس کیلئے پولیس سے باضابطہ اجازت حاصل کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ 
اس معاملے پر ایڈوکیٹ دانش نے میڈیا کو بتایا کہ کوٹر گیٹ، نظام پورہ، اسلام پورہ اور زیتون پورہ کے مکینوں کیلئے یہ واحد عوامی گارڈن ہے جو بچوں کے کھیلنے اور شہریوں کیلئے صاف ہوا فراہم کرنے کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ۲۳-۲۰۲۲ء میں اس گارڈن کی تزئین و آرائش کیلئے ۳۵؍ لاکھ روپے منظور کئے گئے تھے جس سے دیواروں اور جالیوں کی مرمت اور رنگ و روغن کا کام مکمل کیا گیا۔ جھولے اور دیگر سہولیات لگانے کی تیاری جاری تھی کہ اچانک یہاں پانی کی ٹنکی اور ہیلتھ سینٹر کی تعمیر کا آغاز کر دیا گیا۔ انہوں نے اس معاملے کو بدعنوانی قرار دیتے ہوئے اعلیٰ سطحی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ دریں اثناء مقامی افراد نے اس مسئلے کے خلاف آواز بلند کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ 
اس معاملے پر جب میونسپل گارڈن ڈپارٹمنٹ کے سربراہ نیلیش سنکھے سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ گارڈن میں فی الحال پانی کی ٹنکی کی تعمیر جاری ہے۔ گارڈن میں جاری تعمیراتی کام کے تعلق سے جب ان سے استفسار کیا گیا تو انہوں نے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کسی بھی طرح کے تبصرے سے انکار کر دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں محکمہ آب رسانی کے سربراہ سندیپ پٹناور سے رجوع کیا جائے۔ تاہم سندیپ پٹناور نے نہ تو فون ریسیو کیا اور نہ ہی میسیج کا کوئی جواب دیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK