• Thu, 19 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

بھیونڈی:مورتیاں توڑے جانے کی خبر سے تناؤ، نامعلوم افراد کیخلاف کیس درج

Updated: September 15, 2024, 10:28 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai

بڑی تعداد میں لوگوں نے جمع ہوکر نعرےبازی کی، پولیس اور مقامی لیڈروں کی بروقت مداخلت سے حالات قابو میں

DCP Shrikant Propkari is seen explaining the angry crowd while MLA Mahesh Choghle, Santosh Shetty and others can also be seen with him.
ڈی سی پی شریکانت پروپکاری مشتعل ہجوم کو سمجھاتے ہوئے جبکہ ان کے ساتھ رکن اسمبلی مہیش چوگھلے، سنتوش شیٹی و دیگر کو بھی دیکھا جا سکتا ہے

یہاں پدما نگر علاقے میں گنیش کی مورتیوں کے رنگ و روغن و فروخت کیلئے بنائے گئے مرکز میںرکھی گنیش کی مورتیوں کو نامعلوم افراد کےذریعہ توڑنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ خبر عام ہوتے ہی جمعہ کی دیر رات پدم نگر علاقہ میں بڑی تعداد میں لوگوں نے جمع ہوکر نعرے بازی شروع کردی جس سے علاقہ میں تناؤ پھیل گیا۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مغربی حلقہ کے رکن اسمبلی مہیش چوگھلے،بی جے پی کے سابق صدر سنتوش شیٹی، سائی ناتھ پوار، ڈی سی پی ڈاکٹر شری کانت پروپکاری ، بھیونڈی شہر پولیس اسٹیشن کے سینئر انسپکٹر مہادیو کمبھار پولیس فورس کیساتھ پہنچ گئے۔ ان لوگوں نے بھیڑ کو سمجھابجھا کر پُرسکون کیا۔ سنیچر کی صبح  پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف شکایت درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔
 پولیس کے مطابق پدما نگر میں راجندر شری گادی گزشتہ ۶؍برسوں سے پربھاکر کی خالی زمین پر  خیمہ لگا کر گنیش کی مورتیوں کی رنگائی وغیرہ کر کے گنیش اتسو کے موقع پر اسے فروخت کرنے کا کاروبار کرتے ہیں۔اس سال گنیش اتسو کے دوران مورتیوں کی فروخت کے بعد ۶۲؍ مورتیاں بچ گئی تھیں۔۶۲؍ مورتیوں اور ان کو رنگنے کے لئے استعمال ہونے والی مشینوں کو پیک کر کے ایک عارضی ترپال کے ساتھ قائم خیمے میں ڈھانپ دیا تھا۔ جمعہ کی نصف شب کے قریب کسی نامعلوم شخص نے ان مورتیوں کو توڑ دیا۔
 اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی لوگوں کی بڑی تعداد وہاں پہنچ گئی اور اس واقعہ پر ناراضگی اور غصے کا اظہار کرنا شروع کردیا  اور نعرے بازی شروع کر دی۔ اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مہیش چوگھلے ، سنتوش شیٹی، سائی ناتھ پوار کے ساتھ بھیونڈی سٹی پولیس اسٹیشن کے سینئر پولیس انسپکٹر مہادیو کمبھار، ڈپٹی کمشنر آف پولیس ڈاکٹر شری کانت پروپکاری، مقامی پولیس اور فسادات پر قابو پانے والے دستے کے ساتھ پہنچ گئے۔پولیس اور لیڈروںنے برہم ہجوم کو سمجھا کر پُرسکون کیا۔ مقامی لوگوں نے ٹوٹی ہوئی مورتیوں کو ورالا تالاب میں وسرجن کردیا جس کے بعد وہاں موجود ہجوم اپنے اپنے گھر لوٹ گیا۔
  بھیونڈی شہر پولیس نے راجندر شری گادی کی شکایت پر نامعلوم شخص کے خلاف کیس درج کیا ہے۔ ڈی سی پی شری کانت پروپکاری نے بتایا کہ مورتیوں کو نقصان پہنچانے والوں کی شناخت کیلئے مقامی پولیس کے ساتھ ساتھ ڈپٹی کمشنریٹ ایریا کے تمام خفیہ محکمہ ا ور کرائم برانچ پورے علاقے کے سی سی ٹی وی دیکھ کر تفتیش کر رہے ہیں۔ خاطیوں کو بخشا نہیں جائے گا۔ 

bhiwandi Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK