• Thu, 17 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

بھیونڈی:قتل کے شبہ پر بچی کی نعش قبر سے نکالی گئی

Updated: October 16, 2024, 11:20 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai

پڑوسن کی شکایت پر پولیس نے پوسٹ مارٹم کے بعدکچھ نمونے فورینسک جانچ کیلئے ممبئی روانہ کئے

The girl`s grave was dug. The police had exhumed the body and sent it to the hospital for post-mortem.
بچی کی کھودی گئی قبر ۔پولیس نے نعش نکاکر پوسٹ مارٹم کیلئے اسپتال بھیج دیا تھا۔

یہاںایک ۳؍سالہ  بچی کی موت کے بعد ایک پڑوسن کے ذریعہ قتل کا شبہ ظاہر کرنے پر پولیس نے بچی کی لاش کو قبر سے نکال کر پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا ہے۔اس کے ساتھ ہی نعش کے کچھ نمونے فورینسک جانچ کیلئے ممبئی بھیجے گئے ہیں۔فی الحال پولیس نے بچی کے والدین کو تحویل میں لے کر پوچھ گچھ کے بعد چھوڑدیا ہے۔ واضح رہے کہ  پولیس نے تحصیلدار امیت سانِپ سے اجازت لے کر نعش کو قبر سے نکالاتھا۔
 اطلاع کے مطابق چاوندرا کے ڈونگر پاڑہ میں  رہنے والے غلام انصاری  کے ۲؍بچے تھے ۔  شادی کے کچھ عرصے بعد ان کی بیوی کسی بات پر ناراض ہو کر میکے گھر چلی گئی جس کے بعد غلام انصاری اپنے بچوں کی دیکھ بھال خود کرتے تھے۔ ان کے پڑوسیوں نے بتایا کہ بیوی نہ ہونے کے باوجود غلام انصاری نے اپنے بچوں کی پرورش میں کسی قسم کی کوئی کوتاہی نہیں کی۔ادھر کچھ دنوں سے ان کی بیوی بھی ساتھ رہنے کیلئے آگئی تھی۔  پڑوسیوں کے مطابق غلام انصاری کی ۳؍سالہ بیٹی مرگی کے عارضے میں مبتلا تھی۔ گزشتہ تین چار دنوں سے ہر شام گرج چمک کے ساتھ بارش ہو رہی ہے۔ اس کے پڑوسیوں نے بتایا کہ پیر کی شام جب بجلی چمکنے کے ساتھ بارش شروع ہوئی تو تقریباً ۷؍ بجے اسے دورہ پڑا۔ جب تک اسے علاج کیلئے لے جایا جاتا،اس کی موت ہوگئی۔ بچی کو رات تقریباً۹؍بجے قریب کے قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ 
 بھیونڈی تعلقہ پولیس نے اس معاملے میں حادثاتی موت کاکیس درج کیا تھا۔ تاہم منگل کو ایک پڑوسن نے پولیس سے شکایت کی کہ لڑکی کی موت حادثاتی طور پر نہیں ہوئی بلکہ اسے قتل کرکے دفنا یا گیا ہے۔ اس نے بتایا کہ اس نے لڑکی کے جسم پر کہیں خون کا نشان دیکھا تھا۔ اس کی شکایت پر پولیس نے لاش کو قبرستان سے نکال کراندرا گاندھی میموریل سب ڈسٹرکٹ اسپتال میں پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔بتایا جاتا ہے کہ پوسٹ مارٹم کے بعد ڈاکٹروںنے موت کو حادثاتی قرار دیا ہے لیکن اس کا نمونہ حتمی جانچ کیلئے ممبئی کے کالینہ کی فورینسک لیباریٹری میں بھیج دیا گیا ہے۔ پولیس کو مزید کارروائی کیلئے سبھی طبی رپورٹ کا انتظار ہے۔ متوفی لڑکی کے پڑوسیوں نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہ شکایت غلط پائی جاتی ہے تو اس خاتون کے خلاف مقدمہ درج کرکے کارروائی کی جائے جس نے جھوٹی خبریں پھیلا کر علاقے کو بدنام کرنے کی کوشش کی ہے۔

bhiwandi Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK