یہاں نیٹ یو جی امتحانی مرکز کے قیام کیلئے تعلیمی، سماجی اور فلاحی تنظیموں کی جانب سے جاری تحریک زور پکڑ رہی ہے۔
EPAPER
Updated: February 22, 2025, 11:01 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari
یہاں نیٹ یو جی امتحانی مرکز کے قیام کیلئے تعلیمی، سماجی اور فلاحی تنظیموں کی جانب سے جاری تحریک زور پکڑ رہی ہے۔
یہاں نیٹ یو جی امتحانی مرکز کے قیام کیلئے تعلیمی، سماجی اور فلاحی تنظیموں کی جانب سے جاری تحریک زور پکڑ رہی ہے۔ ہر سال شہر سے تقریباً ایک ہزار سے زائد طلباء و طالبات میڈیکل میں داخلے کیلئے نیٹ امتحان میں شرکت کرتے ہیں لیکن امتحانی مرکز نہ ہونے کی وجہ سے انہیں بیرون شہر کا سفر کرنا پڑتا ہے جو ان کیلئے ذہنی، جسمانی اور مالی بوجھ کا سبب بنتا ہے۔
بھیونڈی میں میڈیکل انٹرنس امتحان کی تیاری کیلئے متعدد کوچنگ سینٹرس موجود ہیں ۔ تاہم جب امتحان دینے کی بات آتی ہے تو طلبہ کو تھانے، ممبئی، نوی ممبئی یا دیگر دور دراز شہروں کا سفر کرنا پڑتا ہے۔ اس سے نہ صرف طلبہ پر اضافی دباؤ بڑھتا ہے بلکہ کئی طلبہ کیلئے مالی مشکلات بھی پیش آتی ہیں۔ شہر کی تعلیمی اور فلاحی تنظیموں نے اس مسئلے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) کو ای میل بھیجنے کا سلسلہ شروع کیاہے جس میں نیٹ امتحانی مرکز کے قیام کی درخواست کی گئی۔ اس مہم میں نہ صرف تنظیموں بلکہ طلبہ کو بھی ترغیب دی گئی کہ وہ اپنی درخواستیں براہ راست متعلقہ اداروں کو بھیجیں تاکہ حکام اس مسئلے کی سنگینی کو محسوس کریں۔
نیٹ سینٹر کے قیام کیلئے حکومتی سطح پر بھی اقدامات کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ اس سلسلے میں شہر کے عوامی نمائندے رکن اسمبلی رئیس شیخ اور مہیش چوگھلے سے ملاقاتیں کی گئیں جنہوں نے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ جلد ہی رکن پارلیمان سریش مہاترے (بالیا ماما) سے بھی ملاقات کی جائے گی ۔
اس مہم میں آل انڈیا آئیڈیل ٹیچرس اسوسی ایشن (آئیٹا)، بزم یارانِ ادب، الانصار میڈیکل اینڈ ویلفیئر سوسائٹی، مومن ویلفیئر سوسائٹی، یونک اسپورٹس کلب، جیت ٹیوٹوریلز، جی ایس ٹی، ایس آئی او اور جی آئی او کے ذمہ داران سرگرم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان تمام تنظیموں کا ماننا ہے کہ اگر بھیونڈی میں نیٹ امتحانی مرکز قائم ہو جاتا ہے تو یہ ہزاروں طلبہ اور ان کے اہل خانہ کیلئے بڑی سہولت ہوگی۔
شہر کے تعلیمی، سماجی اور فلاحی تنظیموں نے حکومت اور نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی سے اپیل کی ہے کہ بھیونڈی جیسے تعلیمی مرکز کو اس بنیادی سہولت سے محروم نہ رکھا جائے۔ یہ امتحانی مرکز نہ صرف طلبہ کیلئے آسانی پیدا کرے گا بلکہ انہیں مزید اعتماد اور حوصلہ دے گا۔