• Tue, 07 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

بھیونڈی: شیواجی چوک پر شیواجی کا ۳۸؍سال پرانا مجسمہ خستہ حالی کا شکار

Updated: September 06, 2024, 12:00 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai

حکومت سے فنڈ ملنے کے باوجود اب تک اس کی مرمت نہیں کی گئی۔

Statue of Shivaji which has been funded for repair. Photo: Inquilab
شیواجی کا مجسمہ جس کی مرمت کیلئے فنڈ دیا جاچکا ہے۔ تصویر: انقلاب

یہاں شیواجی چوک پر نصب گھوڑے پر سوار شیواجی کا ۳۸؍ سال پرانا مجسمہ اب خستہ حال ہو گیا ہے۔ اس کی مرمت کیلئے ۲؍ برس سے قبل ۳؍ کروڑ روپے کا فنڈ فراہم کرنے کے باوجود میونسپل کارپوریشن اس معاملے میں مبینہ طور پر لاپروائی برت رہا ہے جس کی وجہ سے   مالون کے راجکوٹ قلعہ جیسےحادثہ کا اندیشہ ہے۔
کانگریس کے سینئر لیڈر ارون راؤت (سابق کارپوریٹر) نے بتایا ہے کہ ۶؍ مئی۱۹۸۶ء کو شیوسینا پرمکھ  بالاصاحب ٹھاکرے (آنجہانی) کی ایماء پرنذرانہ ٹاکیز سے متصل چوراہے پر گھوڑے پر سوار شیواجی مہاراج کا مجسمہ نصب کیا گیا تھاجس کے بعد یہ علاقہ شیواجی چوک کے طور پر مشہور ہوگیا۔یہ مجسمہ ان دنوں خستہ حالت میں ہے۔ اس کاا سٹرکچرل آڈٹ بھی ہو چکا ہے جس کے مطابق مجسمہ کی مرمت ضروری ہے۔ ۲؍سال قبل ہی اس وقت کے وزیر تعمیرات عامہ اور موجودہ وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے مجسمہ کی مرمت کیلئے ۳؍ کروڑ روپے کا فنڈمہیا کرایا  تھا، ا س کے باوجود میونسپل کارپوریشن مجسمے کی تعمیر نو سے لاتعلق اور کسی حادثے کا منتظر ہے؟ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سندھو درگ جیسا واقعہ بھیونڈی میں نہیں ہونا چاہئے۔ ارون راؤت نے میونسپل کمشنر اجے ویدیہ کو میمورنڈم دے کر کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کو روکنے کیلئے مجسمہ کی فوری مرمت یا نیا مجسمہ نصب کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
اس مجسمہ کی مرمت یا نیا مجسمہ لگانے کیلئے ۶؍جون ۲۰۲۲ء میونسپل کارپوریشن کے صدر دفتر میں اس وقت کی  میئر پرتیبھا ولاس پاٹل،  میونسپل کمشنر وجے کمار مہسال اور میونسپل افسران کی موجودگی میں میئر کے آڈیٹوریم میں ایک آل پارٹی میٹنگ کا انعقاد کیا گیاتھالیکن اس میٹنگ میں اس پر کوئی فیصلہ نہیں ہو سکاتھا کہ شیواجی مہاراج کے مجسمے کی مرمت کی جائے یاپھر نیا مجسمہ بنایا جائے۔ میٹنگ  میں کہا گیا کہ نئے مجسمے کی تعمیر اور پرانے مجسمے کی مرمت کے اخراجات کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ بھی یہ کہا گیا تھا کہ میونسپل کارپوریشن کے افسران  اور ماہرین پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی جائے۔ تاہم میٹنگ کے۲؍دن بعد ۸؍جون کو میونسپل کارپوریشن کی میعاد ختم ہوگئی جس سے سارا کام کاج انتظامیہ کے ہاتھوں میں چلاگیا۔ ۲؍برس گزرنے کے باوجود اس معاملے میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی  ہے۔ نہ تو مجسمہ کی تعمیر کیلئے کوئی کمیٹی بنی اور نہ ہی اس سلسلے میں کوئی فیصلہ کیا گیا۔  
میونسپل کمشنر اجے ویدیہ نے بتایا کہ چھترپتی شیواجی مہاراج کے مجسمہ کی تعمیر کاکام بہت جلد شروع کردیا جائے گا۔ ان کے مطابق اس کام کیلئے  پہلے بھی ۲؍مرتبہ ٹینڈر نکالا جاچکا ہےلیکن کنٹریکٹ کی شرائط،اہلیت اور تجربہ کے معیار پر پورا نہ اترنے کی وجہ سے میونسپل کارپوریشن کو دونوں مرتبہ ٹینڈر منسوخ کرنا پڑالیکن پھر تیسری مرتبہ اس کیلئے ٹینڈر طلب کیا گیا ہے۔ بہت جلد مجسمے کی تعمیر کا کام شروع ہوجائے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK