وزیر اعلیٰ نے یقین دہانی کرائی کہ ٹیکنیکل رپورٹ موصول ہوتے ہی کام میں تیزی لائی جائے گی۔
EPAPER
Updated: March 10, 2025, 10:22 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
وزیر اعلیٰ نے یقین دہانی کرائی کہ ٹیکنیکل رپورٹ موصول ہوتے ہی کام میں تیزی لائی جائے گی۔
تھانے۔ بھیونڈی۔ کلیان میٹرو منصوبے کی راہ میں حائل رکاوٹیں ختم ہونے کے قریب ہیں۔ حکومت نے بھیونڈی۔ کلیان کے درمیان ۵؍ کلومیٹر میٹرو روٹ کو زیر زمین بنانے کی منظوری دے دی ہے۔ وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے ایوانِ اسمبلی میں اس بات کا یقین دلایا کہ جیسے ہی اس منصوبے کی ٹیکنیکل رپورٹ موصول ہوگی، کام کی رفتار تیز کر دی جائے گی۔
چار سال کی تاخیر کے بعد بڑی پیش رفت
یہ میٹرو منصوبہ۲۱۔ ۲۰۲۰ءمیں مالی مشکلات کی وجہ سے تعطل کا شکار ہو گیا تھاجس سے شہریوں میں مایوسی بڑھ رہی تھی۔ بھیونڈی جیسے صنعتی اور لاجسٹکس حب کیلئے جدید سفری سہولیات کی اشد ضرورت ہے، جہاں لاکھوں مزدور اور تاجر روزانہ سفر کرتے ہیں۔ تاہم ناکافی ٹرانسپورٹ سہولیات کے باعث مقامی افراد کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔ اس مسئلے کو سماج وادی پارٹی کے رکن اسمبلی رئیس شیخ نے ایوانِ اسمبلی سمیت مختلف پلیٹ فارم پر بارہا اٹھایا۔ حالیہ اجلاس میں گورنر کے خطاب پر شکریہ کی تحریک کے دوران بھی انہوں نے بھیونڈی میٹرو کے تعطل پر حکومت سے وضاحت طلب کی اور سوال اٹھایا کہ آخر بھیونڈی جیسے بڑے صنعتی شہر کو جدید سفری سہولیات سے محروم کیوں رکھا جا رہا ہے؟
زیر زمین میٹرو سے ترقی کی رفتار تیز ہوگی
حکومت کے اس فیصلے سے متاثرہ افراد کی باز آباد کاری میں حائل رکاوٹیں کم ہوں گی اور منصوبے کو مزید تاخیر سے بچایا جا سکے گا۔ حکومت نے اس مسئلے پر سنجیدہ توجہ دی اور وزیر اعلیٰ نے یقین دہانی کرائی کہ ٹیکنیکل رپورٹ موصول ہوتے ہی اس منصوبے پر تیزی سے عمل درآمد کیا جائے گا۔ ماہرین کے مطابق میٹرو منصوبے کے مکمل ہونے سے نہ صرف بھیونڈی کے شہریوں کو بہتر سفری سہولت میسر آئے گی بلکہ شہر کی معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ کاروباری افراد، ملازمین اور مزدور طبقہ ممبئی، تھانے اور کلیان کیلئے آسانی سے سفر کر سکیں گے، جس سے کاروبار کو فروغ ملے گا۔