• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

بھیونڈی: گاڑیاں دھونے والے سروس سینٹروں اورپلمبروں کیخلاف محکمہ آب رسانی کی کارروائی

Updated: July 18, 2024, 10:52 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai

پانی کا غلط استعمال کرنے والوں پر کارروائی کیلئے میونسپل محکمے نے خصوصی عملہ تیار کیا۔ ایک پلمبر اور ۳؍سروس سینٹروں کے خلاف کیس درج

The goods are being impounded while processing a service center.
ایک سروس سینٹر پرکارروائی کرتے ہوئے سامان ضبط کیا جارہا ہے۔ (تصویر:انقلاب)

پانی کی قلت اور کم پریشر کے ساتھ پانی سپلائی کی مسلسل شکایت کے بعد محکمہ آب رسانی نے اب پانی کا غیرقانونی کنکشن کرنے والے پلمبروں اور گاڑیاں دھونے کےسروس سینٹروں کے خلاف کارروائی شروع کردی ہے۔شہری انتظامیہ نے اس کارروائی کو بڑے پیمانے  پر انجام دینے کیلئے اپنے افسران پر مشتمل عملہ تیار کیا ہے۔تاہم شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کر پلمبروں اور سروس سینٹروں کے بجائے ڈائنگ سائزنگ جیسے بڑے بڑے پانی چوروں کے خلاف خلاف کارروائی کرنی چاہئے۔
 میونسپل کارپوریشن کے مطابق  غیرقانونی نل کنکشن کی تعداد میں اضافے کی وجہ سے پانی سپلائی اور تقسیم کا عمل متاثر ہو رہا ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو کم پریشر اور کم مقدار میں پانی کی فراہمی کی شکایات بڑھ رہی تھیںجسے سنجیدگی سے لیتے ہوئے میونسپل کمشنر اجے ویدیہ نے محکمہ آب رسانی کے ایگزیکٹیو انجینئر سندیپ پٹناور کی رہنمائی میں جونیئر انجینئر سرفراز انصاری کی قیادت میں ۷؍رکنی عملہ تشکیل دیاہے۔   اس عملے کو یہ ذمہ داری دی گئی کہ میونسپل کارپوریشن کی مین سپلائی لائن کا معائنہ کرنے کے بعد غیر قانونی نل کنکشن رکھنے والوں اور ان کو جوڑنے والے پلمبروں اور گاڑی دھونےکےسروس سینٹروں کے خلاف فوجداری مقدمہ درج کروائے۔
 میونسپل کارپوریشن کے عوامی رابطہ افسر ملند پالسولے نے بتایا کہ  پینے کے پانی کی قلت کے پیش نظر میونسپل کارپوریشن  نے شہریوں سے کفایت کے ساتھ پانی استعمال کرنے کی اپیل کی تھی۔اس کے ساتھ ہی سوسائٹیوں وغیرہ میں گاڑیاں دھونے کیلئے پینے کااستعمال نہ کرنے کی ہدایت دی تھی، اس کے باوجود شہر کے سروس سینٹر گاڑیاں دھونے کیلئے پانی چوری کر رہے تھے جس کی اطلاع ملنے پرمحکمہ آب رسانی کی ٹیم نے نائیگاؤں میں گائتری نگر علاقے میں چھاپہ  ماراجہاںمنڈو فاروق نے میونسپل کارپوریشن سے اجازت لئے بغیر مین پائپ لائن میں سوراخ کر کے غیرقانونی طور پرآدھا انچ   کے دو نل جوڑلئے تھے۔ پانی سپلائی کے محکمے کی خصوصی ٹیم کے ذریعہ مذکورہ پلمبر کے خلاف پرشانتی نگر پولیس اسٹیشن میںتعزیرات ہند کے مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کروایا گیاہے۔ 
 اسی طرح ناسک روڈ پر ممتا اسپتال کے سامنے عبدالحفیظ نامی شخص ،اوچت پاڑہ میں میونسپل کارپوریشن کے پبلک ٹوائلٹ کے قریب منصور انصاری،کھنڈو پاڑہ میں نالے کے قریب کفیل ادریس نامی شخص میونسپل کارپوریشن کی پائپ لائن میں غیرقانونی طور پر نل جوڑ کر اپنے سروس سینٹر میں گاڑیاں دھونے کا کام کررہے تھے ۔محکمہ آب رسانی کی ٹیم نے تینوں سروس سینٹروں سے پریشر پمپ اور پائپ وغیرہ ضبط کرکے ان کے خلاف شانتی نگر پولیس اسٹیشن میں فوجداری مقدمہ درج کروایاہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK