خواتین کے وفد کو شہری انتظامیہ نے مسئلہ حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
EPAPER
Updated: March 07, 2025, 10:21 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
خواتین کے وفد کو شہری انتظامیہ نے مسئلہ حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
گرمی کے آغاز کے ساتھ ہی بھیونڈی میں پانی کی قلت شدت اختیار کر گئی ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں گزشتہ کئی دنوں سے کم مقدار میں پانی سپلائی ہو رہا ہے جس کی وجہ سے مکینوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ کلیان روڈ، اشوک نگر اور دیگر علاقوں میں رہنے والے شہریوں کو گزشتہ تین سے چار دنوں سے پانی کی قلت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
اشوک نگر کے لوگوں نے بتایا کہ محکمہ آب رسانی کی جانب سے ٹینکر بھی فراہم نہیں کیا جارہا ہے۔ شہر کے مسلم اکثریتی علاقوں میں رمضان کے موقع پر بھی پانی کی قلت برقرار ہے جس پر عوام میں سخت ناراضگی پائی جا رہی ہے۔ شانتی نگر کی نیو آزاد نگر جھوپڑ پٹی کی خواتین نے جمعرات کی صبح میونسپل کارپوریشن کے باہر احتجاج کیا۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ چار دن میں ایک بار بھی پینے کا پانی فراہم نہیں کیا گیا جبکہ پانی چھوڑنے کے وقت بھی پریشر انتہائی کم ہوتا ہے۔
شہری انتظامیہ نے خواتین کے ایک وفد سے ملاقات کر کے جلد مسئلہ حل کرنے کی یقین دہانی کرائی جس پر احتجاج ختم کر دیا گیا۔اس ضمن میں محکمہ آب رسانی کے ایگزیکٹیو انجینئر سندیپ پٹناور نے بتایا کہ اسٹیم کے ذریعہ پائپ لائن کی مرمت اور دوسرے ضروری تکنیکی کام جاری ہیں۔ پائپ لائن کی مرمت جمعرات تک مکمل ہو جانے کی توقع ہے۔ مرمت کا کام مکمل ہونے کے بعد پانی کی سپلائی معمول پر آ جائے گی۔