این سی پی کے سینئر لیڈر نے کہا’’ مجھے ہدایت دی گئی تھی اس لئے میں نے الیکشن کی تیاری کی لیکن اب تک کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا جبکہ مخالف امیدوار نے تشہیر بھی شروع کر دی ‘‘
EPAPER
Updated: April 20, 2024, 8:55 AM IST | Agency | Nashik
این سی پی کے سینئر لیڈر نے کہا’’ مجھے ہدایت دی گئی تھی اس لئے میں نے الیکشن کی تیاری کی لیکن اب تک کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا جبکہ مخالف امیدوار نے تشہیر بھی شروع کر دی ‘‘
ریاستی وزیر اور این سی پی کے سینئر لیڈر چھگن بھجبل نے آج اچانک پریس کانفرنس منعقد کرکے اعلان کیا ہے کہ وہ ناسک لوک سبھا حلقے سے اپنی امیدواری کا دعویٰ واپس لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن قریب آچکے ہیں لیکن اب تک یہ مسئلہ حل نہیں ہوا ہے الہٰذا میں اپنا دعویٰ واپس لیتا ہوں۔ یاد رہے کہ کچھ دنوں پہلے چھگن بھجبل نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کی امیدواری کا فیصلہ دہلی سے ہوا ہے۔ اس لئے وہی ناسک سے الیکشن لڑیں گے۔
ناسک سیٹ سے شیوسینا( شندے) کے ہیمنت گوڈسے رکن پارلیمان ہیں۔ ایکناتھ شندے کے بیٹے شری کانت شندے نے ہیمنت گوڈسے کی امیدواری کا اعلان بھی کر دیا تھا اور گوڈسے نےا پنی انتخابی مہم شروع بھی کر دی تھی لیکن چھگن بھجبل نے ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ دیویندر فرنویس نے خود بلاکر کہا تھا کہ دہلی سے ہدایت ملی ہے کہ آپ ناسک سے الیکشن لڑیں اس لئے میں الیکشن لڑوں گا۔ لیکن جمعہ کو ممبئی میں منعقدہ پریس کانفرنس میں بھجبل نے کہا ’’ پارٹی قیادت کی جانب سے مجھے ناسک حلقے سے الیکشن لڑنے کی ہدایت دیئے ہوئے ۳؍ ہفتے گزر گئے لیکن اب تک اس سیٹ کا مسئلہ حل نہیں ہوا ہے۔ دوسری جانب مخالف پارٹی نے اپنا امیدوار میدان میں اتار دیا ہے اور اس نے انتخابی مہم بھی شروع کر دی ہے۔ ‘‘ بھجبل نے کہا ’’اس صورتحال میں مہا یوتی امیدوار کو الیکشن میں دقتوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اس تعطل کو توڑنے کیلئے میں نے فیصلہ کیا ہے کہ میں ناسک لوک سبھا حلقے سے اپنا نام واپس لے لوں۔‘‘
اعلیٰ قیادت کی جانب سے ہدایت کے باوجود الیکشن نہ لڑنے کے سوال پر انہوں نے کہا ’’ ہولی کے آس پاس اجیت پوار نے مجھے اپنی رہائش گاہ دیو گیری پر بلایا تھا۔ انہوں نے مجھ سے کہا کہ میں، سنیل تٹکرے اور پرفل پٹیل سیٹوں کی تقسیم کے تعلق سے گفتگو کیلئے دہلی گئے تھے جہاں ہماری ملاقات امیت شاہ سے ہوئی ۔ چونکہ ناسک میں ہمارے اراکین اسمبلی زیادہ ہیں اسلئے ہم نے وہ سیٹ مانگی ۔ امیت شاہ نے اس پر ہامی بھری۔ ہم نے ان سے کہا کہ اس سیٹ کیلئے سمیر بھجبل مناسب امیدوار رہیں گے لیکن انہوں نے کہا کہ نہیں وہاں سے چھگن بھجبل کو ٹکٹ دیا جائے۔ ‘‘ چھگن بھجبل کے مطابق ’’ اجیت پوار نے مجھ سے کہا تھا کہ آپ کو الیکشن لڑنا ہے آپ تیاری کیجئے۔ اسی بنا پر میں نے الیکشن کی تیاری شروع کی تھی لیکن اس دوران شیوسینا (شندے) نے بھی اس سیٹ پر دعویٰ کر دیا اسلئے یہ معاملہ تعطل کا شکار ہو گیا۔ مخالف پارٹی نے اپنے امیدوار کے نام کا اعلان بھی کر دیا اور اس نے انتخابی مہم شروع بھی کر دی ۔ اب مہایوتی کو نقصان بھی ہو سکتا ہے اسلئے میں اپنا نام واپس لیتا ہوں۔‘‘ دیکھنا یہ ہے کہ اب مہایوتی میں یہ سیٹ کس کے حصے میں آتی ہے۔