• Wed, 20 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

’’بدھوڑی نے دانش علی کو نہیں، پوری مسلم قوم کو گالی دی ہے اور پارلیمنٹ کی بھی توہین کی ہے‘‘

Updated: September 24, 2023, 10:14 AM IST | Agency | New Delhi

رکن پارلیمنٹ مولانا بدرالدین اجمل کا گالی باز ایم پی بدھوڑی کوفوراً برخاست کرنے کا مطالبہ ،ایوان میں دانش علی کی بے عزتی کو ناقابل معافی قراردیا ،اسپیکر کو خط لکھیں گے۔

Member of Parliament Maulana Badruddin Ajmal. Photo. INN
رکن پارلیمنٹ مولانا بدرالدین اجمل۔ تصویر:آئی این این

آل انڈیا یونائیٹڈ ڈیمو کریٹک فرنٹ (اے آئی یو ڈی ایف) کے قومی صدر و رکن پارلیمنٹ مولانا بدر الدین اجمل نے بی ایس پی رکن پارلیمنٹ دانش علی  کے بارے میں لوک سبھا میں مغلظات بکنے والے بی جے پی کے ایم پی کو لوک سبھا سے برخاست کرنے کی مانگ کی ہے۔ انہوں نے آج یہاں جاری ایک ریلیز میں کہا کہ یہ صرف دانش علی کی بے عزتی نہیں ہے بلکہ بی جے پی کہ ایم پی نے پوری مسلم قوم کو گالی دی ہے اور دہشت گرد کہا ہے اور چونکہ یہ لوک سبھا میں بحث کے درمیان ہوا ہے اس لئے یہ پارلیمنٹ کی بھی توہین ہے، اسلئے اس ایم پی کو فورا برخاست کیا جانا چاہئے تاکہ یہ دوسروں کے لئے سبق بنے اور آئندہ کوئی اس طرح کی حرکت نہ کرے۔
لوک سبھا کے اسپیکر کو اس نفرت سے بھرے ایم پی پر کارروائی کرنے میں ذرا بھی تاخیر نہیں کرنی چاہئے کیونکہ اُس نے پارلیمنٹ جیسی جگہ پر جہاں قانون سازی ہوتی ہے، قانون اور ملک کے آئین کی دھجیاں اڑائی ہے جو انتہائی شرمناک ہے، اسلئے پارلیمنٹ کے احترام اور اس  کے وقار کو باقی رکھنے کے لئے اس گالی باز ایم پی کے خلاف سخت کاروائی ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس شرمناک واقعہ پر جس نے دنیا بھر میں پارلیمنٹ کی مٹی پلید کردی،وزیر اعظم خاموش ہیں اور بی جے پی دباؤ میں آنے کے بعد صرف وجہ بتاؤ  نوٹس جاری کرر ہی ہے۔ مولانا نے کہا کہ  یوں تو بی جے پی کے لوگ مسلمانوں کو رات دن گالیاں، اور ان کو دھمکیا ںدیتے ہی رہتے ہیں مگر پارلیمنٹ کے اندر جب کاروائی چل رہی تھی اُس وقت کسی رکن پارلیمنٹ کو اس طرح کی گالی دینا اور اس کی پوری قوم کو گالی دینا یہ پارلیمنٹ کی تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ایسے تو بی جے پی کے اس ایم پی کی تاریخ ہی گالی گلوج والی رہی ہے مگر اس واقعہ کا شرمناک پہلو یہ تھا کہ جب  وہ گالی بک رہا تھا، مسلمانوں کی توہین کر رہا تھا اور پارلیمنٹ کے وقار کو اپنے پاؤں تلے روند رہا تھا، اُس وقت ٹھیک اس کے ساتھ بیٹھے بی جے پی کے دو سینئر  لیڈر اور سابق مرکزی وزراء  روی شنکر پرساد  اور  ڈاکٹر ہرش وردھن  ہنس رہے تھے۔مولانا نے کہا کہ دانش علی ایک سینئر اور باعزت لیڈر ہیں اُن کی یہ بے عزتی ناقابل معافی ہے۔انہوں نے کہا کہ د انش بھائی کی اس لڑائی میں ہم سب ان کے ساتھ ہیں کیونکہ یہ صرف ان کی نہیں بلکہ ہندوستان کے آئین کو بچانے کی لڑائی ہے۔میں اس سلسلہ میں اسپیکر کو بھی خط لکھ رہا ہوں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK